تانڈور سے لاپتہ خاتون کا شوہر اور دونوں بیٹیاں حیدرآباد ایرپورٹ سے ممبئی روانہ
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹوز جاری کیے،مختلف مقامات کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا مشاہدہ
ڈی ایس پی شیکھر گوڑ نے زیرگشت مختلف افواہوں کو مسترد کردیا
وقارآباد/تانڈور: 26۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاؤن کے شیواجی چوک علاقہ سے 6 مارچ کو اچانک لاپتہ ہونے والی ایک خانہ دار خاتون اناپورنا(36 سالہ) کے شوہر ستیہ مورتی جو کہ بہوجن سماج پارٹی وقارآبادضلع کے صدر ہیں اور ان کی دو دختران پراہرشا(17سالہ) اور اکشرا(13سالہ) کا ایک سیلفی ویڈیو 24 جون کی رات سوشل میڈیا پر وائرل ہواتھا جس نے محکمہ پولیس اور عوام میں ہلچل مچادی ہے۔شوہرستیہ مورتی نے اس ویڈیو میں الزام عائد کیا کہ ان کی بیوی اناپورنا کے لاپتہ ہونے میں چند بڑے لوگوں کا ہاتھ ہے!

اس ویڈیو میں تانڈور پولیس کو 48 گھنٹوں کی مہلت دیتے ہوئے انتباہ دیا گیا کہ اگر پولیس لاپتہ خاتون کوتلاش کرنے میں ناکام ہوجاتی ہے توپھر انہیں 48 گھنٹوں بعد ان کی اجتماعی خودکشی اور ان کی نعشوں کا لوکیشن پولیس کو بھیجا جائے گا۔
ستیہ مورتی نے اس ویڈیو میں کہا کہ ان کے پاس تمام سیل فون،اس کا پورا ریکارڈ، پین ڈرائیو اورسی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج موجود ہیں اور وہ پولیس کے حوالے کریں گے۔اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد محکمہ پولیس چوکس ہوگیا۔لیکن ستیہ مورتی اور ان کی دونوں بیٹیاں بھی لاپتہ ہوگئی ہیں ان کا مکان مقفل ہے۔ستیہ مورتی کے ایک رشتہ دار نے پولیس سے شکایت کی ہے کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے ستیہ مورتی اور ان کو دونوں بیٹیاں پراہرشا اور اکشرا تینوں کا کوئی سراغ نہیں مل رہا ہے۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے فوری بعد ڈی ایس پی تانڈور مسٹر جی۔شیکھرگوڑ نے کل ہی ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ستیہ مورتی کی بیوی گوری شیٹی اناپورنا(36سالہ) 6 مارچ کو درد شکم اور دیگر امراض سے پریشان ہوکر اپنی زندگی سے مایوس ہونےوالی باتیں کاغذ پرلکھتے ہوئے اپنے مکان میں رکھ کرچلی گئی تھیں۔شوہر کی شکایت کے بعد تانڈور پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرتےہوئے فوری تحقیقات کا آغاز کردیا۔اور لاپتہ اناپورنا کاسراغ لگانےکے لیے تانڈور پولیس نے تلنگانہ،آندھراپردیش،مہاراشٹرا اور کرناٹک کے مقامات تک اطلاع پہنچاکرتلاش کرنے کی کوشش کی تاہم کوئی بھی سراغ دستیاب نہیں ہوپایا۔تاہم تحقیقات ہنوز جاری ہیں۔
اسی دؤران 24 جون کی نصف شب کے بعد سے لاپتہ خاتون کے شوہر اور ان کی دونوں بیٹیاں لاپتہ ہیں۔جس کے باعث پولیس کی تحقیقات پر اثر پڑا ہے۔جبکہ شوہر ستیہ مورتی نے خود اپنے ویڈیو میں کہاتھا کہ ان کے پاس لاپتہ بیوی کا موبائل فون،کال ریکارڈ اور پین ڈرائیو موجود ہے اور وہ پولیس کے حوالے کریں گے۔

دوسری جانب تانڈور میں ایسی اطلاعات زیرگشت ہیں کہ لاپتہ اناپورنا دُبئی روانہ ہوگئی ہیں؟ساتھ ہی یہ اطلاعات بھی زیرگشت ہیں کہ لاپتہ خاتون اناپورنا کے دو رشتہ داروں کا کال ریکارڈ بھی چند افراد کے پاس موجود ہے جس میں انیل اور ملو نامی دو افراد آپس میں کہہ رہے ہیں کہ اناپورنا جعلی پاسپورٹ کے ذریعہ دُبئی فرار ہوئی ہیں؟وہیں ملو نامی شخص اور لاپتہ خاتون کے شوہر ستیہ مورتی کے درمیان ہونے والی بات چیت کے متلق بھی ایسی اطلاعات زیرگشت ہیں کہ ملو نے ستیہ مورتی سے ان کی بیوی کا سراغ بتانے کے لیے دو کروڑ روپیوں کا مطالبہ کیا تو ستیہ مورتی نے دیڑھ کروڑ دینے کے لیے تیار ہوگئے؟ میڈیا کے ایک گوشہ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملو اور انیل نامی دونوں افراد کو تانڈور پولیس اپنی تحویل میں لے کر تفتیش میں مصروف ہے!!
آج دوپہر”سحر نیوز ڈاٹ کام"کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے ڈی ایس پی تانڈورمسٹر جی۔شیکھر گوڑ نے ان تمام زیرگشت اطلاعات کو افواہ اور قیاس آرائیاں قرار دیتے مسترد کردیاہے۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ اناپورنا کے دُبئی جانے کی اطلاع بھی غلط ہے۔پولیس کو ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ڈی ایس پی تانڈورمسٹر جی۔شیکھرگوڑنے بتایاکہ لاپتہ خاتون کے شوہر اور ان کی دونوں بیٹیاں بھی لاپتہ ہیں۔اور پولیس کو دستیاب اطلاع کے متعلق یہ لوگ ممبئی میں موجود ہیں۔
ڈی ایس پی تانڈورمسٹر جی۔شیکھر گوڑ نے اس تعلق سے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے مختلف مقامات کے سی سی ٹی وی کیمروں کےفوٹیج کامشاہدہ کیا تو تصدیق ہوئی کہ لاپتہ خاتون کے شوہر ستیہ مورتی کی کار تانڈور سے براہ پرگی اور شادنگر حیدرآباد کے ایرپورٹ کی جانب گئی ہے۔اس تعلق سے تانڈور پولیس سی سی ٹی وی کیمرہ کا ویڈیو بھی جاری کیا ہے۔
وہیں تانڈورپولیس نے آج شام حیدرآباد ایرپورٹ کے اندرونی حصہ کے فوٹوز جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہےکہ ستیہ مورتی اور ان کی دونوں دختران اپنی کار ایرپورٹ کی پارکنگ میں پارک کرنے کے بعد حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ سے ممبئی کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
اس خاتون کی پرسرار گمشدگی،شوہر اور دونوں بیٹیوں کی جانب سے اجتماعی خودکشی کی دھمکی اور ان کے اچانک ممبئی چلے جانے سے یہ معاملہ الجھتا ہی جارہا ہے وہیں پولیس کے لیے مختلف مسائل پیدا ہورہے ہیں۔اور عوام میں بھی تجسس پیدا ہوگیا ہے۔
"اس واقعہ سے متعلق دوتفصیلی خبریں سحرنیوزڈاٹ کام کی ان لنکس کو کلک کرکے پڑھی جاسکتی ہیں”

