تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ سال اول اور دوم کے نتائج 28 جون کو جاری کیے جائیں گے،سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کا پریس ریلیز جاری

تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ سال اول اور دوم کے نتائج 28 جون کو جاری کیے جائیں گے
سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سیدعمرجلیل آئی اے ایس کا پریس ریلیز جاری

حیدرآباد: 26۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ سال اور سال دوم کے امتحانی نتائج کو لے کرگزشتہ ایک ہفتہ سےمختلف پیش قیاسیوں کے دؤران طلبہ اور ان کے سرپرست شدید انتظارکررہے تھے۔ان کےانتظار کی گھڑیاں آج اس وقت ختم ہوئیں جب سیکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ بورڈآف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس کی جانب سے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ سال اول و سال دوم 2022ءکے نتائج 28 جون،بروز منگل 11 بجے دن سرکاری ویب سائٹس پر جاری کیے جائیں گے۔

اورانٹرمیڈیٹ سال اول اور سال دوم کے نتائج ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی جاری کریں گی۔

انٹرمیڈیٹ سال اور سال دوم کے نتائج کے اعلان کے بعد امتحانات میں شریک طلبہ ” ان ویب سائٹس پر نتائج دیکھ سکتے ہیں”۔

https://tsbie.cgg.gov.in/

دوسری جانب 6 مئی سے 18 مئی تک سال اول کےاور 7 مئی سے 19 مئی تک منعقدہ ان امتحانات میں ریاست تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ سال اول،سال دوم (جنرل و ووکیشنل) کے جملہ 9 لاکھ،7 ہزار،393 طلبہ اور طالبات نے شرکت کی تھی۔

یاد رہےکہ نتائج کی تواریخ کےاعلان میں تبدیلی،تاخیر اور نتائج جاری کیے جانے کے لیے سرکاری طور پر کوئی اعلان نہ کیے جانے پر طلبہ پریشان تھے۔اب سرکاری طور پر نتائج کی تاریخ کے اعلان کے بعد طلبہ نے اطمینان کی سانس لی ہے اور اب بے چینی کے ساتھ 28 جون کا انتظار کررہے ہیں۔ساتھ ہی پاس اور فیل کا خوف بھی انہیں ستارہا ہے۔

طلبہ ہمیشہ یاد رکھیں کہ کامیابی اور ناکامی زندگی کا ایک حصہ ہوتا ہے۔اور ناکام ہونے پر کئی مواقع دوبارہ کامیاب ہونے کے موجود ہوتے ہیں۔ناکامی سے ہرگز دلبرداشتہ نہیں ہوا جاتا اس لیے ناکامی کا خوف اپنے دلوں سے نکال دیں۔جن طلبہ کے نتائج 28 جون کو جاری کیے جارہے ہیں ان کی کامیابی کے لیے ہماری نیک خواہشات پیش ہیں۔