ٹرین کے آنے سے ایک سیکنڈ قبل ریلوے ملازم نے پلیٹ فارم سے
پٹریوں پر پڑے شخص کی جان بچانے چھلانگ لگائی،ویڈیو وائرل
حیدرآباد:25۔جون
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)
مہاراشٹرا میں سیاسی اٹھا پٹک،سیاسی وفاداریوں کی تبدیلی کی اکتا دینے والی خبروں کے دؤران سوشل میڈیا پرچندایسے ویڈیوز بھی وائرل ہورہے ہیں جس سے یہ اطمینان ہوجاتا ہے کہ اس دنیا میں انسانیت کا درد رکھنے والے اب بھی باقی ہیں۔عام انسان بناء اس بات کو سوچے کہ جو شخص موت کے منہ میں جانے والا ہے وہ کس مذہب کا ہے؟ کونسی ذات کا ہے؟اس کی سیاسی ہمدردی کونسی جماعت کے ساتھ ہے؟ان انسانی جانوں کو اپنی جانیں خطرہ میں داخل ڈال کر بچانے میں مصروف ہیں۔
گزشتہ دنوں اترپردیش کے جھانسی ڈیویثرن کے للت پور ریلوے اسٹیشن کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں دیکھا گیا تھا کہ کس طرح ریلوے پولیس جوان کملیش کمار دوبے نے ایک بزرگ خاتون کو تیز رفتار ٹرین کی زد میں آنے سے اس آخری لمحہ میں بچالیا تھا جب وہ ریلوے پلیٹ پر چڑھنے کے کوشش کر رہی تھیں اور ایک سوپر فاسٹ ٹرین آگئی۔
اس واقعہ کی تفصیلات اور ویڈیو اس لنک پر:-
اب ایک ایسا ہی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔اس ویڈیو کوٹوئٹر پر”منسٹر ی آف ریلوے”کے آفیشل ہینڈل سےٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”خدمت،حفاظت اور تعاون،ڈیوٹی پر موجود عملہ کی جرأت مندانہ مدد سے ایک قیمتی جان بچ گئی۔جس نے خود ٹریک پر چھلانگ لگاکر ایک شخص کو ٹرین کی زد میں آنے سے بچالیا۔ہندوستانی ریلویز کو ایچ۔ستیش کمار جیسے ہمت اور محنتی عملہ پرفخرہے اوروہ ان کی بہادری کو سراہتا ہے” ۔اس ویڈیو کے ساتھ یہ نہیں لکھا گیا ہے کہ یہ ویڈیو کہاں کا ہے؟
اس 24 سیکنڈ کے سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ریلوے ملازم اپنی خدمات کے دؤران اپنے ہاتھوں میں سرخ اور ہرے رنگ کی دو جھنڈیاں لے کر پلیٹ فارم پر موجود ہے۔اور اسی ٹریک پر آنے والی ایک مال گاڑی کوگزرنےکے لیے ہری جھنڈی دکھانے کی تیاری کررہا ہے کہ اسی دؤران اس ریلوے ملازم جن کی شناخت ایچ۔ستیش کمار کی حیثیت سےکی گئی ہے کی نظر مال گاڑی کے قریب آنے سے قبل اسی ٹریک پر پڑتی ہے جس پر ایک شخص گرا ہوا ہے۔
آناً فاناً ریلوے ملازم ستیش کمار اپنے ہاتھوں میں موجود دونوں جھنڈیوں کو پلیٹ فارم پر پھینک کر بھاگتے ہوئے ریلوے ٹریک پر کود جاتے ہیں اور اس شخص کو اٹھاکر ٹریک کی دوسری جانب لے جاتے ہیں کہ ایک سیکنڈ کے لمحہ میں دندناتی ہوئی مال گاڑی گزر جاتی ہے۔منسٹری آف ریلویز کی جانب سے ٹوئٹ کیے گئے اس ویڈیو کو 3,92,400 ٹوئٹر صارفین نے دیکھا ہے۔
جبکہ اسی ویڈیو کو Dr.Pallavi Patel@ نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”محکمہ ریلوے کے اس ملازم کو اعزاز دیا جانا چاہئے،سلام ہے آپ کو آپ نے کسی کی جان بچائی”ساتھ ہی ڈاکٹر پلوی پٹیل نے پوچھا ہے کہ”یہ کس اسٹیشن کا ویڈیو ہے؟ "۔
جس پر کمنٹ کرتے ہوئے Sanjiv Yaduvanshi@نے انکشاف کیاہےکہ یہ ویڈیو”بال چک ریلوے اسٹیشن،کھڑگ پور۔ہوڑہ لین،مغربی بنگال کا ہے۔”
ریلوے ملازم ستیش کمار کی اس بہادری کی سوشل میڈیا پر جم کر ستائش کی جارہی ہےکہ انہوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرین کی پٹریوں پر پڑے ہوئے شخص کوپلیٹ فارم کی دوسری جانب کھلے مقام پر لے جاکر اپنی اور خود کی زندگی بچائی۔اگر وہ پلیٹ فارم واپس چڑھنے کی کوشش کرتے تو حادثہ یقینی تھا۔

یہ واضح نہیں ہوپایا ہے کہ ریل کی پٹریوں پر وہ شخص اچانک گرگیا تھایاخودکشی کی غرض خود ہی لیٹ گیا تھا؟ وہیں ریلوے منسٹری کے اس ویڈیو والے ٹوئٹ پر ٹوئٹر استعمال کنندہ سوال اٹھارہے ہیں اس ویڈیو میں ٹریک پر گرے ہوئے شخص کے قریب سے گزرنے والی اور ستیش کمار کے اس اقدام کے دؤران فرار ہونے والی خاتون کا اس میں کیا رول ہے؟چند کمنٹس ایسے ہیں کہ وہ خاتون خوفزدہ ہوکربھاگ رہی ہے!

