حیدرآباد ایرپورٹ پر دبئی سے آنے والے چار مسافرین بشمول دو خواتین کے قبضہ سے ساڑھے تین کروڑ روپئے مالیتی سات کلو سونا ضبط

حیدرآباد ایرپورٹ پر دبئی سے آنے والے چار مسافرین بشمول دو خواتین کے قبضہ سے
ساڑھے تین کروڑ روپئے مالیتی سات کلو سونا ضبط،کیس درج

حیدرآباد : 11۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آبادایرپورٹ) پرکسٹم عہدیداروں کی چوکسی کے باعث غیرممالک سے آنے والے مسافرین کے قبضہ سے بڑی مقدار میں اسمگل کیا جانے والا سونا اور دیگر ممنوعہ اشیا کی ضبطی کی اطلاعات اب عام ہوکر رہ گئی ہیں۔

اس کی اطلاعات میڈیا اور سوشل میڈیا پر عام ہونے کے باؤجود بھی مسافرین کی جانب سے اپنے ساتھ بڑی مقدار میں سونا لانا اور کسٹم عہدیداروں کی جانب سے اس کو ضبط کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے!

کل 10 ڈسمبر کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آبادایرپورٹ) پر کسٹم عہدیداروں کی جانب سے چار سوڈانی مسافرین بشمول دو خواتین کے قبضہ سے بڑی مقدار میں سونا ضبط کیا گیا ہے ۔

کسٹم عہدیداروں کی اطلاع کے مطابق نے فلائٹ نمبر AI 952 کے ذریعہ دبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے چار مسافرین جن کا سوڈان سے تعلق ہے اور جن میں دو خاتون مسافر بھی شامل ہیں کے قبضہ سے اسمگل کیا جانے والا 7.3 کلوگرام سونا ضبط کیا گیا ہے۔جس کی مالیت تین کروڑ 60 لاکھ  روپئے بتائی گئی ہے۔اس سلسلہ میں کیس درج کرکے تحقیقات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ  22 نومبر کو کسٹم عہدیداروں حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ نے شارجہ سے ایر عربیہ کی فلائٹ نمبرG9459 کے ذریعہ حیدرآباد پہنچیں دو خاتون مسافرین کے قبضہ سے 55.000 متحدہ عرب اماارت کے درہم اور 970 امریکی ڈالرس ضبط کیے تھے جن کی مالیت 11 لاکھ 49 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔

جبکہ اسی دن حیدرآباد کے اسی ایرپورٹ پرکسٹم عہدیداروں نے ایک خاتون مسافر کے قبضہ سے 350 گرام سونا ضبط کرلیا یہ خاتون دوبئی سے انڈیگو کی فلائٹ نمبر 6EO25 کے ذریعہ حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پہنچی تھیں۔اس خاتون کے قبضہ سے ضبط کیے گئے سونا کی قیمت 17 لاکھ 69 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔

شمس آباد ایرپورٹ اسی دن کی گئی کارروائی میں کسٹم کے عہدیداروں نے آئی فونس کی اسمگلنگ میں مصروف ایک شخص کے قبضہ سے 9 آئی فون 13Pro ضبط کرلیے تھے جن کی مالیت 8 لاکھ 37 ہزار روپئے بتائی گئی۔

یہ مسافر G9 458 نمبر کی فلائٹ سے شارجہ سے حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پہنچاتھا۔اس طرح اس ایک دن میں قبضہ سے جملہ 37 لاکھ 50 ہزار روپئے مالیتی  غیرملکی کرنسی،سونا اور آئی فونس ضبط کرتے ہوئے اپنی تحویل میں لیا تھا۔

وہیں 25 نومبر کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آبادایرپورٹ) پر کسٹم عہدیداروں نے فلائٹ نمبرAI 952کے ذریعہ دبئی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے 320 گرام سونا ضبط کیا تھا۔جس کی مالیت 15 لاکھ 75 ہزار روپئے بتائی گئی تھی۔اس سونا کو ڈیوڈرنٹ Deodrant کی سلور بوتلوں اورکھلونا کاروں میں چھپاکر لایا گیا تھا۔

جبکہ حیدرآباد ایرپورٹ پر ہی یکم ڈسمبر کو کسٹم عہدیداروں نے دوبئی سے ایرانڈیا کی فلائٹ AI 951 کے ذریعہ حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے دو مسافرین کے قبضہ سے 17 لاکھ 75 ہزار روپئے مالیتی سعودی ریال اور متحدہ عرب امارات کے درہم ضبط کیے ہیں۔