کوویڈ ٹیکہ اندازی کا صد فیصد نشانہ مکمل کیا جائے، تساہلی اور غیر ذمہ داری ناقابل برداشت : ضلع کلکٹر وقارآباد کے۔نکھیلا کا انتباہ

کوویڈ ٹیکہ اندازی کا صد فیصد نشانہ مکمل کیا جائے،تساہلی اور غیر ذمہ داری کو برداشت نہیں کیا جائے گا
ضلع کلکٹر وقارآباد نکھیلا اچانک تانڈور کے ویکسین سنٹر پہنچ گئیں،محکمہ صحت کے ملازمین کو سخت انتباہ

وقارآباد/تانڈور: 09۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ضلع کلکٹر وقارآباد محترمہ کے۔نکھیلا اچانک تانڈور کے کنیا پاٹھاشالا میں قائم کیے گئے کوویڈ ویکسین سنٹر پہنچ گئیں۔اس موقع پر انہوں نے محکمہ صحت کے عہدیداروں اور ملازمین پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوویڈ ٹیکہ اندازی کے صد فیصد نشانہ کی تکمیل کو نظرانداز کرتے ہوئے تساہلی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ضلع کلکٹر نے کہا کہ عہدیداروں اور ملازمین کے درمیان بہتر تال میل نہ ہونے کے باعث ٹیکہ اندازی سست رفتاری کے ساتھ جاری ہے ضلع کلکٹر جو کہ بہت زیادہ برہم نظر آرہی تھیں نے اس موقع پر انتباہ دیا کہ اگر یہی روِش جاری رہی تو وہ غیر ذمہ دار عہدیداروں اور ملازمین محکمہ صحت کو خدمات سے معطل کردیں گی۔

ضلع کلکٹر وقارآباد محترمہ کے۔نکھیلا نے اس کوویڈ ویکسین سنٹر کے اچانک دؤرہ کے موقع پر تمام ریکارڈس کی جانچ کی اور اس سنٹر پر روزآنہ کم تعداد میں کوویڈ ویکسین دئیے جانے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور اس سنٹر پر ٹیکہ دینے والے عملہ کی عدم موجودگی پر تانڈور کے کوویڈ ویکسین انچارج ڈاکٹر بھاسکر پر بھی برہمی ظاہر کرتے ہوئے انہیں بھی خدمات سے معطل کرنے کا انتباہ دیا۔

اس کوویڈ ویکسین سنٹر  پر خدمات انجام دینے والے طبی عملہ کو ضلع کلکٹر محترمہ کے۔نکھیلا نے ہدایت دی کہ وہ روزآنہ شام 6 بجے تک خدمات انجام دیں اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سنٹر پر قواعد اور ہدایت پر عمل نہیں کیا جارہا ہے اس سے محسوس ہوتا ہے کہ سنٹرانچارج اور عملہ کے درمیان بہتر تال میل قائم نہیں ہے۔

محترمہ کے۔نکھیلا ضلع کلکٹر وقارآباد نے ہدایت دی کہ اب سوپروائزرس ویکسین نہ لینے والوں کونسلنگ کرکے سنٹر تک لائیں اور عملہ انہیں ویکسین دے۔

محترمہ کے۔نکھیلا نے ہدایت دی کہ آج تانڈور میں قائم 36 ویکسین سنٹرس کے لیے جو 3,500 افراد کو پہلا اور دوسرا کوویڈ ویکسین دئیے جانے کا نشانہ دیا گیا ہے وہ مکمل کر کے اس کا ریکارڈ اور تصاویر ان کے واٹس ایپ پر روانہ کی جائیں۔

اس موقع پر ضلع کلکٹر نے اس سنٹر پر کوویڈ ویکسین لینے کی غرض سے پہنچنے والی خواتین سے بات کی اور ان سے کہا کہ تمام خاندان اور رشتہ داروں کوکوویڈ ویکسین لینے کی ترغیب دی جائے۔ضلع کلکٹر نے کہا کہ ضعیف افراد کو بھی لازمی طورپر ویکسین کا ٹیکہ دلوایا جائے

بعدازاں کلکٹر ضلع وقارآباد محترمہ کے۔نکھیلا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کوویڈ ٹیکہ اندازی میں سرعت پیدا کی جائے،گھر گھر جاکر سروے کیا جائے،مواضعات میں ڈھنڈورہ پیٹ کر عوام کو کوویڈ ویکسین کے فوائد سے واقف کروایا جائے،گاڑیوں میں موبائل ویکسین سنٹر قائم کئے جائیں۔

ضلع کلکٹر نے ہدایت دی کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک کوویڈ ٹیکہ اندازی کا صد فیصد نشانہ مکمل کرلیا جائے۔

اس موقع پر آر ڈی او تانڈور و انچارج کمشنر بلدیہ اشوک کمار،اسپیشل آفیسر ہنمنت راؤ،تحصیلدار چنپلا نائیڈو اور دیگر موجود تھے۔