حیدرآباد ایئر پورٹ پر پانچ مسافروں کے قبضہ سے زائداز ایک کروڑ روپے مالیتی دیڑھ کلو سے زائد سونا ضبط

حیدرآباد ایئر پورٹ پر پانچ مسافروں کے قبضہ سے
زائداز ایک کروڑ روپے مالیتی دیڑھ کلو سے زائد سونا ضبط

حیدرآباد: 16۔ستمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ (شمس آباد ایئر پورٹ) RGIA# پر محکمہ کسٹمز کے عہدیداروں کی جانب سے وقفہ وقفہ سےبڑے پیمانے پر سونا اور دیگرممنوعہ اشیاء کی ضبطی کا سلسلہ جاری ہے۔گذشتہ ماہ اور جاریہ ماہ ستمبر میں محکمہ کسٹمز کےعہدیداروں نے اپنی چوکسی کے ذریعہ کروڑہا روپئے مالیتی کئی کلو سونا ضبط کر لیا ہے۔پھر بھی مختلف طریقوں سے یہ سلسلہ جاری ہے۔

گذشتہ دو دنوں کے دؤران محکمہ کسٹمز حیدرآباد ایئر پورٹ کے عہدیداروں نے پانچ علحدہ علحدہ واقعات میں حیدر آباد ایئر پورٹ پہنچنے والے پانچ مسافرین کے قبضہ سے دیڑھ کلو گرام سونا سے زائد سونا ضبط کرلیا ہے۔جس کی جملہ مالیت زائداز ایک کروڑ روپئے ہے۔

محکمہ کسٹمز، حیدرآباد ایئر پورٹ کے عہدیداروں کےمطابق کل 15ستمبر کو کویت سے پہنچنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے 15 لاکھ 76 ہزار روپئے مالیتی 259 گرام سونا ضبط کرلیاگیا۔اس مسافر نے سونا کو بالوں میں لگائے جانے والے کریم Cream# اور اپنے سفری سامان میں چھپایا تھا۔

اسی طرح کل 15 ستمبر کو تین علحدہ علحدہ واقعات میں دبئی سے حیدرآباد پہنچنےوالے تین مسافروں کے قبضہ سے 611 گرام سونا ضبط کرلیا گیا۔ جس کی مالیت 37 لاکھ 13 ہزار روپئے ہے۔محکمہ کسٹمزحیدرآباد ایئر پورٹ کےعہدیداروں کےمطابق ان مسافروں نے اس سونا کوپیسٹ کی شکل میں ڈھال کر اپنی انڈرویئرز میں چھپاکر لایا تھا۔

جبکہ آج 16ستمبر کو محکمہ کسٹمز،حیدرآباد ایئر پورٹ کےعہدیداروں نے دبئی سے آنےوالے ایک مسافر کےقبضہ سے 770 گرام سونا ضبط کرلیاجس کی مالیت 46 لاکھ 98 ہزار روپئے ہے۔عہدیداروں کے مطابق اس مسافر کی بڑی آنت سےاس سونا کے چار کیپسول برآمد کیے گئے۔

اس طرح گذشتہ دو دنوں کے دوران محکمہ کسٹمز،حیدرآباد ایئرپورٹ کےعہدیداروں کی جانب سے کویت اور دبئی سےآنےوالے پانچ مسافرین کے قبضہ سے جملہ 99 لاکھ 87 ہزار روپئے مالیتی ایک کلو 640 گرام سونا ضبط کیا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں ” 

حیدرآباد ایئر پورٹ پر دبئی سے آنے والے چار مسافروں کے قبضہ سے ایک کروڑ روپے مالیتی ایک کلو 843 گرام سونا ضبط

 

حیدرآباد ایئر پورٹ پر بشمول خاتون چار مسافرین کے قبضہ سے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالیتی دو کلو سونا ضبط، ایئر پورٹ ملازم بھی گرفتار