تلنگانہ میں اومی کرون کا کوئی کیس درج نہیں ہوا،عوام کوویڈ قواعد پر عمل کریں،وزیرصحت ہریش راؤ کا بیان،نمس ہسپتال کا دؤرہ

تلنگانہ میں اومی کرون کا کوئی کیس درج نہیں ہوا
عوام ویکسین کے ساتھ کوویڈ قواعد پر لازمی طور پرعمل کریں
وزیرصحت ہریش راؤ کا بیان،نمس ہسپتال کا دؤرہ،جدید طبی آلات کا افتتاح

حیدرآباد: 07۔ڈسمبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

تلنگانہ کے وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ ریاست میں’اومی کرون’ نہیں ہے اور اب تک اومی کرون کا ایک کیس بھی درج نہیں ہوا ہے۔تاہم انہوں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کوویڈ ٹیکے لیں اور تمام احتیاطی اقدامات کے ساتھ کوویڈ قواعد پر لازمی طور پرعمل کریں۔

وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے آج منگل کے دن حیدرآباد میں نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس NIMS# کے اپنے دؤرہ اور بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ قابل اطمینان انکشاف کیا ہے۔

قبل ازیں ریاستی وزیرصحت و فینانس ٹی۔ہریش راؤ نے نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس) جیسے عصری ہسپتال کے مختلف طبی شعبوں میں 12 کروڑ روپیوں کے مصارف قائم کردہ مختلف جدید طبی آلات کا افتتاح انجام دیا۔

اس ہسپتال کے مختلف وارڈس میں زیر علاج مریضوں سے بات کرتے ہوئے وزیرصحت نے انہیں درپیش امراض اور انہیں ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولتوں کے متعلق واقفیت حاصل کی۔اور ساتھ ہی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے ہسپتال انتظامیہ،ڈاکٹرس اور مختلف شعبہ جات کے طبی ماہرین وٹیکنیشنس سے بھی تفصیلات حاصل کیں۔

اور اس موقع پر انہوں نے انکشاف کیا کہ نمس میں 45 دنوں میں مزید 200 آئی سی یو بیڈس اور 120 جدید وینٹی لیٹرس کی سہولت کا آغاز کیا جائے گا جو کہ تیار ہیں۔

ریاستی وزیرصحت و فینانس ٹی۔ہریش راؤ نے مزید انکشاف کیا کہ نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس) کے مختلف شعبہ جات میں 153 کروڑ کے مصارف سے جدید و عصری طبی آلوں کی تنصیب کو منظور دے دی گئی ہے۔اور جلد ہی روبوٹک سرجری کا آغاز بھی کیا جائے گا۔وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے بتایا کہ نمس سے ملحق 200 بستروں کے حامل”مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر "کے قیام کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ 

وزیرصحت و فینانس ٹی۔ہریش راؤ نے نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس) میں آج 12 کروڑ روپیوں کے صرف سے نصب انڈواسکوپی میشن،ایم آر یو لیاب،اسٹیم سیل ریسرچ سہولت،فزیو تھیراپی شعبہ،بون ڈینسی ٹو میڑ،سیمپل ٹرانسفرسسٹم اور واٹر اے ٹیم کا افتتاح انجام دیا۔

اس موقع پر وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے بتایا کہ نمس میں 89 اینٹی لیٹرس کی سہولت دستیاب ہے اب مزید 120 اینٹی لیٹرس کا اضافہ کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیرصحت نے تیقن دیا کہ نمس میں پانچ روپئے میں کھانا فراہم کرنے کا آغاز کیا جائے گا۔وزیرصحت و فینانس ٹی۔ہریش راؤ نے بتایا کہ” اومی کرون”کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔