اومی کرون سے دنیا انجانے خوف کا شکار!
دیکھیں حیدرآباد میں اس موٹرسیکل راں نے ماسک کہاں لگایا ہے؟
ایسے نئے ویرئنٹ کے مریضوں کا علاج آئی پی سی دفعات کے تحت کیا جائے گا
حیدرآباد سٹی پولیس کی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ وارننگ
حیدرآباد : 07۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
کورونا وباسے دوسال سے ساری دنیا پریشان اور مختلف مشکلات سے دوچار ہے۔اب کورونا وائرس کی دوسری شکل اومی کرون نے دوبارہ ساری دنیا کی حکومتوں اور عوام کو تشویش میں مبتلاء کرکے ایک انجانے خوف سے دوچار کردیا ہے۔
ریاست تلنگانہ سمیت ملک کی دیگر ریاستوں میں تمامتر احتیاطی اقدامات کیے جارہے ہیں اورمختلف پابندیاں عائد کرتے ہوئے عوام کو انتباہ دیا جارہا ہے کہ کوویڈ کی تیسری لہر یا اومی کرون کو روکنے کے لیے کوویڈ قواعد پر لازمی طور پر عمل کیا جائے جس میں انسانی فاصلہ،عوامی مقامات سے دور رہنے اور لازمی طور پر ماسک پہننا بھی شامل ہے۔
تلنگانہ میں گزشتہ ہفتہ ہی حکومت کی جانب سے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔خلاف ورزی پر 1000 روپئے جرمانہ کا اعلان بھی ہوا ہے۔
تلنگانہ میں موٹرسیکل رانوں کے لیے جہاں ہیلمٹ لازمی ہے لیکن آج حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ایسی تصویر پوسٹ کی گئی ہے جسے دیکھ کر اس موٹرسیکل راں نوجوان کی اس غیر ذمہ داری،قوانین کی دھجیاں اڑائے جانے پر سوائے افسوس اور برہمی کے اظہار کہ کچھ اور نہیں کیا جاسکتا! تاہم حیدرآباد پولیس کے مطابق ایسوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
دراصل حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر پوسٹ کی گئی اس تصویر میں باآسانی دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نامعلوم موٹرسیکل راں نے جہاں کوویڈ قواعد کی خلاف ورزی کی ہے وہیں اس نے ماسک کو اپنی موٹرسیکل کے نمبر پلیٹ پر لگاکر موٹرسیکل کے نمبر کو چھپادیا ہے اور بے خوف ٹریفک میں موٹرسیکل چلارہا ہے جبکہ اس نے ہیلمٹ بھی نہیں پہنا ہے۔
حیدرآباد سٹی پولیس کے ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام ہینڈلس پر پوسٹ کی گئی اس عجیب و غریب تصویر کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ”ایسے نئے ویرئنٹ کےمریضوں کا علاج انڈین پینل کوڈ کی دفعات کے تحت کیا جائے گا"۔
اس تصویر کو دیکھ کر کئی ذمہ دار سوشل میڈیا صارفین نے اپنے کمنٹس کے ذریعہ حیدرآباد پولیس کو مشورہ دیا ہے کہ ایسے غیر ذمہ دار افراد کی جانب سے وباء اور قوانین کو نظرانداز کرتے ہوئے اس کا مذاق اڑانا انتہائی غلط اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ ہے۔اور ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔
HyderabadCityPolice #Mask #Omicron#

