تلنگانہ کے اسکولوں میں کورونا معاملات میں اضافہ،اسکولس بند کیے جانے کی زیرگشت اطلاعات پر وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی کا ردعمل

تلنگانہ کے اسکولوں میں کورونا معاملات میں اضافہ
تعلیمی ادارے بند کیے جانے کی زیرگشت اطلاعات پر
ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی کا ردعمل

حیدرآباد: 07۔ڈسمبر (سحر نیوزڈاٹ کام)

کورونا وائرس کی دوسری قسم اومی کرون کے پھیلاؤ اور تلنگانہ کے چند اسکولس اور کالجس میں طلبہ کے کورونا وائرس سےمتاثر ہونے کے باعث کے ریاست تلنگانہ میں اسکولس بند کردئیے جانے کی زیر گشت اطلاعات پر آج ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے ایسی اطلاعات کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے انہیں صرف افواہیں قرار دیا ہے۔اور عوام سے خواہش کی کہ وہ ایسی کسی بھی افواہوں پر یقین نہ کریں۔

وزیرتعلیم نے آج رنگاریڈی ضلع پریشد دفتر میں کورونا وائرس سے موجودہ حالات،کوویڈ ویکسین دئیے جانے اور اومی کرون وائرئنٹ پرمنتخبہ عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔

ریاست میں بڑھتے کورونا کیس اور پھر اومی کرون کے پھیلاؤ کی اطلاعات کے دؤران والدین بھی اس مخمصہ میں گرفتار ہیں کہ اپنے بچوں کو اسکولوں کو روانہ کیا جائے یا نہیں؟

ایسے میں بالخصوص سوشل میڈیا پر ایسی اطلاعات وائرل کردی گئی ہیں کہ ان تمام حالات کے پیش نظر ریاستی حکومت تعلیمی اداروں کودوبارہ بند کرنے والی ہے۔!

ان تمام اطلاعات کو جھوٹ اور بے بنیاد قراردیتے ہوئے وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے واضح طور پر کہا ہے کہ ریاست میں تعلیمی ادارے بند نہیں کیے جائیں گے۔

انہوں نے طلبہ والدین کو مشورہ دیا کہ اسکولوں میں کورونا متاثرین کی بڑھتی تعداد پر وہ پریشان نہ ہوں۔وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے والدین کو تیقن دیا کہ ریاست میں حالات مکمل قابو میں ہیں۔

رنگاریڈی ضلع پریشد دفتر میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے منتخبہ عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے صد فیصد نشانہ کو اس ماہ کے ختم تک مکمل کرلیا جائے۔

اور وزیرتعلیم نے سوشل میڈیا پر زیرگشت ان جھوٹی اور بے بنیاد خبروں پر برہمی کا اظہار بھی کیا کہ اسکولس بند کیے جانے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسال بعد ریاست میں حال ہی میں اسکولس دوبارہ کھولے گئے ہیں اور حالات کے مطابق تمام احتیاطی اقدامات کے ساتھ اسکولوں میں تعلیم کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتااندراریڈی نے اعتراف کیا کہ ریاست کے چند اسکولوں اور ہاسٹلوں میں طلبہ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں تاہم اس سے طلبہ کے والدین کو خوفزدہ یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکولس کا اسٹاف اور طلبہ کے والدین لازمی طور پر کوویڈ ویکسین کے ٹیکے لیں۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ اومی کرون وائرئنٹ سے نمٹنے کے لیے حکومت اور ہیلتھ ڈپارٹمنٹ مستعد ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث دو سال تک اسکولوں اورتعلیم سے دور رہنے والے طلبہ کے مستقبل پر اس کے کوئی اثرات مرتب نہ ہوں اس کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ساتھ ہی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے واضح لفظوں میں کہا کہ اگر مستقبل میں ایسے کوئی حالات پیدا ہوتے ہیں تو حکومت لازمی طور پراس پر غور وخوص کے بعد کوئی فیصلہ کرے گی۔لیکن اب جو اطلاعات زیر گشت ہیں وہ محض جھوٹ اور افواہ پر مبنی ہیں جس پر یقین نہ کیا جائے۔