تلنگانہ: سدی پیٹ رجسٹریشن آفس کے قریب فائرنگ
دونقاب پوش 43 لاکھ روپئے چھین کر فرار
سدی پیٹ:31۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
سدی پیٹ ضلع رجسٹریشن آفس کے قریب آج فائرنگ کی وجہ سے سنسنی پھیل گئی جہاں موٹرسیکل پر سوار دونامعلوم نقاب پوشوں نے ایک کار کے ڈرائیور کی ران پر گولی مارکر اس کے پاس سے 43 لاکھ روپئے چھین کر فرار ہوگئے۔
اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق چیرالا کے ساکن رئیل اسٹیٹ کے کاروباری نرسیاسدی پیٹ میں ایک پلاٹ فروخت کی غرض سے اپنے ڈرائیور پرشورام کے ساتھ سدی پیٹ ضلع رجسٹریشن آفس پہنچے تھے۔
پلاٹ کا سودا کرنے کے بعد حاصل شدہ 43 لاکھ روپئے اپنے ڈرائیور پرشورام کے حوالے کرکے کار میں رکھتے ہوئے نرسیا دستخط کرنے کی غرض سے رجسٹریشن آفس میں گئے ہوئے تھے کہ اسی دؤران دو نامعلوم افراد پلسر موٹرسیکل پر اس انوووا کار کے قریب پہنچے ان میں سے ایک نے کار کا شیشہ توڑدیا ڈرائیور پرشورام کی ران پر بندوق سے گولی ماردی دوسرے نے کار کی دوسری جانب کا دروازہ کھول کر بریف کیس جس میں 43 لاکھ روپئے رکھے ہوئے تھے اٹھالیا اس کے فوری بعد بندوق کار میں ہی چھوڑ کر یہ دونوں موٹرسیکل پر وہاں سے فرار ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع کے فوری بعد پولیس جائے مقام پر پہنچ کر تحقیقات میں مصروف ہے۔اس واقعہ کے بعد سدی پیٹ میں سنسنی پھیل گئی ہے۔فلمی طرز کے اس واقعہ کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

