تلنگانہ: وقارآباد ضلع میں پینشن کی رقم کے لیے لات سے ضعیف دادی کی بے دردی سے پٹائی کرنے والا درندہ صفت پوتا جیل بھیج دیا گیا

تلنگانہ: وقارآباد ضلع میں پینشن کی رقم کے لیے لات سے ضعیف دادی کی
بے دردی سے پٹائی کرنے والا درندہ صفت پوتا جیل بھیج دیا گیا

وقارآباد: 03۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کے وقارآباد ضلع میں حکومت کی جانب سے ماہانہ آسرا اسکیم کے تحت دی جانے والی پینشن (وظیفہ) کی مکمل رقم دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ظلم و بربریت اور درندگی کی ساری حدیں پارکرتے ہوئے اپنی انتہائی ضعیف دادی یشودماں کی لات سےبےتحاشہ پٹائی کرنےوالے گووردھن کو بالآخر پدیمول پولیس نے آج پرگی جیل بھیج دیا۔یہ واقعہ حلقہ اسمبلی تانڈور کے پدیمول منڈل کے موضع ممباپور میں پیش آیا تھا۔

یہ معاملہ تاخیر سے 2 ستمبر کو اس وقت منظر عام پر آیا تھا جب اس درندگی کا ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل ہوگیا تھا۔جس کی ہر جانب سے شدید مذمت کی گئی تھی۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس اور ڈی ایس پی تانڈور مسٹر جی۔شیکھرگوڑ نے سخت موقف اپناتے ہوئے اپنے ماتحت پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ اس معاملہ میں پوتے گووردھن کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

جس کے بعد پدیمول پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج رجسٹر کیا گیا۔اور کل رات تانڈور پولیس نے گووردھن کو گرفتار کرتے ہوئے پدیمول پولیس کے حوالے کردیا تھا۔جہاں سے پدیمول پولیس نے آج گووردھن کو وقارآبادضلع کے پرگی میں موجود جیل کو بھیج دیا۔

آج سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل) رام بابو اور سب انسپکٹر پولیس پدیمول ایم اے رؤف نے گووردھن کو میڈیانمائندوں کے سامنے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ ضعیف خاتون یشودماں کے دوسرے پوتے نریندر کی جانب سے پولیس میں شکایت درج کروانے کے بعد گووردھن کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا۔بعدازاں گووردھن کو عدالتی تحویل میں دے دیا گیا جہاں سے اسے پرگی جیل منتقل کردیا گیا۔

گووردھن کی گرفتاری اور اس کی جیل منتقلی کے بعد سوشل میڈیا پر پولیس کی ستائش کرتے ہوئے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اس کی سخت سزا کو یقینی بنایا جائے۔تاکہ اس سے سبق حاصل کرتےہوئےاپنے مکانات میں موجود ضعیف دادا،دادی،نانا،نانی اور والدین کے ساتھ ایسے غیر انسانی برتاؤ سے باز رہیں۔

 

"اس غیرانسانی بربریت پرمشتمل ویڈیو اور مکمل تفصیلات سحرنیوز ڈاٹ کام کی اس لنک پر” 

وظیفہ کی مکمل رقم نہ دینے پرضعیف دادی کی لاتوں سے پٹائی کرنے والا درندہ گرفتار، ویڈیو وائرل، ہر طرف سے مذمت