وظیفہ کی مکمل رقم نہ دینے پرضعیف دادی کی لاتوں سے پٹائی کرنے والا درندہ گرفتار، ویڈیو وائرل، ہر طرف سے مذمت

وظیفہ کی مکمل رقم نہ دینے پرضعیف دادی کی لاتوں سے پٹائی کرنے والا درندہ گرفتار
ویڈیو وائرل،رکن پارلیمان چیوڑلہ نے کہا "ویڈیو دیکھ کر میرے رونگٹھے کھڑے ہوگئے”
تماشائی بن کر بربریت دیکھنے اور ویڈیو بنانے والوں پر بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید

وقارآباد: 02۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

گھر کے بڑے بزرگ،بالخصوص انتہائی ضعیف دادا،دادی اور نانا نانی کو ان کی عمر اور ان کی جسمانی و ذہنی حالت کودیکھتے ہوئے ان کی عزت کی جاتی ہے اور ان کے ساتھ بچوں کی طرح برتاو کیا جاتا ہے۔لیکن ایک درندہ صفت پوتے نے وقارآباد ضلع میں ظلم و بربریت اور درندگی کی ساری حدیں پارکرتے ہوئے اپنی انتہائی ضعیف دادی کی محض اس لیے لاتوں سے بے تحاشہ پٹائی کردی کہ دادی نے حکومت کی جانب سے آسرا اسکیم کے تحت آنے والے ماہانہ وظیفہ (پنشن) کی مکمل رقم نہیں دی۔

یہ واقعہ تاخیر سے اس وقت منظر عام پر آیا جب یہ غیر انسانی عمل پرمشتمل ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔جس کی ہر طرف سے شدید  مذمت کی جارہی ہے۔ آج رات دیر گئے تانڈور پولیس نے اس ظالم پوتے کو گرفتار کرلیا۔

حلقہ اسمبلی تانڈور کے پدیمول منڈل کے موضع ممباپور میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات موضع کےعوام کے مطابق موضع کی ساکن سندی یشودماں اپنے بیٹے اور بہو کی موت کے بعد اپنے شادی شدہ پوتے پوتیوں کے ساتھ مل کر رہتی ہے۔ان میں سے دو پوتے گرام پنچایت میں ملازمت کرتے ہیں۔

دادی یشودماں کو تین دن قبل ریاستی حکومت کی جانب سے ماہانہ آسرا اسکیم کےتحت ضعیفوں کو دی جانے والی وظیفہ کی رقم 2016 روپئے ملی تھی۔جس میں اس کے بڑے پوتے گووردھن نے 1400 روپئے لے لیے اور اس ضعیف خاتون نے اپنے پاس 600 روپئے رکھ لیے۔

دو دن قبل گووردھن نے دوبارہ دادی سے مطالبہ کیا کہ ماباقی 600 روپئے بھی اس کو دے دے۔جس پر دادی نے انکار کردیا۔جس کے فوری بعد برہم گووردھن نے گالی گلوچ کرتے ہوئے اپنی انتہائی ضعیف دادی جو کہ زمین پر بیٹھی ہوئی تھی کی لاتوں سے بے تحاشہ جانوروں سے بدتر پٹائی کردی۔جس کے باعث بیچاری ضعیف خاتون بچوں کی طرح رونے اور چیخنے چلانے لگی۔

” 33 سیکنڈ کا دلخراش ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے انسیٹ میں ظالم پوتا "

اس درندگی اور بربریت پر مبنی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور دیکھتے دیکھتے نیوز چینلوں تک پہنچ گیا۔جس کے بعد ہرطرف سے اس واقعہ کی شدید مذمت کی جانے لگی۔اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان،اس ظالم پوتے گووردھن کے قریب ہی کھڑا ہےجبکہ مکان کے چبوترہ پر ایک خاتون بھی بیٹھی ہوئی اس درندگی کو خاموش دیکھ رہی ہے۔وہیں اس واقعہ کی کوئی ویڈیو بھی لے لیا جس نے بعد میں اس کو سوشل میڈیا پر پھیلادیا۔

سوشل میڈیا صارفین ایک ضعیف خاتون پر اس بربریت کی شدید مذمت کررہے ہیں۔اور ساتھ ہی ویڈیو لینے والے اور وہاں موجود لوگوں کی بے حسی پر بھی تنقید کررہے ہیں۔اس ویڈیو کےعام ہوتے ہی رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس ویڈیو کو دیکھ کر شدید افسوس ہوا اور ان کے رؤنگھٹے کھڑے ہوگئے۔انہوں نےسوال کیا کہ جس خاتون کی انگلی پکڑ کر چلنا سیکھنے والی اولاد کیا اس طرح ضعیف خاتون پر ظلم بھی کرسکتی ہے؟شام دیر گئے تانڈور پولیس نے گوووردھن کو گرفتار کرلیا۔اس کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔