مدھیہ پردیش : چار سیکورٹی گارڈز کا سلسلہ وار قتل، بھوپال میں 19سالہ لڑکا گرفتار، فلم کے جی ایف کی طرز پر مشہور ہونے کا جنون!

بین ریاستی خبریں جرائم و حادثات قومی خبریں

مدھیہ پردیش: چار سیکورٹی گارڈز کا سلسلہ وار قتل،بھوپال میں 19 سالہ لڑکا گرفتار
فلم کے جی ایف کی طرز پر مشہور ہونے کا جنون،اگلا نشانہ پولیس تھی!!
پولیس تحویل میں جنونی نے اپنی انگلیوں سے فتح کا نشان دکھایا

بھوپال:02۔ستمبر(سحرنیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)

مدھیہ پردیش کےدارالحکومت بھوپال میں آج جمعہ کی صبح پولیس نے ایک 19سالہ شیو پرساد دھووے کو گرفتار کرلیاہے۔پولیس کے مطابق اس نے اعتراف کرلیا ہے کہ گزشتہ پانچ دنوں کے دوران اس نے مدھیہ پردیش کے ساگر اور بھوپال میں لگاتار چارسیکورٹی گارڈز کا قتل کیاہے۔ڈی جی پی مدھیہ پردیش مسٹر سدھیرسکسینہ نے اس کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سینئر پولیس عہدیدار اب اس سے مزید تفتیش میں مصروف ہیں۔ 

ملزم شیو پرساد دھووے ساگر ضلع کے کیسلی علاقہ کاساکن ہے۔شیوپرساد دھووے نے دعویٰ کیا کہ وہ صرف مشہور بننا چاہتا ہے۔وہ صرف سوئے ہوئے سکیورٹی گارڈز کو ہی کیوں نشانہ بنا رہا تھا اس کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اس نے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے اور گوا میں ملازمت کرچکا ہے اور تھوڑی بہت انگریزی بھی بول لیتا ہے۔

شیوپرساد دھووے کو جمعرات کی رات بھوپال کے لال گھاٹی علاقے میں ماربل اسٹاکسٹ کے ایک سیکورٹی گارڈ  کا قتل کرنے کےبعد ساڑھے تین بجے صبح  پولیس نےبس اسٹانڈ کےعلاقہ سے گرفتار کرلیا۔جو ایک کنڑا زبان کی مشہورفلم”کے جی ایف"سے متاثر تھا اور اس پراسی طرز  پرمشہور ہونے کا جنون سوار تھا۔اس نے پولیس کو بتایا کہ اس کا واحدمقصد فلم کی طرح مشہورہونا تھا اس لیے اس نےصرف سوئے ہوئے سکیورٹی گارڈز کو اپنا نشانہ بناتے ہوئے قتل کردیا۔ایک اور اطلاع میں بتایا جارہا ہے کہ اس نے اسی طرز پر اب تک نصف درجن قتل کیے ہیں!

خون کوسرد کردینے والےایک خوفناک سی سی ٹی وی فوٹیج میں قاتل شارٹ(نصف پتلون)اورقمیض پہنا ہوا ہے اور اپنے سوئے ہوئے شکار سیکورٹی گارڈ کو مارتےہوئے اور پھراس کے سر کو پتھر سے مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔اس واردات کی انجام دہی کے بعد وہ وہاں سے بھاگ گیا تاکہ کوئی اسے نہ دیکھ سکے۔

این ڈی ٹی وی نے پولیس عہدیدار ترون نائک کے حوالے سے لکھاہے کہ یہ نوجوان جوصرف رات کے آخری پہر میں حملہ کیاکرتا تھا،ایک کنڑا فلم کے جی ایف KGF#سے متاثر تھا۔جو ایک قاتل کے گرد گھومتی ہے۔اس نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایاکہ اس نے آئندہ پولیس اہلکاروں کے سلسلہ وار قتل کا منصوبہ بنایا تھا۔

اس ویڈیو میں اس جنونی کو پولیس تحویل میں "فتح کا نشان” V دکھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

 

پولیس نے بتایا کہ شیو پرساد دھووےنے مدھیہ پردیش کے ساگرضلع میں ماہ اگست کی تین راتوں میں لگاتار تین سیکورٹی گارڈز اور کل رات بھوپال میں ایک سیکورٹی گارڈ کو قتل کیا جبکہ ماہ مئی میں بھی ایک سیکورٹی گارڈ کا اسی طرز سے قتل کیا گیا تھا۔

یہ تمام ہلاکتیں جو کہ ایک ہی طرز پرمشتمل نظر آتی تھیں نے ایک پتھربردار StoneMan#کے خوف کوجنم دیا جو صرف رات کے آخری پہر میں حملہ کرکے قتل کرتا ہے۔یہ جنونی مقتولین کے پاس سے لوٹ مار بھی نہیں کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق ماہ مئی میں ایک فلائی اوور برج کی تعمیر کےمقام پر ایک چوکیدار کو قتل کیا گیا تھا اور اس کے چہرے پر جوتا رکھاگیاتھا۔ جبکہ 28 اگست کو ایک فیکٹری کے سیکورٹی گارڈ کلیان لودھی کے سر پر ہتھوڑے سے حملہ کرتے ہوئے قتل کر دیا گیا تھا۔

اسی طرح 29 اگست کی رات ایک آرٹس اینڈ کامرس کالج کے ایک 60 سالہ سیکورٹی گارڈ شمبھو نارائن دوبے کو پتھر مار کر ہلاک کر دیا گیاتھا۔ پھر دوسرے ہی دن یعنی 30 اگست کو اس نے ایک مکان کے چوکیدار منگل اہیروار کو قتل کر دیا۔

شدید زخمی منگل اہیروار کوبھوپال کے حمیدیہ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا تھا۔تاہم اہیروار کے ذریعہ ساگر پولیس نے اس سیرئیل Serial Killer#کلر کا ایک اسکیچ جاری کیا تھا اورضلع ایس پی مسٹر ترون نائیک نے اس کی شناخت بتانے والوں کے لیے 30،000 روپئے کے انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔

گرفتار شدہ شیو پرساد کل جمعرات کی رات بھوپال میں سونو ورما(23 سالہ) جو کہ ماربل کی دکان کا سیکورٹی گارڈ تھاکا ماربل کا راڈ استعمال کرتے ہوئے قتل کردیا۔پولیس نےبتایا کہ گرفتارشدہ شیو پرساد کی جانب سے قتل کی وارداتوں کاسلسلہ بھوپال سے 169 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود ساگر ضلع سےشروع ہواتھا۔ان لگاتار قتل کی وارداتوں کے باعث ساگر میں دہشت پھیل گئی تھی اور پولیس گشت کو بڑھادیا گیاتھا۔سی سی ٹی وی کیمروں میں ایک ہی شخص قتل کرتے ہوئے نظرآرہا تھا۔جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہی سلسلہ وار قتل کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

1 thought on “مدھیہ پردیش : چار سیکورٹی گارڈز کا سلسلہ وار قتل، بھوپال میں 19سالہ لڑکا گرفتار، فلم کے جی ایف کی طرز پر مشہور ہونے کا جنون!

  1. سیریل کلر ایک کنڈ فلم سے متاثر ہوکر واردات انجام دیا ہے۔کیا اس فلم کے خلاف بھی کوی کاروائی کی جائے گی ۔

    جیسا کے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے بیان کو اقتباس اور ممبا بناکر کیا گیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے