وقارآباد ضلع کی چار بلدیات وقارآباد، تانڈور، پرگی اور کوڑنگل کی فائنل ووٹر لسٹ جاری

وقارآباد ضلع کی چار بلدیات وقارآباد، تانڈور، پرگی اور کوڑنگل کی فائنل ووٹر لسٹ جاری
ضلع میں زائداز ایک لاکھ 75 ہزار ووٹرز،  تانڈور میں سب سے زیادہ اور کوڑنگل میں کم ووٹرز

حیدرآباد/تانڈور،13۔جنوری (سحر نیوز ڈاٹ کام )

ریاست تلنگانہ میں بہت جلد بلدی انتخابات کا بِگل بجنے کے آثار نظر آ رہے ہیں، اس بات کو کل پیر 12جنوری کو اس وقت مزید تقویت حاصل ہوئی جب چیف سیکریٹری تلنگانہ راما کرشنا راؤ نے سیکریٹری بلدی نظم ونسق سری دیوی کیساتھ حیدرآباد سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاست کے ضلع کلکٹران۔الیکشن آفیسرز، ایڈیشنل کلکٹرز، کمشنران بلدیہ کیساتھ تصاویر پر مشتمل ووٹرلسٹ، پولنگ بوتھس کے انتخاب پر مشتمل گفت و شنید کے بعد ان عہدیداروں کوہدایت دی کہ بلدی انتخابات کے انعقادکے لیے تیار رہیں اور تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر یکم جنوری کو وقارآباد ضلع میں موجود وقارآباد، تانڈور،  پرگی اور کوڑنگل بلدیات کے عہدیداروں نے غیرحتمی فہرست رائے دہندگان (ڈرافٹ ووٹر لسٹ) جاری کی تھی، بعد ازاں 5؍جنوری کو سیاسی جماعتوں کیساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس میں مختلف اعتراضات کے بعد ان فہرست رائے دہندگان میں تبدیلی اور ترتیب کے بعد آج وقارآباد ضلع کی ان چاروں بلدیات کی قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کر دی گئی ہیں۔

🔖💫 آج جاری کردہ ان قطعی ووٹر لسٹس کے مطابق وقارآباد ضلع میں جملہ ایک لاکھ 73 ہزار 974 رائے دہندگان موجود ہیں۔ جاری کردہ فہرست رائے دہندگان کی تفصیلات کے مطابق

⬅️ 34  بلدی حلقوں پرمشتمل بلدیہ وقارآبادمیں جملہ 58,013 رائے دہندے موجود ہیں،جن میں 28,701 مرد،29,285 خاتون اور 27 تیسری صنف کے رائے دہندے موجود ہیں۔

⬅️ اسی طرح ضلع وقارآبادمیں سب سے زیادہ 36 بلدی حلقہ جات کی حامل بلدیہ تانڈور میں سب سے زیادہ یعنی 77,029 رائے دہندے موجود ہیں،جن میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 37,499، خاتون رائے دہندگان کی تعداد 39,525 اورتیسری صنف کے پانچ رائے دہندے شامل ہیں۔یا د رہے کہ یکم جنوری کو بلدیہ تانڈور کی جانب سے جاری کردہ غیرحتمی فہرست رائے دہندگان میں 77,110 رائے دہندے موجود تھے جن میں سے اب اس قطعی فہرست میں81 ناموں کو حذف کر دیا گیا ہے۔

کمشنر بلدیہ تانڈور یادگیری نے بتایا کہ تانڈور میں موجود 36 بلدی حلقوں کے رائے دہندوں کے لیے 117 پولنگ بوتھس کے قیام کو قطعیت دے دی گئی ہے اور فی 750 ووٹرز کے لیے تمام سہولتوں کیساتھ ایک پولنگ بوتھ قائم کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان بلدی انتخابات میں 9 پولنگ بوتھس کا اضافہ عمل میں لایا گیا ہے۔

⬅️ وہیں 18 بلدی حلقوں کی حامل بلدیہ پرگی کی فہرست رائے دہندگان میں موجود جملہ 27,614 رائے دہندگان میں 13,822مرد ، 13,792خاتون رائے دہندے موجود ہیں۔

⬅️ جبکہ 12 بلدی حلقوں پر مشتمل بلدیہ کوڑنگل میں جملہ 11,318 رائے دہندے موجود ہیں۔جو کہ ریاستی وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا اسمبلی حلقہ بھی ہے۔آج جاری قطعی فہرست رائے دہندگان پر بھی چند سیاسی قائدین کی جانب سے اعتراض کیا جا رہا ہے۔!!

بلدی انتخابات کے باقاعدہ اعلان سے قبل  اب نئے نئے چہرے خود کو بلدی انتخابات میں مقابلہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا کی مدد سے کمر کس کر سامنے آنے لگے ہیں۔ان بلدی انتخابات میں ریاست میں برسر اقتدارکانگریس کے علاوہ بی آر ایس، بی جے پی، کل ہند مجلس اتحادالمسلمین اور مجلس بچاؤ تحریک اہم جماعتیں مانی جا رہی ہیں، جو اپنے اپنے امیدوارمیدان میں اتاریں گی، ان کے علاوہ اس مرتبہ بلدی انتخابات میں ان تما م جماعتوں کو آزاد اور باغی امیداروں سے بھی سخت مقابلہ کا سامنا کرنا  پڑسکتا ہے۔!!

یہ بھی پڑھیں "

کشمیر: پہلگام کے کیاب ڈرائیور نے ایمانداری اور دیانتداری کی مثال قائم کی، خاتون سیاح کاقیمتی بیاگ حوالے کیا،جذباتی ویڈیو وائرل

" تانڈور میں بلیٹ گاڑیوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن "