تلنگانہ: یادادری بھونگیرضلع کے دفتر کلکٹریٹ میں ایک کسان نے خود پرپٹرول چھڑک کر آگ لگالینے کی کوشش کی

تلنگانہ: یادادری بھونگیر ضلع کے دفتر کلکٹریٹ میں
ایک کسان نے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگالینے کی کوشش کی
چوکس عملہ نے مستعدی کے ساتھ کسان کو بچالیا

یادادری بھونگیر:13۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کے یادادری بھونگیر کے ضلع کلکٹریٹ میں آج اس وقت شدید تناؤ والے حالات پیدا ہوگئے جب ایک کسان نے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگالینے کی کوشش کی۔اس اقدام خودکشی کے واقعہ نے دفتر کلکٹریٹ کے ساتھ ساتھ ضلع میں سنسنی پیدا کردی ہے 

مہیش نامی کسان نے ضلع کلکٹر کے چیمبر میں خود پر پٹرول چھڑک لیا اور خود کو آگ کی نذر کرنے کی کوشش کی۔تاہم وہاں موجود دفتری عملہ اور دیگر افراد نے چوکسی کو مظاہرہ کرتے ہوئے کسان کو اس انتہائی اقدام سے باز رکھتے ہوئے بچالیا اور فوری ضلع ہسپتال منتقل کردیا۔


بعد ازاں کسان مہیش نے بتایا کہ عہدیداروں کی جانب سے بارہا نمائندگیوں کے باؤجود اس کی اراضی کے مسئلہ کو حل نہیں کیے جانے سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے یہ اقدام کیا ہے۔اس کی اراضی کے پاس بکس جاری نہ کیے جانے سے پریشان کسان مہیش نے اس طرح خود کو زندہ جلالینے کی کوشش کی۔

مہیش نے بتایا کہ اس کے والد اُپلیا نے آلیر منڈل کے کولانو پاکا میں 20 سال قبل چار ایکڑ زرعی اراضی خریدی تھی۔اور اس نے الزام عائد کیا کہ روز دفتر کے چکر لگانے کے باؤجود محکمہ مال کے عہدیدار اس اراضی کے پٹہ پاس بک جاری نہیں کررہے ہیں اور ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے اور محکمہ مال کے عہدیداروں کے برتاؤ سے شدید دلبرداشتہ ہوکر ہی اس نے خودکشی کی کوشش کی۔

اس معاملہ کے بعد جوائنٹ کلکٹر یادادری بھونگیر ضلع سرینواس ریڈی نے تیقن دیا ہے کہ کسان مہیش کی اراضی کے پٹہ پاس بک فوری طور پر جاری کیے جائیں گے اور محکمہ مال کے عہدیداروں کے خلاف اس کی جانب سے عائد الزامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے معاملات میں کسانوں کو دلبرداشتہ یا مایوس ہوکر خودکشی یا اقدام خودکشی جیسے انتہائی اقدام کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔کسی بھی عہدیدار کے خلاف وہ ضلع کلکٹر یا پھر ان سے شکایت کرسکتے ہیں جسے فوری حل کیا جائے گا۔