محکمہ موسمیات کا ریڈ الرٹ جاری
تلنگانہ کے 16 اضلاع میں آج اور کل شدید ترین بارش کی پیش قیاسی
ضلع کلکٹران،انتظامیہ اور عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت
حیدرآباد:06۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
محکمہ موسمیات نے آج 6ستمبر کو ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے موسمی پیش قیاسی کے ذریعہ انتباہ دیا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث ریاست تلنگانہ کے 16 اضلاع میں دو دنوں پیر 6 ستمبر اور منگل 7 ستمبر کو شدید ترین بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق آج بروز پیر خلیج بنگال میں ہواکے دباؤ میں مزید کمی کے باعث تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد، نظام آباد،محبوب نگر،سنگاریڈی،کومرم بھیم آصف آباد،وقارآباد،منچریال، نرمل ،نلگنڈہ،جگتیال،بھونگیر، جنگاؤں،سوریہ پیٹ،رنگاریڈی،میڑچل اور ناگرکرنول کے مختلف مقامات پر آج 6 ستمبر اور کل 7 ستمبر کو شدید ترین بارش ہوگی اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے ریاست کے مذکورہ بالا 16 اضلاع کے ساتھ ساتھ دیگر مقامات پر بھی بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ضلع کلکٹران اور عوام کو چوکس رہنے اور قبل ازیں تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ریاست تلنگانہ میں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری بارش کے بعد سالانہ اؤسط سے بھی زائد بارش ریکارڈ ہوئی ہے ،ریاست کے تمام ذخائر آب لبریز ہوگئے ہیں اور ان سے زائد پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔ریاست کی ندیوں میں بھی سیلابی پانی ٹھاٹھیں ماررہا ہے اور کئی مقامات پر سڑک رابطہ منقطع ہوگئے ہیں۔

گزشتہ ایک ہفتہ سے ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد میں بھی جاری شدید ترین بارش کے باعث سڑکیں ، کالونیز اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
حیدرآباد کے ذخائر آب حمایت ساگر اور گنڈی پیٹ میں پانی کی سطح کے خطرہ سے اوپر پہنچنے کے بعد ان سے زائد پانی کا اخراج کیا جارہا ہے اوراس کے اطراف رہنے والے نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
گزشتہ دو دنوں سے حیدرآباد کے مختلف علاقوں اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں ہنوز کئی کالونیوں اور نشیبی علاقوں کے مکانات پانی میں محصور ہیں،اموات کی بھی اطلاع ہے۔سڑکوں پر سیلابی پانی کے باعث کئی گاڑیاں ناکارہ ہوگئی ہیں۔

