آندھراپردیش اور تلنگانہ کے چند مقامات پر زلزلہ کے جھٹکے،کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں
حیدرآباد: 08۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
آندھراپردیش اور تلنگانہ کے چند مقامات پر آج صبح لگاتار تین مرتبہ زلزلہ کے خفیف جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔
عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ آج اتوار کی صبح دونوں ریاستوں کے چند مقامات پر زلزلہ کے جھٹکے ریکارڈ ہوئے ہیں۔آندھراپردیش کے گنٹور اور پلی چنتلا کے قریب آج صبح 15-7 بجے سے 20-8 بجے کے درمیان زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے عہدیداروں کے بموجب ان زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3، 2.7 اور 2.3 اعشاریہ درج کی گئی ہے۔
ان کے ساتھ سوریہ پیٹ ، چنتلا پالیم اور میلاچیروؤ میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔تاہم ان زلزلہ کے جھٹکوں سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔
نیشنل جیوگرافیکل سروے آف انڈیا کے سائنسداں مسٹر نگیش نے بھی ان زلزلہ کے جھٹکوں کی تصدیق کی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے آندھراپردیش کے پلی چنتلا کے قریب زلزلہ کے خفیف جھٹکے محسوس کیے جارہے ہیں۔

