حکومت کی ہدایت پر ضلع وقارآبادمیں 45 سال مکمل کرلینے والے تمام افراد کو کوویڈ ویکسین دی جائے:ضلع کلکٹر

Uncategorized

حکومت کی ہدایت پر ضلع وقارآباد میں 45 سال مکمل کرلینے والے تمام افراد کو کوویڈ ویکسین دی جائے

ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو کی ہدایت،وقارآباد کے ہسپتالوں کا دؤرہ،ویکسین اندازی کامشاہدہ

وقارآباد: 10۔اپریل (سحر نیوز ڈاٹ کام)

ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسونے آج ضلع کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ حکومت کے احکام پرضلع میں اپنی عمر کے 45 سال مکمل کرلینے والے ہر شخص کو کوویڈ ویکسین دی جائے۔

ضلع کلکٹر نے آج وقارآباد میں ایریا ہسپتال اور رامیا گوڑہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں قائم کوویڈ ویکسین مراکز کا دؤرہ کرتے ہوئے یہاں عوام کو دئیے جارہے کوویڈ ویکسین کے امور کا مشاہدہ کیااورضلع کلکٹر نے کوویڈ ویکسین لینے والوں سے بات چیت بھی کی اور انہیں بتایا کہ کوویڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ لینے کے 28 دن بعد دوسرا ٹیکہ لینا لازمی ہے۔

اس موقع پر محکمہ صحت کے عہدیداروں سے بات کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے انہیں ہدایت دی کہ ضلع میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں ہورہے اضافہ کے پیش نظر کورونا کی جانچ اور متاثرین کے علاج پر خصوصی توجہ دی جائے۔

اس موقع پر ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے ان عہدیداروں کو یہ ہدایت بھی دی کہ ہیلتھ ورکرس ، فرنٹ لائن وارئیرس کی اہمیت کے حامل طبی عملہ کیساتھ ساتھ 45 سال مکمل کرلینے والے ضلع کے عوامی نمائندوں، ایم پی ٹی سیز، زیڈ پی ٹی سیز اور سرپنچوں کو 15 اپریل تک کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے عمل کو مکمل کرلیا جائے۔

وقارآباد کے کوویڈ ویکسین مرکز پر ویکسین لینے کی غرض سے قطار میں کھڑے لوگ۔

ضلع کلکٹرنے عوام سے خواہش کی کہ وہ کوویڈ ویکسین لینے کیلئے خود اپنی جانب سے آگے آئیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر چندریا،محکمہ صحت کے عہدیداران ڈاکٹر یادیا،ڈاکٹراروند،کمشنر بلدیہ وقارآباد بچیا کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے