احتیاطی اقدامات کے ذریعہ ہی کورونا وائرس سے تحفظ ممکن:سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور
تانڈور میں پولیس کی شعور بیداری مہم،ماسک،سینی ٹائزر کا استعمال اورسماجی فاصلہ لازمی
تانڈور۔25۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
روی کمار سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) نے سوشیل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں تانڈور کے عوام سے اپیل کی ہے کہ کوروناوائرس کے دوبارہ بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے اس سے تحفظ کی غرض سے تمام احتیاطی اقدامات کو خود پر لازمی کرلیں اور اس سے متعلق ہرگز کوتاہی نہ کریں۔
سرکل انسپکٹر پولیس روی کمار نے کہا کہ ملک ، ریاست اور ضلع وقارآباد کے مختلف مقامات پر کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بڑی تعداد میں عوام متاثر ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال انہی دنوں میں احتیاطی اقدامات اور ضلع انتظامیہ کی سختی کے باعث کورونا وائرس پر قابو پالیا گیا تھا انہوں نے عوام سے کہا کہ احتیاطی اقدامات کے ذریعہ ہی کوروناوائر س سے تحفظ ممکن ہے۔
سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور اربن روی کمار عوام میں ماسک تقسیم کرتے ہوئے۔(ویڈیو)
سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) روی کمار نے دُکانداروں ، بیوپاریوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائر سے تحفظ کیلئے سماجی دوری اور سینی ٹائزر کا استعمال کریں انہوں نے عوام کو متنبہ بھی کیا کہ کورونا وائرس کے متعلق عدم احتیاط مشکلات کا باعث بن سکتی ہیں انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ سینما تھیٹرس ، شادیوں اور دیگر تقاریب کے دوران ماسک کا لازمی طوپر استعمال کرتے ہوئے سماجی فاصلہ قائم رکھیں۔
سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور روی کمار کی عوام سے اپیل۔(ویڈیو)
ساتھ ہی سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) روی کمار نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کیے جانے والے اقدامات میں ڈاکٹرس ، انتظامیہ اور پولیس کیساتھ تعاون کریں ۔ بعد ازاں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) روی کمار کی قیادت میں یہاں کے امبیڈکر چوک ،بس اسٹانڈ اور دیگر مقامات پر کورونا وائر س سے تحفظ کیلئے شعور بیداری مہم چلاتے ہوئے عوام ، دُکانداروں اور مسافرین سے راست ملاقات کرتے ہوئے انہیں کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے واقف کروایا۔
اور عوام کو مشورہ دیا گیا کہ سماجی دوری ، ماسک اور سینی ٹائز ر کا استعمال لازمی طو رپر کریں ، بلاء ضرورت اپنے گھروں سے نہ نکلیں اورعوامی ہجوم والے مقامات پر نہ جائیں۔
اس مہم کے دوران سرکل انسپکٹر پولیس روی کمار کی جانب سے عوام اور ڈرائیورس میں ماسک بھی تقسیم کیے گئے اس کورونا وائر س شعور بیداری مہم میں سب انسپکٹران پولیس تانڈور گیری اورستیش کے علاوہ دیگر پولیس ملازمین شریک تھے۔