حیدرآباد: کول ڈرنکس کی بوتلوں سے بھرا ہوا ٹرک اُلٹ گیا،لوگوں کا ہجوم کول ڈرنکس کے باکس اٹھاکر لے گیا

حیدرآباد میں کول ڈرنکس سے بھرا ہوا ٹرک اُلٹ گیا
لوگوں کا ہجوم کول ڈرنکس کے باکس اٹھاکر لے گیا

حیدرآباد: 20۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

ان دنوں انسان اپنی انسانیت بھولتا جارہا ہے۔مصیبت کے خود کسی کی مدد کرنے کے بجائے اس کی ویڈیو لے کرسوشل میڈیا پر وائرل کرنے کو ہی انسانیت سمجھ بیٹھا ہے۔

سڑکوں پر اکثر دیکھا جاتا ہے کہ اگر کوئی مال بردار ٹرک حادثہ کا شکار ہوجائے تو اطراف میں موجود لوگوں کی بڑی تعدا د یہ نہیں دیکھتی کہ حادثہ کا شکار ٹرک کا ڈرائیور،کلینئراور اس میں سوار مسافرین زندہ بھی ہیں یا مرگئے؟اگر زخمی ہیں تو انہیں فوری باہر نکال کر ہسپتال بھیجنا ہوتا ہے۔

لیکن جائے حادثہ پر جمع ہجوم ان ساری انسانی جذبات سے دور ہوکر حادثہ کا شکار اس ٹرک میں موجود اشیا جو کہ عام طور پر استعمال کی جاتی ہیں کی لوٹ مار میں مصروف ہوجاتا ہے۔کئی مقامات پر پٹرول اور ڈیزل کے ٹرکس الٹ جانے کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی لوٹ کے دؤران آگ لگنے کے واقعات بھی رونما ہوچکے ہیں!

حادثہ کے شکار ایک ٹرک میں موجود کول ڈرنکس کو لوٹنے کا ایک واقعہ گزشتہ رات حیدرآباد میں پیش آیا ہے۔اور اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ پیدا عنبر پیٹ کے قریب آؤٹر رنگ روڈ پر گزشتہ رات کول ڈرنکس کی بوتلوں سے بھرا ہوا ایک مال دار ٹرک اُلٹ گیا جس میں "تھمس اپ” سے بھرے ہوئے کول ڈرنک کے  پلاسٹک کے ٹرے اور کاٹن باکس بھرے ہوئے تھے۔اس ٹرک کے الٹ جانے کے باعث اس میں موجود تھمس اپ کی بوتلیں اور پلاسٹک ٹرے اور کاٹن باکس سڑک پر بکھر گئے۔

جہاں سے گزرنے والوں گاڑیوں میں سوار چند لوگ،قریبی مقامات کے عوام کا بھاری ہجوم جمع ہوگیا اور جو جتنے بوتل لوٹ کر لے جاسکتا تھا لے گیا۔اطلاع پر فوری پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور جو لوگ اس لوٹ میں مصروف تھے انہیں منتشر کردیا۔

خوش قسمتی سے اس حادثہ کا شکار ڈرائیور محفوظ رہا۔لیکن اس کے ٹرک میں موجود کول ڈرنکس نصف سے زیادہ لوٹ لیا گیا۔بعدازاں پولیس نے اس ٹرک کو جے سی بی مشین کی مدد سے سڑک سے ہٹاکر مسدود ٹریفک نظام کو بحال کیا۔