ٹی شرٹ پہن کر آنیوالے کانگریسی ایم ایل اے کو اسمبلی سے باہر کردیا گیا
گجرات /گاندھی نگر: (سحرنیوزڈاٹ کام)
گجرات اسمبلی کے اجلاس میں آج ٹی شرٹ پہن کر داخل ہونے والے کانگریسی ایم ایل اے ومل چؤداساما کو اسپیکر اسمبلی راجندر ترویدی کےحکم پر ایوان اسمبلی سے باہرکردیاگیا۔
اسپیکر اسمبلی راجندر ترویدی نے کہا کہ ایم ایل اے کو ایوان کے وقار کاخیال رکھنا چاہئے اورٹی شرٹ پہن کر اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہونے سے گریز کرناچاہئے۔
گجرات اسمبلی میں اپوزیشن کانگریس کے رکن اسمبلی ومل چؤداساما جو حلقہ اسمبلی سومناتھ کی نمائندگی کرتے ہیں بلاک ٹی شرٹ اور جینس پہن کر اسمبلی میں پہنچے تھے نے اسپیکر راجندر ترویدی کے اس فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ اُصول و قواعد کے تحت مجھے کسی بھی لباس پہننے اور اس لباس میں اسمبلی پہنچنے سے منع نہیں کیاگیاہے۔
اسی دؤران منسٹر آف اسٹیٹ پارلیمنٹری افیئرس پردیپ سنہا جڈیجہ نے اسپیکر کی توہین کے معاملہ میں کانگریسی رکن اسمبلی ومل چؤداساما کو تین دن کیلئے ایوان سے معطل کرنے کی تجویز پیش کی جس پر اپوزیشن لیڈر دھنانی نے مداخلت کرتے ہوئے اس تجویز کی مخالفت کی اور کہا کہ اسمبلی میں داخل ہونے کیلئے کسی بھی ڈریس کوڈ کا لزوم نہیں ہے اسی دؤران چند کانگریسی ارکان اسمبلی نے رکن اسمبلی ومل چؤداساما کی تائید میں نعرے لگائے۔
چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسمبلی کے احترام کا معاملہ ہے
بتایا جاتا ہے اسپیکر اسمبلی راجندر ترویدی نے ایک ہفتہ قبل اسی کانگریسی رکن اسمبلی کو ہدایت دی تھی کہ وہ آئندہ ٹی شرٹ پہن کرایوان میں نہ آئیں
اسپیکرراجندر ترویدی نے اپنا مؤقف ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ ارکان اسمبلی کو چاہئے کہ ایوان کے وقارکوبرقرار رکھنے کے لیے شرٹس یاکرتا پہنناچاہئے کیونکہ یہ ایوان ہے کوئی کھیل کا گراؤنڈ نہیں ہے۔
اس واقعہ کے بعد کانگریسی رکن اسمبلی پورے دن کی اسمبلی کی کارروائی میں شریک نہیں ہوئے

