تانڈور میں ایک لاکھ روپئے مالیتی چینی ممنوعہ مانجھا ضبط،وقارآباد میں بھی مانجھے کی ضبطی
مانجھا انسانوں اور چرند پرند کے لیے انتہائی نقصاندہ : ضلع ایس پی کوٹی ریڈی کا بیان
وقارآباد/تانڈور: 14۔جنوری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
ایس پی وقارآبادضلع مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس کی ہدایت پر انچارج سب انسپکٹر ٹاسک فورس وقارآبادضلع ایم۔پرشانت وردھن اور تانڈور ٹاؤن پولیس نے وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں شیواجی چوک پر مصدقہ اطلاع کے بعد سگندھی سری کانت کی پتنگوں کی دکان پر اچانک دھاوہ منظم کرتے ہوئے ایک لاکھ 11 ہزار 600 روپئے مالیتی ممنوعہ چینی مانجھا ضبط کرلیا ہے۔سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندر ریڈی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تانڈور پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرلیا ہے۔
اسی طرح انچارج ضلع ٹاسک فورس ایم۔پرشانت وردھن کی قیادت میں ایک ٹیم نے وقارآباد کےمہاشکتی چوک پر دنیش اور رام بابو کی پتنگوں کی دکانات پر دھاوے منظم کرتے ہوئے فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کیے گئے چین کے مانجھے کے 6 بڑے چرخے، 20 چھوٹے چرخے اور 30 چینی مانجھے کے پیاکٹ ضبط کرلیے ہیں۔اس سلسلہ میں ان دونوں دکان مالکین کے خلاف کیس درج رجسٹر کیے گئے ہیں۔
ایس پی وقارآباد ضلع مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایا کہ چینی مانجھا مونوفیلمنٹ فشنگ لائن سے بنایا جاتاہے، جسے پگھلاکر پولیمر کیساتھ ملایا جاتا ہے اور دھاگہ بنانے کے بعد اس پر کانچ کے باریک ٹکڑے چسپاں کر دئیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس مانجھے کی فروخت پرنیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) کی جانب سے 2017ء میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پتنگ اڑانے کے لیے استعمال ہونے والا یہ ممنوعہ چینی مانجھا اورمصنوعی تار جانوروں اور انسانوں کو یکساں نقصان پہنچاتے ہیں۔
ضلع ایس پی مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے وقار آباد ضلع کے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پتنگ اڑانے والے اپنے بچوں کو اس بات سے واقف کروائیں اور اس مانجھے کے استعمال سے سختی کےساتھ منع کریں۔بالخصوص دو پہیوں کی گاڑیاں چلانےوالےبھی سڑکوں اور گلیوں میں ایسے مانجھوں اور پلاسٹک دھاگوں کا خاص خیال رکھیں۔

ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نےبرادران وطن کو تلسنکرانتی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہرتہوار آپسی بھائی چارہ اور قومی یکجہتی کے ساتھ مناتے ہوئے ایک دوسرے کی خوشیوں میں شامل ہوتے ہوئے امن و امان کو مز ید فروغ دیں۔
" یہ بھی پڑھیں "
https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/1092029808899150
https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/358299600165370

