بی جے پی نے پورے ملک کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے
احتجاجی کسانوں کی تائید کا اعلان،مرکز کسان قوانین واپس لے
ریاستی بی جے پی قائدین اؤقات میں رہیں،اب ہم خاموش نہیں رہیں گے
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ کا پریس کانفرنس میں اعلان

حیدرآباد :07۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ نے آج شام پرگتی بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی اور ریاستی بی جے پی قائدین کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ نے کہا کہ اس معاملہ میں بھی بی جے پی عوام کو جھوٹ کے ذریعہ دھوکہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2014 میں خام تیل کی قمیتیں 105 ڈالر فی بیارل تھیں اب بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتیں 30 ڈالر ہیں لیکن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں۔
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں شکست اور آنے والے چند ریاستوں کے انتخابات کے پیش نظر عوام کو دھوکہ دینے کے لیے مرکز کی بی جے پی حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول اور ڈیزل پر مکمل ٹیکس برخاست کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے سات سال بعد بھی ویاٹ میں ایک پیسہ کا اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔
” چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ پریس کانفرنس میں اردو میں بات کرتے ہوئے "
تلنگانہ میں دیگر ریاستوں کی طرز پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر عائد ویاٹ میں کمی کے سوال پر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں اب تک ویاٹ میں اضافہ نہیں کیا گیا اور جن ریاستوں نے ویاٹ میں اضافہ کیا تھا وہ لازمی طور پر اپنی ریاستوں میں ویاٹ میں کمی کررہے ہیں۔
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ نے آج پہلی مرتبہ کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت شعبہ زراعت کو خانگی کمپنیوں کے حوالے کررہی ہے،کسان تین قوانین کی منسوخی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک سال سے احتجاج کررہے ہیں اور کسانوں کو کاروں کے ذریعہ کچلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نچلی درجہ کی سیاست کے ذریعہ کسانوں کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ نے کسانوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سات سال سے حکومت انہیں ہر طرح کی مدد کررہی ہے اورمختلف اسکیمات کے ذریعہ ان کی تکالیف کو کم کرنے میں مصروف ہے۔
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے اس پریس کانفرنس میں بی جے پی قائدین کو انتہائی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ہر معاملہ میں گھٹیا سیاست اور بیان بازی میں مصروف ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی نے کونسے وعدے پورے کیے ہیں۔بی جے پی نے پورے ملک کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے۔اور ہر معاملہ میں سرحدی تنازعات اور مذہبی جذبات کو بھڑکانا ان کا پسندیدہ مشغلہ بن کر رہ گیا ہے۔
ملک کی جی ڈی پی نیپال سے کم ہوگئی ہے۔اور ایسے میں بی جے پی قائدین کونسے منہ سے تلنگانہ حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں؟
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ جو انتہائی برہم نظر آرہے تھے نے واضح طور پر انتباہ دیا کہ اب ہم بی جے پی قائدین کو ان کی زبان میں زبان جواب دیں گے اور ان کی گردنیں مروڑیں گے۔
چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ جب تک کے سی آر زندہ ہیں دلت بندھو اسکیم پر ساری ریاست میں عمل کیا جائے گا۔انہوں نے حضورآباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدوار کی ناکامی پر کہا کہ ہار اور جیت ہر کھیل کا ایک حصہ ہے۔انہوں یاد دلایا کہ 2018 کے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں بی جے پی کے 107 امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوئی تھیں۔
صدر بی جے پی تلنگانہ و رکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار پر انتہائی شدید تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ وہ غیر ذمہ دارانہ طریقہ سے کسانوں سے کہہ رہے ہیں کہ وہ Boiled Rice اُگائیں وہیں مرکز کی انہی کی بی جے پی حکومت نے اس چاول کو خریدنے سے انکار کردیا ہے۔
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ نے بنڈی سنجے کمار پر شدید ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ وہ نچلے درجہ کی سیاست کررہے ہیں جن کا ان کے سامنے کوئی مقام نہیں ہے۔
صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ نے کہا کہ وہ بہت زیادہ غرور میں مبتلا ہیں اور وہ ایک موقع پر انہیں جیل بھجوانے کی بات کہہ چکے ہیں چیف منسٹر نے چیلنج کیا کہ انہیں جیل بھجواکر دکھائیں۔
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ نے کہا کہ ریاستی بی جے پی قائدین بہت زیادہ بے لگام ہوکر گھمنڈ اور غرور کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ ریاست تلنگانہ کو مرکز کی بی جے پی حکومت بڑی تعداد میں فنڈس جاری کررہی ہے جسے حکومت دوسرے کاموں میں استعمال کررہی ہے جوکہ سفید جھوٹ ہے۔چیف منسٹر نے کہا کہ خود ریزرو بینک نے تلنگانہ کو تمام ریاستوں میں بہترین ریاست قرار دیا ہے۔
چیف منسٹر کے انکشاف کیا کہ سات سال کے دؤران ریاست تلنگانہ کو صرف 42 ہزار کروڑ موصول ہوئے ہیں وہ بھی مختلف اسکیمات کے فنڈس ہیں۔جو کہ تمام ریاستوں کو دیا جانے والا حصہ ہے اور یہ قومی ضامن روزگار اسکیم،نیشنل رورل ہیلتھ مشن اور سرواشکشا ابھیان کے تحت دئیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے ریاست کو 450 کروڑ کا بی آر جی ایف فنڈ اداشدنی ہے۔کئی فنڈس رُکے ہوئے ہیں لیکن ریاستی بی جے پی قائدین اور ارکان پارلیمان میں مرکز سے سوال کرنے کی ہمت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 157 میڈیکل کالجس کی منظوری دی گئی لیکن ریاست کو ایک میڈیکل کالج منظور نہیں کیا گیا۔
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے اعلان کیا کہ اب ہم مرکزی حکومت کے خلاف دھرنے منظم کریں گے اور اب ہم احتجاجی کسانوں کا ساتھ دیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت تینوں کسان قوانین کو منسوخ کرے۔بی جے پی کو چور قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا مرکزی حکومت ریاست کے کسانوں سے دھان خریدے گی۔
انہوں نے کہا کہ 100 سے زیادہ ایم ایل ایز،ارکان قانون ساز کونسل اور لاکھوں کارکنوں کا کیڈر ٹی آرایس پارٹی کے پاس موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سات سال کے دؤران ریاست تلنگانہ میں کیے گئے ترقیاتی کام سارے ملک کے لیے ایک مثال ہیں۔
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے انتباہ دیا کہ آئندہ حکومت یا ٹی آر ایس پارٹی پر غلط سلط الزامات پر زبان کھینچ لی جائے گی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔چیف منسٹر آج کی اس پریس کانفرنس میں اتنے برہم تھے کہ انہوں نے حکومت اور ٹی آرایس پارٹی کو اپنے جھوٹے بیانات کے ذریعہ نشانہ بنانے ریاستی بی جے پی قائدین کے لیے اشاروں میں اردو زبان میں " کمینے ، نالائق اور ناسمجھ ” جیسے الفاظ بھی استعمال کیے۔
انہوں نے بی جے پی پر انتہائی شدید ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ ہماچل پردیش میں چین قبضہ کرچکا ہے لیکن ان میں کوئی ہمت نہیں ہے صرف مذہبی جذبات کو بھڑکانے پاکستان کے نام کو استعمال کیا جارہا ہے۔
کوویڈ کے دؤران بی جے پی کی نااہلی کے باعث گنگا میں نعشوں کے ڈھیر لگ گئے تھے۔
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے اس پریس کانفرنس میں کئی مرتبہ شدید لفظوں میں بی جے پی کو انتباہ دیا کہ اب ہم بتائیں گے تمہیں دھرنے کیسے دئیے جاتے ہیں اور اب ہم خاموش نہیں رہیں گے۔انہوں نے مرکزی وزیر سیاحت جی۔کشن ریڈی کو بھی انتباہ دیا کہ وہ جھوٹے بیانات دینے سے باز آجائیں۔چیف منسٹر نے کہا کہ سوشل میڈیا اور ہر جگہ جھوٹ ہی جھوٹ پھیلایا جارہا ہے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ بارہا مرتبہ ان پرشخصی حملوں کے باؤجود وہ خاموش ہی رہے لیکن جب بات عوام اور ریاست کے مفاد کی آئی ہے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔کیونکہ ریاست اور اس کی عوام کے مفادات کا تحفظ ان کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث تمام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کھٹر پر بھی سخت تنقید کی جنہوں نے کسانوں پر حملہ کی پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی تھی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اب ہم خاموش نہیں رہیں گے لوک سبھا اور دہلی جاکر پارٹی کے ارکان پارلیمان،وزرا،ارکان اسمبلی،پارٹی قائدین اور کارکنوں کے ساتھ احتجاج منظم کریں گے۔
ChiefMinisterTelangTelangana#
SensationalPressConference#
KCRFiresOnBJP#

