اننت گیری ہلزکے گھاٹ پر چیتا کی نقل و حرکت، سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل
وقارآباد ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر کی تصدیق، عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ، وارننگ بورڈ نصب
حیدرآباد/وقارآباد : 12۔فروری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کے وقارآباد ضلع میں موجود مشہور سیاحتی مقام اننت گیری ہلز پر ایک چیتا کی نقل و حرکت کے دو ویڈیوز گذشتہ رات سےسوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔رات کے وقت لیے گئے ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اننت گیری ہلز کے گھاٹ کی اونچائی پرایک چیتا بیٹھا ہوا ہے ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھاٹ پر ہی چیتا حال ہی میں بچھائی گئی سی سی روڈ کی ایک جانب رات کے اندھیرے میں چل رہا ہے اور اسی دوران وہ سڑک عبور کرنے کے بعد جنگل میں داخل ہوجاتا ہے۔
یہ دونوں ویڈیوز ایک کار میں بیٹھے نامعلوم شخص نے لیے ہیں۔ان ویڈیوس کے وائرل ہونے کے بعد اننت گیری گھاٹ سےگزرنے والی گاڑیوں بالخصوص موٹر سیکل سواروں میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔اننت گیری گھاٹ تانڈور۔حیدرآباد براہ وقارآباد کے درمیان موجود ہے جہاں سے دن رات روزآنہ سینکڑوں گاڑیوں کا گزر ہوتا ہے۔
ان ویڈیوس کے وائرل ہونے کے بعد آج ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر(ڈی ایف او) گیانیشور نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ویڈیوز گذشتہ رات دس بجے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے جس کے فوری بعد محکمہ جنگلات کی ٹیم نے اس مقام کا معائنہ کیا لیکن چیتا نظر نہیں آیا ۔
انہوں نے بتایا کہ اننت گیری ہلز کےجنگلات میں پہلے سے کوئی چیتا موجود نہیں ہےلیکن ان ویڈیوز کو دیکھ کر آج دن میں بھی محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے اننت گیری گھاٹ کے اس مقام اور قریبی جنگلات کی تلاشی لی لیکن چیتا نظر نہیں آیا۔
ڈی ایف او گیانیشور نے تصدیق کی کہ انہوں نے بھی جائے مقام کا دورہ کیا اور ویڈیوز میں نظر آنے والا مقام اننت گیری گھاٹ کا ہی ہے اور وہاں چیتا کی نقل و حرکت کےنشان پائے گئے ہیں اورممکن ہیکہ چیتا اب بھی اس مقام پر نہیں ہوگا کیونکہ ان کی نقل و حرکت جاری رہتی ہے وہ ایک ہی مقام پر اپنا ٹھکانہ نہیں بناتے۔ انہوں نے بتایا کہ چیتا زیادہ تر ماہ اگست تا نومبر کے درمیان نقل و حرکت کرتے ہیں لیکن یہ چیتا فروری میں ہی نظر آیا ہے۔
ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر(ڈی ایف او) گیانیشور نے کہا کہ چیتا پڑوسی ریاست کرناٹک یا محبوب نگر ضلع کے محمد آباد کے جنگلات سے اننت گیری ہلز کی جانب آتے ہیں۔ڈی ایف او نے عوام کومشورہ دیا ہیکہ وہ چوکس رہیں انہوں نے کہاکہ چیتے عوام پرحملہ نہیں کرتے تاہم پھر بھی اس علاقے کے عوام اور وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کے ڈرائیور چوکس رہیں اگر چیتا نظر آئے تو محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو اطلاع دیں۔
اننت گیری گھاٹ پر چیتا کی نقل وحرکت کو دیکھتے ہوئے آج اننت گیری ہلز پر ایک وارننگ بورڈ آویزاں کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ سال کے اواخر میں بھی وقارآباد ضلع کے اننت گیری ہلز، پرگی کے کلک چیرلہ، نواب پیٹ اور تانڈور کے یالال منڈل میں بھی چیتا دیکھا گیا تھا۔
یاد رہے کہ سال 2023 اورسال 2024 کے اواخر میں مذکورہ بالا مقامات اور مواضعات میں چیتا نے ایک کسان پر حملہ کردیا تھا اور پالتو جانوروں کو بھی اپنا نشانہ بنایا تھا۔اس وقت یہ اطلاع زیر گشت تھی کہ ان علاقوں میں چیتے کا جوڑا دیکھا گیا ہے۔اب دوبارہ اننت گیری ہلز پر چیتا کی گشت کی اطلاع کے بعد اطراف و اکناف کے مواضعات کے عوام، کسانوں، مزدوروں، تانڈور سے وقارآباد کی جانب جانے والی گاڑیوں کے مالکین، ڈرائیورز، موٹرسیکل و آٹو رکشاؤں کے ذریعہ سفر کرنے والوں، مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز میں خوف پیدا ہوگیا ہے۔!!
" یہ بھی پڑھیں "