وقارآباد ضلع : سب انسپکٹر پولیس دھارور اے سی بی کے جال میں
30 ہزار روپئے کی رشوت لیتے ہوئے اپنے ڈرائیور کیساتھ گرفتار
حیدرآباد/وقارآباد: 11۔فروری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے دھارور منڈل پولیس اسٹیشن پر خدمات انجام دے رہےسب انسپکٹر پولیس وینو گوپال گوڑ کو آج 30 ہزار روپئے کی رقم بطور رشوت طلب اور قبول کرتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی)کے عہدیداروں نے ان کے خانگی ڈرائیور کے۔بیرپا سمیت رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے آج رات جاری کیے گئے پریس نوٹ کے مطابق دھارور پولیس اسٹیشن میں کیس نمبر 17/2025 بی این ایس کے سیکشن 35 کے تحت درج کیس میں اپنے فرزند کو پولیس اسٹیشن ضمانت منظور کرنےکے لیے اس کے افراد خاندان سب انسپکٹر وینو گوپال گوڑ سے رجوع ہوئے تو ان سے 30 ہزار روپئے کی رشوت طلب کی گئی۔جس پر انہوں نے اس کی شکایت محکمہ اینٹی کرپشن بیورو سے کی۔
اس سلسلہ میں آج شام اے سی بی کے عہدیداروں نے دھارور میں جال بچھایا اورمنصوبہ کے تحت جب 30 ہزار روپئے رشوت کی رقم اس کیس کے ملزم نمبر۔2 ڈرائیور کے۔بیرپاکےحوالے کی گئی بعدازاں جب یہ رقم سب انسپکٹر تک پہنچی تو دھاوہ منظم کرتےہوئے حاصل کی گئی رشوت کی رقم اور اس کیس کےملزم نمبر 1 سب انسپکٹر پولیس دھارور وینوگوپال گوڑ اور ملزم نمبر 2 ڈرائیور کے۔بیرپا کے ہاتھوں کے نشان بھی حاصل کرلیے گئے۔
پریس نوٹ کے مطابق بعدازاں محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے ملزم نمبر 1 سب انسپکٹر وینوگوپال گوڑ اور ملزم نمبر 2 کے۔بیرپا کو باقاعدہ گرفتار کرتےہوئے ایڈیشنل اسپیشل جج برائے اینٹی کرپشن کیسس،نامپلی، حیدرآباد کے روبرو پیش کیا گیا اور اس کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔یہاں یہ تذکرہ غیرضروری نہ ہوگاکہ آج محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے ہاتھوں گرفتار شدہ سب انسپکٹر پولیس وینو گوپال گوڑ تانڈور ٹاون پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وہیں 26 جنوری کو وقارآباد ضلع ہیڈ کوارٹر پر منعقدہ یوم جمہوریہ کی تقریب میں سب انسپکٹر پولیس دھارور وینو گوپال گوڑ نے کلکٹر ضلع وقارآباد پرتیک جین اور ضلع ایس پی کے۔نارائن ریڈی آئی پی ایس کے ہاتھوں” بہترین خدمات” کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی)کی جانب عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کسی بھی ملازم سرکار کی جانب سےسرکاری امور کی انجام دہی کے لیے رشوت طلب کیے جانے پر محکمہ اے سی بی کے ٹول فری نمبر 1064 پر اطلاع دیں یا پھر محکمہ کے واٹس یپ نمبر 9440446106 کیساتھ ساتھ فیس بک اور ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر محکمہ کے ہینڈل Telangana ACB کے ذریعہ شکایت درج کروائیں تو ان بدعنوان عہدیداروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔اور ساتھ ہی اطلاع دینے یا شکایت کرنے والوں کی شناخت پوشیدہ رکھی جائے گی۔
محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کا فیس بک لنک https://www.facebook.com/TelanganaACB
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل لنک https://x.com/TelanganaACB
” یہ بھی پڑھیں ”