ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے پرامن طور پر تہوارمنائیں، تانڈور میں امن اجلاس، ایس پی ضلع وقارآبادکوٹی ریڈی کا خطاب

ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے پرامن تہوارمنائیں
سوشل میڈیا پر پولیس کی گہری نظر،نفرت انگیز مواد پھیلانے اور
امن و امان کو مکدرکرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی
تانڈور میں امن اجلاس سے ایس پی ضلع وقارآباد کوٹی ریڈی کا خطاب

وقارآباد/تانڈور: 09۔مارچ (سحرنیوز ڈاٹ کام)

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآباد ضلع مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہا ہیکہ عوام ایک دوسرے کے مذاہب اور مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے مل جل کر بھائی چارہ کے ساتھ پرامن طور پر اپنے اپنے تہوار منائیں۔ضلع ایس پی تانڈور کی ایک ہوٹل کے فنکشن ہال میں محکمہ پولیس کی جانب سے منعقدہ امن اجلاس خطاب کررہے تھے۔

اس امن اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی ضلع وقارآباد ڈاکٹر ایم اے رشید،ڈی ایس پی تانڈورلکشمی نارائنا،صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈاسواپناپریمل ،نائب صدرنشین بلدیہ دیپا نرسملو،امیر مشاورت مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈورمحمد خورشید حسین،صدر مسلم ویلفیئراسوسی ایشن محمد بابر، نائب صدر ایم اے شلو،جنرل سیکریٹری مولانا محمدعثمان غنی،صدرجمعیتہ علماءضلع وقارآباد مولانامحمد عبداللہ اظہر قاسمی،صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو،ایم اے ستار مجاہدی(گولکنڈہ)،صدر بھدریشور مندر کمیٹی بنٹارام سدھاکر،بی جے پی ضلعی سیکریٹری یو۔رمیش، سرکل انسپکٹران پولیس تانڈور اربن و رورل راجندرریڈی اور رام بابوکے علاوہ دیگر شریک تھے۔

اس امن اجلاس میں شریک دونوں جانب کے ذمہ داران سے اپنے خطاب میں ضلع ایس پی مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے کہا کہ تمام مذاہب کا پیغام امن اور بھائی چارگی ہے اور ساتھ ہی انسانوں اور انسانیت سے محبت کا پیغام بھی تمام مذاہب کی اولین تلقین ہے۔

ضلع ایس پی مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے کہا کہ اب شری رام نومی،ہنومان جینتی اور رمضان کے ساتھ ساتھ تانڈور کی بھدریشور مندر کی جاترا تقاریب بھی منعقد ہورہی ہیں اور ان تمام تہواروں کو پرسکون ماحول میں پرامن طریقہ سے منایا جائے۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی برقراری کے ذریعہ ہی سب کی ترقی ممکن ہے اور امن و امان کی برقراری کیلئے سب کا بھی تعاون لازمی ہے۔

ضلع ایس پی مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے کہا کہ تمام کی ذمہ داری ہے ایک دوسرے کے مذہبی جذبات اور عبادت گاہوں کا احترام کرتے ہوئے انسانیت کا پرچم بلند ہی رکھا جائے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سماج کو خوش حال اور پرامن رکھنے کیلئے ضروری ہیکہ تمام مذاہب کے لوگ ایک خاندان کی طرح مل جل کررہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دؤران سماج دشمن عناصر کی جانب سے دونوں فرقوں میں تفرقہ پیدا کرنے کی غرض سے سوشل میڈیا کے ذریعہ پھیلائے جانے والے جھوٹ،اکسانے اور امن کو خراب کرنے والی خبروں پر ہرگز یقین نہ کریں اور اگر کوئی ایسے مواد کو سوشل میڈیا پر پھیلاتا ہے تو اسکی شکایت فوری پولیس سے کی جائے۔ضلع ایس پی مسٹر کوٹی ریڈی نے انتباہ بھی دیا کہ نفرت انگیز مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

انہوں نے تانڈور کی ہندو۔مسلم یکجہتی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جب بھی یہاں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے تو فوری طور پر دونوں جانب کے ذمہ داران نے آپس میں بیٹھ کر اس مسئلہ کو حل کرتے ہوئے امن کی برقراری کویقینی بنایا ہے۔

ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہا کہ ان تہواروں کے دؤران گڑبڑ کرنے اور اشتعال پھیلانے والوں پر پولیس کی جانب سے سخت نظر رکھتے ہوئے امن و امان کو مکدر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس امن اجلاس سے دونوں جانب کے ذمہ داران نےبھی خطاب کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تعاون اور پرامن طریقہ سے تہواروں کے انعقاد کا تیقن دیا۔

اس اجلاس میں ارکان بلدیہ مختار ناز،وجیہ دیوی،سینئر قائد سید مجیب حسینی،ٹی آر ایس قائد راجو گوڑ،ایم اے سلیم سابق صدر اردو گھر و شادی خانہ،محمد ارشاد،فیاض ماما،نائب صدر زرعی کمیٹی وینکٹ ریڈی،رکن ضلع پریشدگوڑی منجولا کے بشمول مختلف سیاسی جماعتوں،سماجی تنظیموں کے قائدین اور نمائندے شریک تھے۔