ضعیف شخص کا وزیراعلیٰ کے سی آر کے خلاف انوکھا احتجاج ،پیشانی پر ایک روپیہ کا سکہ، ہاتھ میں ہانڈی اور ایک ہاتھ میں بیانر

وقارآباد میں ایک ضعیف شخص کا وزیراعلیٰ کے سی آر کے خلاف انوکھا احتجاج

پیشانی پر ایک روپیہ کا سکہ،ہاتھ میں ہانڈی اور ایک ہاتھ میں بیانر،اور مخالف حکومت نعرے

وقارآباد:26۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع مستقر کی سڑکوں پر عوام کو آج ایک انوکھے طریقہ سے حکومت تلنگانہ اور چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایک نیم برہنہ شخص نے حیرت میں ڈال دیا۔

یہ احتجاجی ضعیف شخص اپنے جسم پر ایک تولیہ لپیٹا ہوا راستے بھر بیڑی کے کش بھی لے رہا تھا۔اس کے احتجاج کے دؤران سڑک پر ٹریفک کے گزرنے میں مشکلات بھی پیش آرہی تھیں۔

کرشنا نامی یہ ضعیف 65 سالہ شخص جو کہ وقارآباد کی راجیو گروہا کلپا کالونی کا مکین ہے اور پیشہ سے میکانک ہے،رامیا گوڑہ وقارآباد میں موجود اپنی میکانک شاپ سے اچانک اس طرح مختلف نعرے لگاتے ہوئے سڑک پر نکل آیا۔

جس نے اپنی پیشانی پر دھاگے کی مدد سے ایک روپیہ کا سکہ باندھا ہوا تھا جبکہ اس کے سید ھے ہاتھ میں ایک ہانڈی موجود تھی جس سے دھواں اٹھ رہا تھا۔

” وقارآباد کی سڑکوں پر نیم برہنہ احتجاج کرتا ہوا ضعیف شخص۔ (ویڈیو) "

وہیں اپنے دوسرے ہاتھ میں اس شخص نے اپنی گردن کی مدد سے ایک بیانر اٹھایا ہوا تھا جس پر اس ضعیف شخص کے مطابق وہ تمام درخواستیں اور شکایتیں چسپاں ہیں جنہیں اس نے بارہا مرتبہ سرکاری دفاتر میں داخل کی تھیں تاہم سرکاری طورپر ان کو حل نہیں کیا گیا۔

سڑک پر ٹریفک کے درمیان سے گزرتا ہوا یہ شخص کے سی آر ڈاون ڈاون،چیئرمین داون ڈاون جیسے نعرے لگاتے ہوئے مختلف نازیبا الفاظ بھی بک رہا تھا۔

یہ ضعیف شخص حکومت کی مختلف بندھو اسکیمات کے ساتھ ساتھ دلت بندھو اسکیم اور کے سی آر بندھو جیسے نعرے لگارہا تھا۔

اس کا الزام تھا کہ ان اسکیمات سے غریب طبقہ کو کوئی فائدہ نہیں ہورہا ہے! بتایا جاتا ہے کہ اس شخص نے اپنے گھریلو مسائل اور معاشی مشکلات کو دورکرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کئی درخواستیں متعلقہ محکمہ جات میں داخل کی تھیں جنہیں نظرانداز کردیا گیا۔

مانا جارہا ہے کہ آج خود کو اس طریقہ سے عوام ، میڈیا اور حکومت کو اپنی جانب متوجہ کروانے کی غرض سے اس نے یہ احتجاج منظم کیا ہوگا۔

وہیں آج وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی بھی وقارآباد کے دؤرہ پر تھیں سمجھا جارہا ہے کہ انہیں اپنے مسائل کی جانب راغب کروانے کی غرض سے اس ضعیف شخص نے یہ احتجاج منظم کیا ہوگا!!