خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے خلاف گستاخانہ بیان
بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف تانڈور میں پولیس سے شکایت
بعد نماز جمعہ مسلمانوں کا احتجاج،قانونی کارروائی کا مطالبہ
وقارآباد/تانڈور: 10۔جون
(سحرنیوزڈاٹ کام)
حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ اجمیر شریف کی شان میں بی جے پی رکن اسمبلی گوشہ محل حیدرآباد راجہ سنگھ کی گستاخی کےخلاف آج مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور کی جانب سے اسٹیشن مسجد،نزد ریلوے اسٹیشن بعد نماز جمعہ مسلمانوں کی کثیر تعداد نے احتجاج منظم کیا۔بعدازاں ڈی ایس پی تانڈور مسٹر جی۔شیکھرگوڑ نے جائے احتجاج پر پہنچ کر احتجاجیوں سے بات کی۔
اس موقع پر امیرمنتظمہ مسلم ویلفیئراسوسی ایشن محمدخورشید حسین،صدر مسلم ویلفیئراسوسی ایشن محمد بابر،صدرمجلس اتحادالمسلمین تانڈورعبدالہادی شہری،ریاستی صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا سید کمال اطہر،صدرٹاؤن ٹی آرایس ایم اے نعیم افو،سابق صدرٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف،نائب صدر مسلم ویلفیئراسوسی ایشن ایم اے علیم شلو،و جنرل سیکریٹری مولانا محمدعثمان غنی،ایم ستار مجاہدی (گولکنڈہ)،مجلسی فلورلیڈر بلدیہ سیدساجدعلی،
سابق ارکان بلدیہ محمدعرفان،سید زبیر لالہ،رکن بلدیہ محمدمختار احمد ناز،نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مینارٹی ڈپارٹمنٹ خالد سیف اللہ، غلام مصطفی پٹیل،شکور خان،خلیل اللہ شریف اور دیگر نے ڈی ایس پی مسٹر جی۔شیکھرگوڑ کو ایک شکایت حوالے کرتے ہوئے بی جے پی رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ کےخلاف ایک کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا جنہوں نے حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ اجمیر شریف کے خلاف انتہائی نازیبا اور گستاخانہ انداز میں بیان دیتے ہوئے مبالغہ آرائی سے کام لیا اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

جس پر ڈی ایس پی جی۔شیکھرگوڑ نے تیقن دیا کہ بعد تحقیقات کیس درج کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈی ایس پی نے کہا کہ امن و امان اور قومی یکجہتی کی برقراری کے لیے کسی کو نقص امن پیدا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے تمام سے اپیل کی کہ وہ تانڈور میں امن و امان کی برقراری کے لیے پولیس کے ساتھ مزید تعاون کو دیں۔
اس احتجاج میں بڑی تعداد میں نوجوان شریک تھے۔ساتھ ہی مسلم قائدین نے ڈی ایس پی سے درخواست کی کہ سابق قومی ترجمان بی جے پی نوپورشرما کی جانب سے اہانت رسول ﷺ کےخلاف تانڈور میں 13 جون بروز اتوار کو ایک احتجاجی ریالی منظم کرنے کی اجازت دی جائے۔

