کنگنا راناوت کو سی آئی ایس ایف خاتون کانسٹیبل نے چندی گڑھ ایئر پورٹ پر تھپڑ مار دیا!!

کنگنا راناوت کو سی آئی ایس ایف خاتون کانسٹیبل نے چندی گڑھ ایئر پورٹ پر تھپڑ مار دیا

نئی دہلی : 06۔جون
(سحر نیوز ڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

اپنی چرب و بدزبانی اور اپنے متنازعہ بیانات کےذریعہ اپنی ایک مخصوص پہچان کی حامل اداکارہ سے سیاستداں بنی کنگنا راناوت کو آج جمعرات کے دن چندی گڑھ ایئرپورٹ پر سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)کی ایک خاتون سیکیورٹی ملازم نے تھپڑ مار دیا۔ ہندوستان ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے اور اس واقعہ کا 8 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہماچل پردیش کے منڈی پارلیمانی حلقہ سے حالیہ انتخابات میں منتخب رکن پارلیمان کنگنا راناوت کو سیکورٹی چیک کے دوران سیکورٹی ملازمین کو دھکا دینے پر سی آئی ایس ایف کانسٹیبل کلوندر کورنے تھپڑ مارا۔جب اداکارہ سیاست دان بننےوالی کنگنا راناوت نے سیکورٹی چیک کے دوران اپنا فون ٹرے میں رکھنے سے انکار کر دیا تھا۔

کنگنا راناوت وستارا کی فلائٹ سے سہ پہر 3 بجے دہلی کے لیے روانہ ہوئیں۔ایک اور اطلاع میں میڈیا کی جانب سے بتایا جارہاہےکہ کسان تحریک کے دوران احتجاجی کسانوں کو کنگنا راناوت کی جانب سے خالصتانی کہے جانےکےخلاف برہم اس خاتون سیکیورٹی ملازمہ نےیہ تھپڑ مارا ہے۔!؟

X” ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اس واقعہ کے بعد سی آئی ایس ایف کی کانسٹیبل کلوندر کور کا بھی ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ کسانوں کے احتجاج میں ان کی ماں بھی شریک تھیں۔جب کنگکنا راناوت نے ان کسانوں کے خلاف بیان بازی کی تھی۔

کنگنارناوت وزیر اعظم نریندر مودی کی کھلےعام حامی رہی ہیں اور انہوں نے 2019-20 میں شہریت (ترمیمی) ایکٹ اور کسانوں کے احتجاج جیسے مسائل پر اپنی حکومت کی حمایت کی تھی اور انہیں ایودھیا میں رام کی مورتی کی تنصیب کے دؤران مدعو بھی کیا گیا تھا۔

کنگنا راناوت پر حملہ ہماچل پردیش کے منڈی سے لوک سبھا الیکشن جیتنے کے دو دن بعد ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ کنگنا راناوت نے کانگریس کے حریف وکرمادتیہ سنگھ کو 74,755 ووٹوں کی اکثریت سے شکست دی ہے۔ کنگنا راناوت نے بطور سیاسی لیڈر اپنے پہلے لوک سبھا الیکشن میں 5,37,022 ووٹ حاصل کیے۔