کار کی ٹکر کے بعد پھنسے ہوئے زخمی چیتے کی کامیاب جدوجہد،دل شکن منظر
ویڈیو وائرل،ٹوئٹر پر جانوروں کو بچانے کی مہم،اداکارہ روینہ ٹنڈن بھی شامل
حیدرآباد: 22۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)
چیتا جسے سب سے تیز رفتار دؤڑنے والا خونخوار جانور ماناجاتا ہے کا ایک ایسا ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل ہوا ہے جسے دیکھ کرصارفین افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔اس خوفناک واقعہ کے مناظر ویڈیو میں قید ہوگئے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک چیتا گاڑی سے ٹکرانے کے بعد کار کے بونٹ (سامنے والے) حصہ اور سڑک کے درمیان پھنس گیاہے اور خود کو وہاں سے نکالنے کی کوشش کررہا ہے۔
یہ حادثہ کہاں پیش آیا اس کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔تاہم اس حادثہ کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔انڈین فاریسٹ سرویس (آئی ایف ایس) کے عہدیدار Susanta Nanda IFS@ نے اس حادثہ کا ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”جنگلی اور دردناک دل دہلا دینے والا منظر۔انفراسٹرکچر کی وجہ سے ہمارےجنگل اور جانوروں کو تباہ ہوتے دیکھ کر اس سے زیادہ تکلیف اور کوئی نہیں ہوسکتی۔اور یکساں انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔
https://twitter.com/susantananda3/status/1538873258095034369
سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کار سے ٹکر کے بعد کار کا اگلا حصہ ٹوٹ گیا ہے اور اس کے انجن سے دھواں بھی نکل رہا ہے۔وہیں کار کے بونٹ کے نیچے پھنسا ہوا چیتا نکلنے کے لیے کوشش کررہا ہے۔بعدازاں کافی تگ و دود کے بعد پھنسا ہوا چیتاکسی طرح خود کونکال لیتاہے اور دؤڑتے ہوئےہائی وے سڑک کی دوسری جانب بھاگتے ہوئ سڑک پارکرکے ریلنگ پر چڑھ کر ہائی وے کی دوسری جانب کود جاتا ہے۔
اسی حادثہ کے وقت دوسری جانب سے لیے گئے ایک اور ویڈیو کو اداکارہ روینہ ٹنڈن Raveena Tandon@ نے بھی ٹوئٹ کیا۔جس میں چیتا کو ہائی وے پر کار کی زد میں آنے کے بعد لگاتار کوشش کے بعد کار کے بونٹ سے نکل کر بھاگتے ہوتے ہوئے دیکھاجاسکتاہے۔
اداکارہ روینہ ٹنڈن نے اس ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئ لکھا ہےکہ”اس خوبصورت چیتے کے لیے دعائیں…امید ہے کہ وہ زندہ بچ جائے گا،اگرچہ وہ بری طرح سے زخمی ہواہے،وہ جنگل میں بھاگ گیاہے۔WildLense_India@ مجھے امید ہے کہ ہمارے سیاست داں اس حقیقت سے بیدار ہوں گے کہ تحفظ کے طریقوں کے بارے میں اچھی طرح سے سوچنے کے ساتھ ہی یکساں ترقی ایک ساتھ ہوسکتی ہے۔
ٹوئٹر پر اس ویڈیو کوشیئر کیے جانے کے بعدسے اس ویڈیو نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی ہے اور یہ ویڈیوسوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی شیئر ہواہے۔جہاں کئی سوشل میڈیا صارفین نے اس حادثہ پر شدید افسوس ظاہر کرتے ہوئےلکھا ہے کہ مکمل ویڈیو دیکھنامشکل ہےاور یہ مجرمانہ عمل ہے۔کسی نے لکھا کہ”خوبصورت چیتا کو امید ہے کہ کوئی چوٹ نہیں آئی ہوگی۔”

ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ بھوک پیاس کی شدت سے پریشان جانور جب جنگلوں سے نکل کر ہائی ویز اور سڑکوں پر آجاتے ہیں تو وہ دن کی روشنی اور رات کے وقت گاڑیوں کی لائٹس کی روشنی سے پریشان ہوکر ادھر اُدھر بھاگنے کی کوشش میں حادثات کا شکار ہوجاتے ہیں۔
جاریہ ہفتہ ہی حیدرآباد سے 70 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود وقارآبادضلع کےخوبصورت سیاحتی مقام”اننت گیری ہلز”پر ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک ہرن ہلاک ہوگیا تھا۔جبکہ اننت گیری ہلز پر ایسے واقعات کا پیش آنا عام بات بن کر رہ گئی ہے!!۔

