سنگاریڈی ضلع میں لاری اور کار میں خوفناک تصادم،کار میں سوار پانچ افراد ہلاک
حیدرآباد/سنگاریڈی:06۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں آج پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں پانچ افراد کی جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے۔
سنگاریڈی ضلع کے چوٹا کور منڈل مستقر کے قریب کار اور لاری کے درمیان قومی شاہراہ پر پیش آئے اس تصادم کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق موضع رنگم پیٹ ضلع میدک کے ساکن پدماں 30 سالہ اور امباداس 40 سالہ کا لڑکا 6 سالہ وویک چند دنوں سے بیمار تھا۔

جسے علاج کی غرض سے سنگاریڈی کے ضلع ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا آپریشن کے بعد صحت مند ہونے کے بعد آج اس لڑکے کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا اور یہ خاندان کار کے ذریعہ واپس اپنے موضع لوٹ رہا تھا کہ چوٹاکور کے قریب ان کی کار سامنے سے آنے والی لاری سے ٹکراگئی اس حادثہ کے وقت کار میں پانچ افراد سوار تھے اور ان تمام کی اس خوفناک سڑک حادثہ میں جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔
مہلوکین میں ماں پدماں، باپ امباداس ، ہسپتال سے ڈسچارج لڑکا وویک کے علاوہ رنگم پیٹ چرچ کے پادری لوکا 44 سالہ اور ان کی بیوی دیوینا 41 سالہ شامل ہیں۔
اس حادثہ کی اطلاع کے فوری بعد سب انسپکٹر پولیس پولکل ناگا لکشمی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ۔ بعد پنچنامہ پانچوں مہلوکین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کی غرض سے سنگاریڈی کے ضلع ہسپتال کو منتقل کردی گئیں۔اس سلسلہ میں پولکل پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات میں مصروف ہے

