تلنگانہ میں ڈینگو اور وبائی امراض میں ہورہا ہے اضافہ،عوام چوکس رہیں
ڈائرکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر سرینواس راؤ کا انتباہ،احتیاطی اقدامات ناگزیر
حیدرآباد :06۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
ڈائرکٹر محکمہ صحت حکومت تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤنے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ تلنگانہ میں ڈینگو کے ساتھ دیگر وبائی امراض میں اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ ڈینگو اور دیگر وبائی امراض سے تحفظ کے لیے ہر عمر کے افراد اس سلسلہ میں چوکس رہیں اور تمام احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
تاہم انہوں نے انکشاف کیا کہ پہلے کی بہ نسبت اب ڈینگو اور ملیریا کے کیس ریاست میں کم ریکارڈ ہورہے ہیں ۔انہوں نے ایک تلگو نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ان امراض سے اموات کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
ڈائرکٹر آف پبلک ہیلتھ حکومت تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤنے کہا کہ بارش کے دؤران ان وبائی امراض کا پھیلنا خوف کا باعث ہے انہوں نے کہا کہ وبائی امراض بالخصوص آلودہ پینے کا پانی اور ناقص غذاء کے استعمال کی وجہ سے گھیر لیتے ہیں۔
ڈائرکٹر آف پبلک ہیلتھ حکومت تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤنے انکشاف کیا کہ ریاست تلنگانہ میں گزشتہ تین سال کے دؤران ڈینگو سے اموات نہیں ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، بلدیات اور پنچایت راج کی جانب سے عوام میں ڈینگو اور مختلف وبائی امراض سے تحفظ کے لیے کس طرح کے احتیاطی اقدامات کیے جائیں اس سے عوام کو واقف کروایا جارہا ہے۔
ڈائرکٹر آف پبلک ہیلتھ حکومت تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤنے کہا کہ تمام سرکاری محکمہ جات آپسی تال میل کے ذریعہ تلنگانہ کو ایک صحت مند اور امراض سے پاک ریاست بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اور گزشتہ تین ماہ سے ٹاؤنس اور مواضعات میں پانی کا ذخیرہ ہونے والے مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے ان مقامات پر مچھروں کی افزائش کو روکنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں اور ساتھ ہی اضلاع کے ہسپتالوں کو ریاپیڈ ڈائیگناسٹک ٹسٹ کٹ فراہم کیے جائیں گے۔
ڈینگو، ملیریا اور دیگر وبائی امراض سے تحفظ کے لیے لازمی ہے عوام پینے کے پانی کو گرم کرنے کے بعد اس ٹھنڈا کرکے استعمال کریں،اپنے گھر کے ساتھ ساتھ گھر کے باہر،اطراف و اکناف کا ماحول بھی صاف ستھرا رکھیں تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو، باسی اور ناقص غذاؤں کا استعمال نہ کریں۔