سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بچانے کی کوشش،وزیر داخلہ مدھیہ پردیش خود سیلاب میں پھنس گئے
انڈین ایرفورس کے ہیلی کاپٹر کی مدد سے بشمول 9 افراد وزیر داخلہ کو بحفاظت نکال لیا گیا
بھوپال: 05۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ کشتی میں سوار ہوکر سیلاب کے پانی میں محصور عوام کو بچانے کی کوشش میں خود سیلابی پانی میں پھنس گئے جنہیں فوری امداد پہنچاتے ہوئے انڈین ایرفورس کے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ سیلاب متاثرہ علاقہ سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
وزیر داخلہ مدھیہ پردیش نروتم مشرا سیلاب سے شدید متاثر ڈاٹیا ضلع کا جائزہ لینے میں مصروف تھے۔جنہوں نے دیکھا کہ سیلابی پانی میں محصور ایک مکان کی چھت پر 9 افراد مدد کے انتظار میں ہیں اور مکان کے ساتھ ساتھ چھت تک سیلابی پانی پہنچ چکاہے اور وہ اسی علاقہ کے رکن اسمبلی بھی ہیں۔
انہیں دیکھنے کے بعد نروتم مشرا جو کہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ٹیم کے ساتھ کشتی پرسوار تھے تیز ہواؤں اور بارش کے دؤران اس مکان تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔اس سے قبل کہ وزیر داخلہ نروتم مشرا سیلاب میں پھنسے ان افراد کی کوئی مدد کرتے ایک درخت ٹوٹ کر ان کی کشتی پر گرپڑا جوں توں اس کشتی پر سے گرے ہوئے درخت کو راحتی اور بچاؤ ٹیم نے ہٹادیا لیکن اس کشتی کی موٹر نے کام کرنا بند کردیا۔
MP home minister @drnarottammisra was airlifted by from Kotra village in Datia he went by boat to Kotra where 9 persons were stranded but the boat fell flat as the boat got stuck due to a collapsed tree @INCMP says "stunt" for competitive politics @ndtv @ndtvindia pic.twitter.com/hYlw7fDUEL
— Anurag Dwary (@Anurag_Dwary) August 4, 2021
عہدیداروں نے بتایا کہ وزیر داخلہ نروتم مشرا نے فوری متعلقہ عہدیداروں کو موبائل فونس کے ذریعہ اس بات کی اطلاع دی جس کے فوری بعد نروتم مشرا اور مکان کی چھت پر پھنسے ہوئے 9 افراد کو بچانے کی غرض سے انڈین ایرفورس کا ہیلی کاپٹر مذکورہ مقام پر بھیجا گیا۔
وزیر داخلہ مدھیہ پردیش نروتم مشرا نے پہلے سیلاب کے پانی میں محصور مکان کی چھت پر موجود 9 افراد کو ہیلی کاپٹر میں سوار کروایا جس کے بعد انڈین ایر فورس کی ٹیم نے ایک رسی نیچے چھوڑی جس کی مدد سے وزیر داخلہ کو وہاں سے بحفاظت نکال لیا گیا۔
اس واقعہ کے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیر داخلہ سفید کرتا اور کالی جیکٹ میں ہوا میں جھولتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں کھینچ لیے گئے اس سے قبل وزیر داخلہ مدھیہ پردیش نروتم مشرا نے کئی سیلاب متاثرہ علاقوں اور متاثرین کے لیے قائم کیمپس کا دؤرہ کیا۔
اس سلسلہ میں مدھیہ پردیش کے کانگریسی لیڈر بھوپیندرا گپتا نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر داخلہ نروتم مشرا کی جانب سے کی گئی تشہیر حاصل کرنے کی کوشش ناکام ہوئی ہے! انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیر داخلہ نروتم مشرا نے اسپائڈر میان بننے کی کوشش کی تھی وہ خود ان کے لیے خطرناک تھا۔
شدید سیلاب سے متاثرہ مدھیہ پردیش کے ڈاٹیا ضلع میں دو پل ٹوٹ گئے ہیں اور قومی شاہراہ نمبر 3 پر ایک پل کو نقصان پہنچا ہے جسے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جس کے باعث چھترا پور،ساگر جھانسی اور گوالیار کے درمیان ٹریفک نظام مسدود ہوگیاہے۔وزیراعلیٰ مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے بھی سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا۔