کورونا وائرس کے علاج کیلئے اسپتال کا بِل 22 کروڑ روپئے ہوا!

کورونا وائرس کے علاج کیلئے اسپتال کا بِل 22 کروڑ روپئے ہوا!

واشنگٹن :28۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

امریکہ کو علاج کے معاملہ میں دنیا کا سب سے مہنگا ملک مانا جاتا ہے۔ایسے میں کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ ایک کوروناوائرس سے متاثرہ شخص جس نے چار ماہ اسپتال میں شریک رہ کر اپنا علاج کروایا ہو اس کا اسپتال بِل کتنا آیا ہوگا؟

پورے تین ملین ڈالر! جی ہاں یعنی انڈین کرنسی میں اس کی رقم ہوئی پورے 22 کروڑ روپئے!

دراصل ایک امریکی شخص نے کورونا وائرس کا علاج چار ماہ تک اسپتال میں رہ کرکروایا۔جب وہ صحت یاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج ہوا اور گھر پہنچا تو چند دنو ں بعد اس نے علاج اور اسپتال کے تمام بِلس پرمشتمل ایک ویڈیو بناکر ” ٹِک ٹاک” پر پوسٹ کردیا۔

جو بہت زیادہ وائرل ہوگیا اور چند دنوں میں اس ویڈیو کو 96 لاکھ لوگوں نے دیکھ کر تعجب اور حیرت کا اظہار کیا کہ کیا کورونا وائرس کے علاج کیلئے اتنی خطیر رقم خرچ ہوتی ہے؟

اس ویڈیو میں اس شخص نے اسپتال میں اس کو دی گئیں طبی سہولتیں ، علاج ،ادویات اور اسپتال کے بلس پیش کیے۔

ہندوستان کی شبیہ ساری دنیا میں سستے اور بہتر علاج کیلئے مشہور ہے اور کئی ممالک سے مریض یہاں کے مشہور شہروں بالخصوص حیدرآباد جو کہ ایک میڈیکل ہب کی شناخت حاصل کرچکا ہے آکر اپنا علاج کرواتے ہیں۔

کورونا وائرس کی دوسری لہر کے قہر کے دؤران پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا ، کرناٹک ،آندھراپردیش اور چھتیس گڑھ سے کئی کورونا وائرس متاثرین کو انکے رشتہ داروں نے حیدرآباد کے مختلف خانگی اسپتالوں کو منتقل کیا تھا۔

ساتھ ہی حیدرآباد کے بشمول ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلا ع سے بھی سینکڑوں کی تعداد میں کورونا وائرس متاثرین کو حیدرآباد ہی کے مختلف خانگی اسپتالوں کو منتقل کیا گیا کئی اسپتالوں پر یہ الزامات آج بھی ہیں کہ انہوں نے علاج کیلئے لاکھوں روپئے وصول کیے۔!!

یہی وجہ تھی کہ حکومت نے کئی خانگی اسپتالوں کے لائسنس منسوخ کیے ، زائد از 66 خانگی اسپتالوں کو نوٹس جاری کی اور خود محکمہ صحت کے عہدیدار نے ہائی کورٹ کو بتایا تھا کہ ایک خانگی اسپتال سے 65 لاکھ روپئے کی رقم واپس حاصل کی گئی ہے۔

جبکہ ماہ اپریل اور مئی میں ہی ریاستی ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ کورونا وائرس کے علاج کی قیمتوں کا تعین کرکے ایک جی او جاری کرے۔

بالاآخر ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد ریاستی محکمہ صحت نے 23 جون کو ایک جی او نمبر 401 کرتے ہوئے خانگی اسپتالوں کیلئے کورونا وائرس کے علاج کیلئے قیمتوں کا تعین کیا ہے۔

جی او اور کوروناوائرس کے علاج کی طئے شدہ قیمتوں پرمشتمل سحرنیوزڈاٹ کام کی تفصیلی خبر اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہے۔

تلنگانہ میں خانگی اسپتالوں کی لوٹ کھسوٹ روکنے کی غرض سے حکومت نے طئے کیں کورونا علاج کی قیمتیں