جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے گجانن مالیہ سے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی ملاقات
قدیم تانڈور ریلوے گیٹ پرفلائی اووربریج کی تعمیر،ٹرین کی توسیع اور ٹرینوں کے توقف کیلئے نمائندگی
وقارآباد/تانڈور:29۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے گجانن مالیہ سے آج رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے ملاقات کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی تانڈور میں محکمہ ریلوے کی جانب سے زیر التواء اور حل طلب مسائل سے انہیں واقف کروایا۔
اس ملاقات کے دؤران رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے گجانن مالیہ کو ایک یادداشت بھی حوالے کی ۔ جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر فلائی اوور بریج کی تعمیر کا مطالبہ دیرینہ ہے اورعوام کی سہولت کیلئے فلائی اوور بریج کی تعمیر انتہائی لازمی ہے ۔اسی طرح بشیر آباد منڈل مستقر پر بھی ریلوے انڈر بریج کی تعمیر ناگزیر ہے۔
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے گجانن مالیہ سے مطالبہ کیا کہ تانڈور ریلوے اسٹیشن میں ضعیف ، بیمار اور معذور مسافرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس کے لیے ریلوے اسٹیشن میں لِفٹ یا ایلی ویٹر کی تعمیر عمل میں لائی جائے تو ان مسافرین کو سہولت حاصل ہوگی۔
ساتھ ہی رکن اسمبلی نے اپنی یادداشت میں جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے سے مطالبہ کیا ہے کہ گنٹور ۔ رے پلی پاسنجرٹرین نمبر 12748 جسے وقارآباد جنکشن تک چلایا جارہا ہے اس پاسنجر ٹرین کو تانڈور تک توسیع دی جائے جس سے تانڈور سے گنٹور، حیدرآباداور وقارآباد تک کا سفر کرنے والے مسافرین کو سہولت حاصل ہوگی۔
جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے گجانن مالیہ کو رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی جانب سے پیش کی گئی یادداشت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سکندرآباد۔تروپتی کے درمیان چلائی جانے والی پدماوتی ایکسپریس ٹرین نمبر 12764 کوتانڈور ریلوے اسٹیشن پر توقف دیا جائے۔اسی طرح ہبلی ایکسپریس ،ناندیڑ ایکسپریس ،رائلسیما ایکسپریس اور گلبرگہ انٹرسٹی ایکسپریس کو ناوندگی ریلوے اسٹیشن پر توقف دیا جائے۔

بعد ازاں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے وزیراعلیٰ کے سی آر کی جانب سے انٹی گریٹیڈ مارکیٹ کے قیام کے اعلان کے بعد آج حیدرآباد میں محکمہ پبلک ہیلتھ کے ای ایس سی سریدھر اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے تانڈور کے رعیتو بازار میں اِنٹی گریٹیڈ مارکیٹ کے قیام اور بلدیہ تانڈور کے تحت مختلف ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے نمائندگی کی۔
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے بعد ازاں میڈیا کو بتایا ہے کہ تانڈور کے رعیتو بازار میں تمام عصری سہولتوں سے لیس اِنٹی گریٹیڈ مارکیٹ قائم کی جائے گی۔
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا ہے کہ ان کی جانب سے شہر تانڈور میں زیر التواء تمام ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرلینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔