ہریتا ہارم پروگرام کے ساتویں،پلے پرگتی کے چوتھے اور پٹنا پرگتی کے تیسرے مرحلہ کو کامیاب بنایا جائے:سبیتاریڈی

ہریتا ہارم پروگرام کے ساتویں،پلے پرگتی کے چوتھے اور پٹنا پرگتی کے تیسرے مرحلہ کو کامیاب بنایا جائے

ریاستی وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی کا دؤرہ وقارآباد،ضلع کے عہدیداروں سے گوگل میٹ کے ذریعہ خطاب

وقارآباد: 29۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے ضلع کے منتخبہ عوامی نمائندوں ، عہدیداروں اور عوام سے خواہش کی ہے کہ ریاستی وزیر اعلیٰ کے منصوبہ کے تحت یکم ؍جولائی سے آغاز کیے جارہے ہریتا ہارم کے ساتوں ، پلے پرگتی کے چوتھے اور پٹناپرگتی کے تیسرے مرحلہ کو کامیاب بنایا جائے۔وہ آج دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں منعقدہ اجلاس کے بعد گوگل میٹ کے ذریعہ خطاب کررہی تھیں۔

اس موقع پر انکے ساتھ ضلع کلکٹر پوسومی باسو ،چیوڑلہ ، وقارآباد ، کوڑنگل اور پرگی کے ارکان اسمبلی کالے یادیا ، ڈاکٹر میتکو آنند، پی۔نریندرریڈی اور مہیش ریڈی،صدر نشین ٹی ایس ای ڈبلیو آئی ڈی سی ناگیندرگوڑ، نائب صدر ضلع پریشد وجئے کمار، صدرنشین ضلع لائبرریز وقارآباد مرلی کرشنا گوڑ، ایڈیشنل کلکٹران موتی لال ، چندریا ،سی ای او ضلع پریشد جانکی ریڈی ،ڈی پی او رضوانہ، صدر نشین بلدیہ وقارآباد منجولہ رمیش اور دیگر موجود تھے۔

جبکہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی،ضلع کی بلدیات کے صدور،کمشنران،منڈلات کے ایم پی پیز ، زیڈ پی ٹی سیز ،ایم پی ڈی اوزنے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ پلے پرگتی کے تحت ہر ماہ ضلع وقارآباد کے 566 مواضعات کو 7 کروڑ 91 لاکھ روپئے کے فنڈس جاری کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج تلنگانہ کے مواضعات گاندھی جی کے خوابوں کی تعبیر گراما سواراج کی جانب قدم بڑھارہے ہیں۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ ضلع کی چار بلدیات وقارآباد، تانڈور ، کوڑنگل اور پرگی کو ماہانہ ایک کروڑ 60  لاکھ روپئے کے فنڈس سیدھے طورپر پہنچائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک ایڈیشنل کلکٹر کی خدمات کو خصوصی طور پر مقامی ادارہ جات کیلئے مختص کیا ہے ضرورت ہے مواضعات کی طرح شہر بھی صاف و شفاف رہیں۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ جن عہدیداروں کو جو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے وہ مکمل کریں۔

وزیر تعلیم نے کہا ہر ایک وارڈ کیلئے ایک نرسری کا نظم کیا جائے اور سرکاری دفاتر کی صاف صفائی کے علاوہ ان میں موجود قدیم اشیاء کو نکالا جائے انہوں نے کہا کہ ضلع کے ٹاؤنس اور مواضعات کو سرسبز و شاداب بنایا جائے۔

ساتھ ہی ہریتا ہارم پروگرام کے تحت شجر کاری کی غرض سے تمام منتخبہ عوامی نمائندے ہر گھر تک پہنچیں اور 6 پودے حوالے کرتے ہوئے عوام کو شجر کاری کی جانب راغب کیا جائے۔ضلع میں رعیتو ویدیکا کی عمارتیں، ڈمپنگ یارڈس ،شمشان گھاٹوں کے کاموں کو جلد مکمل کرلیا جائے اور ان کے احاطہ میں پودے لگائے جائیں۔

وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ یکم جولائی تا 10 جولائی منعقدہ اس پروگرام کو ایک منظم منصوبہ کے تحت کامیاب بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس دس روزہ پروگرام کے دؤران سرکاری دفاتر، اسکولس ، آنگن واڑی سنٹرس ،اسپتالوں ، گرم پنچایتوں ، دفاتر بلدیہ،خالی مقامات ،رعیتو ویدیکا کی عمارتوں،سڑکوں کی دونوں جانب اور دیگر مقامات پر بڑے پیمانے پر پودے لگائے جائیں۔