بھیونڈی کی مسجد میں ایسی مہمان نوازی کہ ہندو والدین کی آنکھیں خوشی سے نم ہو گئیں!

بھیونڈی کی مسجد میں ایسی مہمان نوازی کہ ہندو والدین کی آنکھیں خوشی سے نم ہو گئیں!

حیدرآباد: 23۔جون
(سحر نیوزبیورو/سوشل میڈیا ڈیسک)

 

ملک میں مذہبی منافرت  پھیلانے کی ناپاک سازشوں کے اس دور میں انسانیت، محبت اور  بھائی چارہ کی ایک نہایت خوبصورت اور دلنشین مثال سامنے آئی ہے۔ جس کے ویڈیوز سوشل پر وائرل ہیں اور  سیکولر و کھلے ذہن کے سوشل میڈیا صارفین اس اقدام کی ستائش کر رہے ہیں۔

21 جون کو مہاراشٹرا کے بھیونڈی میں موجود صلاح الدین ایوبی میموریل اردو اسکول اینڈ جونیئر کالج میں طلبہ کا NEET امتحانی مرکز  قائم کیا گیا تھا۔شدید گرمی اور امتحان کے دباؤ کی وجہ سے بچوں کے ساتھ آنے والے والدین سخت پریشان تھے کہ کئی گھنٹے باہر  دھوپ میں کیسے گزاریں گے۔

اسی دوران شمع نامی ایک طالبہ نے آگے بڑھ کر تمام والدین کا خندہ پیشانی سے استقبال کیا، انہیں ٹھنڈا پانی پلایا اور بچوں کو ان کے رول نمبر کے مطابق ان کے امتحانی مرکز   تک پہنچانے میں رہنمائی کی۔

 جب بچے امتحان دے رہے تھے تو باہر انتظار کرنے والے والدین کو قریب کی ایک مسجد دارالعلوم دینیات میں باعزت طریقہ سے جگہ  دی گئی۔ وہاں ان کے آرام کے لیے گدّے بچھائے گئے، کولر اور پنکھوں کا انتظام کیا گیا، جبکہ وقفہ وقفہ سے انہیں چائے، بسکٹ اور جوس بھی  پیش کیے گئے۔

مسجد کمیٹی کے ان قابل ستائش انتظامات میں مقامی مسلم رہائشیوں اور قریبی ہاؤزنگ سوسائٹیوں اور کمیونٹی ہالوں نے تعاون کیا۔ مسجد کمیٹی کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر بڑے  پیمانے پر سراہا جا رہا ہے اور اسے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک دلنشین مثال قرار دیا جار ہا ہے۔

نیٹ کا امتحان ختم ہونے کے بعد  والدین کے ایک جوڑےنے  جذباتی انداز میں کہا  کہ ہم  نے  یہاں صرف انسانیت کو  دیکھا۔جذبات سے مغلوب ایک اور  والدین نے بھی اسی طرح کے جذبات کا اظہار کیا کہ” ہم صدفیصد مطمئن ہیں۔ لوگ اکثر  ذات پات اور  مذہب کے بارے میں بات کرتے ہیں، لیکن  یہاں ہم نے صرف انسانیت کو دیکھا، لوگ ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں  یہی سب سے اہم ہے۔”

انہوں نے بتایا کہ کس طرح مسجد میں رضاکاروں نے آتے ہی والدین کی رہنمائی کی اور انہیں دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا” ہمیں پانی، ناشتہ اور  یہاں تک کہ آم بھی دیے گئے۔ پھر ہمیں پہلی منزل دکھائی گئی جہاں والدین کے آرام کے انتظامات کیے گئے تھے، جہاں پنکھے چل رہے تھے، ماحول پرسکون تھا اور ہمیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔”

انہوں نے الہاس نگر میں پہلے کے امتحانی مرکز کے تجربے کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں والدین کو بیٹھنے یا آرام کرنے کے لیے جگہ تلاش کرنے کے لیے جدوجہد کرنی پڑی تھی۔انہوں نے کہا "یہاں میں نے انسانیت کی حقیقی روح کا تجربہ کیا۔ دینیات مسجد ٹرسٹ کی طرف سے  دکھائی جانے والی محبت، خلوص اور تعاون قابل تعریف ہے۔”

امبرناتھ کی ایک کاروباری شخصیت پریا کنور نے کہا کہ انہیں اس طرح کے انتظامات کی کبھی توقع نہیں تھی۔”میری بیٹی کا پچھلا امتحانی مرکز  گھر سے بہت قریب تھا۔ اس بار جب ہم نے یہاں سفر کیا تو ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ والدین کے لیے اس طرح کے بہترین انتظامات ہوں گے۔اوریہ سب کے لیے ایک خوشگوار حیرت تھی۔”

انہوں نے کہا کہ رضاکاروں کی گرمجوشی اور خلوص نے انہیں بہت متاثر کیا۔امتحانات کے دوران اپنے بچوں کا انتظار کرنےوالے والدین کو صرف تھوڑا سا سہارا اور  تعاون درکار ہوتا ہے۔یہاں ہمیں وہ حمایت وافر مقدار میں ملی۔ آپ نے ہمیں احساس دلایا کہ ہم اکیلے نہیں ہیں بلکہ ایک بڑے خاندان کا حصہ ہیں۔

انہوں نے مسجد انتظامیہ کا شکریہ ادا  کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے  نہ صرف لوگوں کی مشکلات کم ہوتی  ہیں  بلکہ معاشرے میں ہمدردی، محبت اور انسانیت کی قدروں کو بھی تقویت ملتی ہے۔

والدین اس بے لوث خدمت، محبت اور عزتِ نفس سے اس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے مسجد انتظامیہ اور اساتذہ کو گلے لگا لیا، بعض ایک نے بزرگوں کے  پیر چھوکر آشیرواد بھی لیا اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  کہا کہ ہم نے پہلے بھی کئی امتحانات دیکھے ہیں، مگر ایسی مہمان نوازی اور انسانیت کہیں نہیں دیکھی۔

چند والدین تو اتنے جذباتی ہو گئے کہ ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو بہنے لگے۔ انہوں نے  نم آنکھوں  کے ساتھ کہاکہ” اگر ہمارا بچہ ڈاکٹر  بن گیا تو زندگی بھر   آپ کی اس محبت اور احسان کو نہیں بھولیں گے۔

 

یہی ہے اسلام کی اصل تعلیم  ہے۔ محبت، خدمت، احترام اور انسانیت، نفرت نہیں، محبت بانٹیں اور  ایک دوسرے کے لیے آسانیاں  پیدا کریں۔موجودہ حالات اور مسجد دارالعلوم دینیات  کی کمیٹی کی جانب سے اس قابل فخر کارنامہ کے  تناظر میں نامورشاعر  بشیر بدر  کا یہ شعر صادق آتا ہے کہ ؎

سات صندوقوں میں بھر کر  دفن کردو نفرتیں
آج انساں کو محبت کی ضرورت ہے بہت

🔶🔶🔶🔶

تحریر : حافظ رضوان حیدر۔فیس بک
مدھو بنی ۔بہار

✨✨✨✨

ترتیب و  پیشکش اور ویڈیوز  کا انتخاب:

  محمدیحییٰ خان ۔  ایڈیٹراِن چیف/ سحرنیوزڈاٹ کام