دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال 15 اپریل تک تہاڑ جیل منتقل
نئی دہلی : 01۔اپریل
( سحر نیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)
چیف منسٹر دہلی و عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کیجریوال کو آج پیر کےدن دہلی کی راؤس ایونیو عدالت نے 15 اپریل تک عدالتی تحویل میں روانہ کر دیا۔عدالت نے اروند کیجریوال کو تہاڑ جیل منتقل کرنےسےقبل ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال اور دہلی کےوزراء آتشی سنگھ اور سوربھ بھردواج سے ملاقات کی بھی اجازت دی۔
یاد رہے کہ 21 مارچ کی رات ڈائرکٹوریٹ آف انفورسمنٹ ED# نے اروند کیجریوال کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا تھا۔اروند کیجریوال کی گرفتاری مبینہ دہلی شراب اسکام معاملہ میں ہوئی ہے۔اس معاملہ میں دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹرمنیش سسوڈیا گزشتہ سال فروری سے اور ایک اور وزیر ستیندر جین منی لانڈرنگ کے معاملہ میں مئی 2022ء سے جیل میں قید ہیں۔
چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال کو 21 مارچ کو گرفتار کرنے کے بعد ای ڈی نے انہیں عدالت میں پیش کیا تھا۔جنہیں 28 مارچ تک عدالت نے ای ڈی کی تحویل میں دے دیاتھا.بعدازاں دوبارہ عدالت میں پیش کرنےکے بعد یکم اپریل تک ای ڈی کی تحویل میں توسیع دی گئی تھی۔ جس کی معیاد مکمل ہونےکےبعد آج یکم اپریل کو ای ڈی نے دوبارہ عدالت میں پیش کیاتو عدالت نے اروند کیجریوال کو 15 اپریل تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔
اروند کیجریوال اس سےقبل 2012-2013 میں بھی تہاڑ جیل جاچکے ہیں۔اس وقت انہوں نے انا ہزارے کی قیادت میں کرپشن کے خلاف اور لوک پال بل کےمطالبہ پر طویل احتجاج کیا تھا اور یہ احتجاج پورے ملک میں بھی پھیل گیا تھا۔اس وقت مرکز میں زیر اقتدار کانگریس قیادت والی یو پی اے حکومت اور منموہن سنگھ وزیراعظم تھے۔یہ الگ بات کہ اس کے بعد کیجریوال دہلی کے چیف منسٹر بن گئے اور انا ہزارےزیڈ پلس سیکیورٹی کا مزا لے رہے ہیں۔نہ کرپشن ختم ہوا اور نہ لوک پال بِل پیش کیا گیا۔!!
میڈیا اطلاعات کےمطابق ای ڈی نے عدالت کو بتایاکہ اروند کیجریوال پوچھ تاچھ میں تعاون نہیں کررہے ہیں۔ان کا فون اور دیگر ڈیجیٹل اشیاء ضبط کی گئی تھیں تاہم وہ ان کے پاس ورڈ نہیں بتا رہے ہیں۔ای ڈی نے عدالت کو بتایا کہ دس دن تک اپنی تحویل میں لے کر ای ڈی نے ان سے روزآنہ 5 گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی اس طرح 10 دنوں تک اروند کیجریوال سے 50 گھنٹوں تفتیش کی۔ای ڈی نےعدالت سے کہا کہ اروند کیجریوال کو عدالتی تحویل میں رکھا جائے اور ضرورت پڑنے پر ای ڈی انہیں دوبارہ اپنی تحویل میں لے کر تفتیش کرے گی۔
دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ تلنگانہ کے سی آر کی دختر و سابق رکن پارلیمان حلقہ نظام آباد و موجودہ ایم ایل سی کے۔کویتا کو اسی مبینہ معاملہ شراب اسکام معاملہ/منی لانڈرنگ میں ای ڈی نے 15 مارچ کو حیدرآباد میں ان کی رہائش گاہ واقع بنجارہ ہلز سے گرفتارکرتے ہوئے دہلی منتقل کیا تھا۔بعدازاں عدالت نے انہیں 26 مارچ تک ای ڈی کی تحویل میں دیا تھا پھر انہیں 9 اپریل تک دہلی کی تہاڑ جیل بھیج دیا تھا۔کے۔کویتا کی ضمانت کی عرضی پر آج یکم اپریل کو دہلی کی عدالت میں سماعت، بحث و مباحثہ کے بعد 4 اپریل تک عدالتی سماعت ملتوی کی گئی۔
" یہ بھی پڑھیں "
تانڈور میں مثالی ضابطہ اخلاق کا نفاذ, گاڑیوں کی تلاشی کے مہم کے دوران 9 لاکھ 36 ہزار روپئے ضبط

