بہار میں ہوائی جہاز فلائی اوور بریج کے نیچے پھنس گیا!، گھنٹوں تک ٹریفک جام، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

بہار میں ہوائی جہاز فلائی اوور بریج کے نیچے پھنس گیا!!
گھنٹوں تک ٹریفک جام، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

پٹنہ /موتیہاری : 31۔ڈسمبر
(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)

سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک طیارہ فلائی اوور بریج کے نیچے پھنس گیا ہے۔جس کے باعث اس علاقہ میں ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا اور گھنٹوں تک ٹریفک نظام مفلوج ہوگیا۔

یہ واقعہ ریاست بہار کے موتیہاری میں ایک فلائی اوور بریج کے نیچے پیش آیا ہے۔دراصل یہ طیارہ ایئر پورٹ کےرن وے سے پھسل کر نہیں آیا بلکہ ایک ناقابل استعمال طیارہ کو ٹرالی ٹرک پر لاد کر ممبئی سے آسام منتقل کیے جانے کے دؤران یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

ممبئی سے اس ناکارہ طیارہ کو آسام منتقل کیےجانےکےدؤران یہ ٹرک ریاست بہار کے موتیہاری روڈ کے پپرا کوٹھی بریج کے نیچے سے یہ ٹرک گزر رہا تھا کہ نصف طیارہ گزر جانے کے بعد اچانک اس طیارہ کا درمیانی حصہ جو کہ اونچا ہوتا ہے اس فلائی اوور بریج کے نیچے پھنس گیا۔

اس طیارہ کو بحفاظت بریج کے نیچے سے نکالنے کےلیے ٹرک ڈرائیور نے مقامی افراد اور مزدوروں کی مدد سے بہت کوشش کی بعدازاں اس میں کامیابی حاصل ہوئی اور کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد یہ طیارہ ٹرالی ٹرک کے ساتھ بحفاظت نکال لیا گیا۔تاہم اس دوران فلائی اوور کے اس چوراہے پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا تھا۔پولیس نے ٹریفک کا رخ تبدیل کرتے ہوئے گاڑیوں کو روانہ کیا۔

یادرہے کہ اکثر و بیشتر ایسےواقعات پیش آتے رہتے ہیں۔جہاں ناکارہ اور ناقابل استعمال طیاروں کو باقاعدہ اس کے طریقہ کار کےتحت خریدنے کے بعد اس کی منتقلی کا مسئلہ بعض اؤقات بہت مشکل ہوجاتا ہے اور فلائی اووربریج کے نیچے طیارہ لے جانے والے ٹرک پھنس جاتے ہیں۔

گزشتہ سال نومبر میں بھی آندھرا پردیش کے باپٹلہ ضلع کے اڈنکی میں بھی ایسا ہی نظارہ دیکھا گیا تھا۔صبح صبح اس منظر کو دیکھنے والے عوام بھی تعجب میں تھے کہ آسمان پر اڑنے والا طیارہ کیسے ایک بریج کے نیچے پھنس گیا۔؟

دراصل حیدرآباد، ریاست تلنگانہ، ملک اور غیرممالک میں مشہور پستہ ہاؤز ریسٹورنٹ اینڈ بیکری کے مالک نے ایک پرانے اورغیر مستعملہ ہوائی جہاز میں ریسٹورنٹ قائم کرنے کا منصوبہ بناتے ہوئے کیرالا کے کوچی Kochi# میں باقاعدہ ایک قدیم ہوائی جہاز خریدا اور وہیں اس ہوائی جہاز میں ایک ہوٹل تیار کر وایاتھا۔

تمام سہولتوں سے آراستہ، دلکش رنگ و روغن کے بعد اس پر پستہ ہاؤز ریسٹورنٹ اینڈ بیکری تحریر کروانے کے بعد اس خوبصورت ہوائی جہاز کے دونوں جانب کے پنکھ نکال کر اس خوبصورت ہوائی جہاز نماء ہوٹل کو ایک طویل ٹرالی پر لادکر کوچی سےحیدرآباد 1،100 کلومیٹر طویل فاصلہ طئے کرتے ہوئےمنتقل کیاجارہا تھاکہ اسی دؤران 12 نومبر2022ء کی نصف شب کےبعد آندھرا پردیش کے باپٹلہ ضلع کے میدر میٹلا بائی پاس روڈ پر موجود انڈر پاس بریج اور سڑک کے درمیان اونچائی کم ہونے کے باعث ٹرالی اور ہوائی جہاز نماہوٹل دونوں پھنس گئےتھے۔

جس کےباعث اس اہم شاہراہ پرحیدرآباد کی جانب جانےوالی ٹریفک مفلوج ہوگئی تھی۔انڈرپاس بریج کی دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاروں کو دیکھتے ہوئے پولیس نے ان گاڑیوں کا راستہ تبدیل کرتے ہوئے فلائی اوور بریج پر روانہ کیا گیاتھا۔بعدازاں اس ہوائی جہاز نما ہوٹل کو بناء کسی نقصان کے واپس لے کر بریج پر موجود پتھروں کو ہٹاکر بحفاظت انڈر پاس بریج کے نیچے سے اس ٹرالی کو روانہ کردیا گیا تھا۔

اس موقع پر وہاں سے گرزنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز، محکمہ پولیس کے عہدیداروں اورخود مقامی عوام نے اس ہوائی جہاز نما ہوٹل کو محفوظ طریقہ سے بناء کسی نقصان یا خراش کے انڈر پاس بریج سے واپس نکالنے اور دوبارہ بحفاظت روانہ کرنے میں بہترین تعاون کا مظاہرہ کیا تھا۔

دوسری جانب 3 اکتوبر 2021 کی رات بھی دہلی کا ایک ایسا ہی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا تھا۔ایئر انڈیا کی جانب سےپرانے سامان میں فروخت کیا گیا ایک ہوائی جہاز ٹرالی پر لاد کر منتقل کرنےکے دؤران انڈر بریج کے نیچے پھنس گیاتھا۔جبکہ اس کےقریب سےگاڑیاں گزر رہی تھیں۔اس ہوائی جہاز کے پنکھ بھی نہیں تھے۔اس وقت یہ ویڈیو یہ کہہ کر وائرل کردیا گیاتھاکہ ہوائی جہاز ہی اپنا توازن کھوکر سڑک پر آگیا۔!!

" یہ بھی پڑھیں "

آندھرا پردیش کے باپٹلہ میں ہوائی جہاز انڈر بائی پاس بریج میں پھنس گیا

روس میں ایک طیارہ 30 مسافرین سمیت ایئر پورٹ کے قریب برف میں منجمد ہوچکی ندی پر اتر گیا، مسافرین اور عملہ محفوظ

تلنگانہ میں ایس ایس سی کے سالانہ امتحانات کے انعقاد کا شیڈول جاری