آندھرا پردیش کے باپٹلہ میں ہوائی جہاز انڈر بائی پاس بریج میں پھنس گیا

اونچی اُڑان کے لیے کبھی پر تولتے تھے ہم

آندھراپردیش کے باپٹلہ میں ہوائی جہاز انڈر بریج میں پھنس گیا
سخت مشقت کے بعد جہاز کو محفوظ طریقہ سے نکال لیا گیا

حیدرآباد: 14۔نومبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)

کہتے ہیں کبھی بھی کسی کی بھی سیاسی،سماجی اور معاشی حیثیت کے علاوہ صحت،دؤلت،شان و شوکت،عہدہ اورمنصب ہمیشہ کےلیےنہیں رہتے ۔یہ بھی وقت اور تقدیر کے غلام ہوتے ہیں۔آج کسی کے پاس تو کل کہیں،کوئی اور ان کا ٹھکانہ بن جایا کرتے ہیں۔!!
اسی پر انقلابی شاعر ساحر لدھیانوی نے کہا تھا کہ؎

وقت کی پابند ہیں آتی جاتی رونقیں
وقت ہے پھولوں کی سیج وقت ہے کانٹوں کا تاج
٭٭
آدمی کو چاہئے وقت سے ڈرکر رہے
کون جانے کس گھڑی وقت کا مزاج

اور ان سب کو طویل مدت تک بچائے رکھنے کےلیے دور اندیشی،احتیاط،نرم وکشادہ دلی اور بہتر شخصیت و طبیعت کے ساتھ زندگی گزارنا لازمی ہوتا ہے۔کیونکہ غرور، تکبر اور گھمنڈ یہ وہ چیزیں ہیں جو کسی انسان اور اس کی کسی بھی صلاحیت،دولت اور شان و شوکت کے لیے دیمک کا کام کرتی ہیں۔جو آہستہ آہستہ اندرونی طور پر چاٹ جاتی ہیں۔نامور شاعر ساغر اعظمی نے کبھی کہا تھا کہ ؎

شہرت کی فضاؤں میں اتنا نہ اُڑو ساغرؔ
پرواز نہ کھو جائے ان اونچی اڑانوں میں

پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں کل صبح کی اولین ساعتوں میں عوام کوایک تعجب خیزنظارہ دیکھنے میں آیاکہ کبھی زوردار آوازوں،شان و شوکت کےساتھ سینکڑوں مسافروں اورعملہ کو لے کر رن وے پر طویل دؤڑلگانے کے بعد اڑان بھرنے اور ہزاروں کلومیٹر کا طویل فاصلہ فضاؤں میں طئے کرتےہوئے پھر کسی ملک یا شہر کےکسی ہوائی اڈے پر اسی رعب و دبدبے اور زوردار آواز کے ساتھ اتر جانے والا ایک ہوائی جہاز ایک مصروف سڑک پر موجود انڈر بریج میں پھنس گیا ہے۔!!

جی ہاں یہ صد فیصد سچ ہے،کسی فلم کی کہانی کا منظر نہیں اور نہ ہی واٹس ایپ یونیورسٹی کے کسی نصاب کا حصہ ہے۔!!

آپ یہ سوچ کر ہرگز پریشان نہ ہوں کہ آسمان کی بلندیوں میں پرواز کرنے والا ہوائی جہاز آخر آندھرا پردیش کی سڑک پر کیوں اور کیسے پہنچ گیا؟ اور کس طرح انڈر بریج میں پھنسنے کے باؤجود محفوظ رہا۔؟یہ نظارہ باپٹلہ ضلع کے اڈنکی میں نظر آیا۔اس منظر کو دیکھنےوالے بھی تعجب میں تھے کہ ایسے کیسے؟

دراصل حیدرآباد،ریاست تلنگانہ،ملک اور غیرممالک میں مشہور پستہ ہاؤز ریسٹورنٹ اینڈبیکری کے مالک نے ایک پرانے اورغیرمستعملہ ہوائی جہاز میں ریسٹورنٹ قائم کرنے کا منصوبہ بناتے ہوئے کیرالا کے کوچی Kochi# میں باقاعدہ ایک قدیم ہوائی جہاز خریدا اور وہیں اس ہوائی جہاز میں ایک ہوٹل تیار کروایا۔

تمام سہولتوں سے آراستہ، دلکش رنگ و روغن کے بعد اس پر پستہ ہاؤز ریسٹورنٹ اینڈ بیکری تحریر کروانے کے بعد اس خوبصورت ہوائی جہاز کے دونوں جانب کے پنکھ نکال کر اس خوبصورت ہوائی جہاز نماءہوٹل کو ایک طویل ٹرالی پر لادکر کوچی سے حیدرآباد 1،100 کلومیٹر طویل فاصلہ طئے کرتے ہوئے منتقل کیا جارہا تھا۔کہ اسی دؤران 12 نومبر کی نصف شب کےبعد آندھرا پردیش کے باپٹلہ ضلع کے میدر میٹلا بائی پاس روڈ پر موجود انڈر پاس بریج اور سڑک کے درمیان اونچائی کم ہونے کے باعث ٹرالی اور ہوائی جہاز نماہوٹل دونوں پھنس گئے۔

جس کےباعث اس اہم شاہراہ پر حیدرآباد کی جانب جانے والی ٹریفک مفلوج ہوگئی۔انڈر پاس بریج کی دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاروں کو دیکھتے ہوئے پولیس نے ان گاڑیوں کا راستہ تبدیل کرتے ہوئے فلائی اوور بریج پر روانہ کیا گیا۔

بعدازاں اس ہوائی جہاز نما ہوٹل کو بناء کسی نقصان کے واپس لے کر بریج پرموجود پتھروں کو ہٹاکر بحفاظت انڈر پاس بریج کے نیچے سے اس ٹرالی کو روانہ کردیا گیا۔اس موقع پر وہاں سے گرزنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز،محکمہ پولیس کےعہدیداروں اورخودمقامی عوام نےاس ہوائی جہاز نماء ہوٹل کو محفوظ طریقہ سے بناءکسی نقصان یا خراش کےانڈر پاس بریج سےواپس نکالنے اور دوبارہ بحفاظت روانہ کرنے میں بہترین تعاون کا مظاہرہ کیا۔

یہ انوکھا ہوٹل نماء ہوائی جہاز خود ان کےلیے بھی پرکشش تھا کہ یہ ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد میں ایک تاریخی حیثیت کا حامل ایک انوکھاہوٹل ہوگا۔تمام کے بہتر تعاون کے بعد بالآخر اس ہوٹل نماءہوائی جہاز کو اسی بائی پاس انڈر بریج کے نیچے سے حیدرآباد کے لیے روانہ کردیا گیا۔اس کےبعد ٹرالی ڈرائیورز اور وہاں موجود تمام لوگوں نے خوشی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے راحت کی سانس لی۔

کیرالہ کے کوچی سے حیدرآباد پہنچنے والےاس ہوائی جہازنماءہوٹل پر جلی حرفوں میں پستہ ہاؤز کے ساتھ شاہ میر پیٹ حیدرآباد لکھا ہوا ہے۔اس موقع پر وہاں موجود لوگوں نے اپنے اپنے موبائل فونس کے ذریعہ اس سارے واقعہ کی ویڈیوز لے لیں جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

یاد رہے کہ 3 اکتوبر 2021 کی رات بھی دہلی کا ایک ایساہی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہواتھا۔ایئر انڈیا کی جانب سے پرانے سامان میں فروخت کیا گیا ایک ہوائی جہاز ٹرالی پر لادکر منتقل کرنےکےدؤران انڈر بریج کے نیچے پھنس گیا تھا۔جبکہ اس کے قریب سے گاڑیاں گزر رہی تھیں۔اس ہوائی جہاز کے پنکھ بھی نہیں تھے۔اس وقت یہ ویڈیو یہ کہہ کر وائرل کردیا گیا تھا کہ ہوائی جہاز ہی اپنا توازن کھوکر سڑک پر آگیا۔!! 

#PistaHouse #OldAirplaneStuck
#AndhraPradesh #AirplaneHotel