حیدرآباد: کالج ریگنگ معاملہ میں نیا موڑ! پیغمبر اسلامﷺکے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر طالب علم پر حملہ، پانچ طلبا گرفتار

ریاستی خبریں سوشل میڈیا وائرل قومی خبریں

حیدرآباد : کالج ریگنگ معاملہ میں نیا موڑ!!
پیغمبر اسلامﷺ کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر
طالب علم پر کیا گیا تھا حملہ،پانچ طلبا گرفتار،دیگر پانچ کی پولیس کو تلاش

حیدرآباد: 13۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے مضافاتی ضلع رنگاریڈی کےشنکر پلی منڈل کےموضع دونتناپلی میں موجود آئی بی ایس کالج میں چند سینئر طلبا کی جانب سے قانون کے ایک جونیئر طالب علم ہمانک بنسل کی شکایت پرشنکر پلی پولیس اسٹیشن میں ریگنگ میں ملوث آئی بی ایس کالج کےطلبابشمول ریوا اور دیگرکے خلاف مختلف دفعات کےتحت کیس درج رجسٹر کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ طالب علم کی جانب سے 11 نومبر کو ایک شکایت درج کروائی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا،”یکم نومبر کوکالج کیمپس کے احاطے میں اس کےلیے مختص ہاسٹل کے کمرے میں 15-20 افراد نے اسے جسمانی اور جنسی طور پر ہراساں کیا۔”ہمانک بنسل نے اپنی اس شکایت میں مزید لکھاکہ اسے دوسرے طلباءنے ڈھکیل دیا اور بدسلوکی کی،انہوں نے اس کےچہرے پر مکے مارے،اسے تھپڑ مارے،پیٹ میں لاتیں ماریں،اس کے جنسی اعضاء کو چھوا اور زبردستی کچھ کیمیکل اور پاؤڈر کھلایا۔
متاثرہ طالب علم ہمانک بنسل کی اس تحریری شکایت کے بعد شنکر پلی پولیس نے 11 نومبر کوہی حملہ آور ملزم طلبا کے ایک گروپ کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرلیا تھا۔

سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کی جانب سے کل 12 نومبر کو مذکورہ واقعہ کےویڈیو کو ری۔ٹوئٹ کرتےہوئےلکھاگیا تھاکہ متاثرہ طالب علم ہمانک بنسل کی شکایت پر 11 نومبر کو شنکر پلی پولیس اسٹیشن میں ریگنگ میں ملوث آئی بی ایس کالج کے زائداز 15-20 طلبا بشمول ریوا اور دیگر کے خلاف 307, 342, 450, 323, 506, R/W 149, IPC and Sec 4(I),(II), and (III) دفعات کے تحت کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے۔جس میں اینٹی ریگنگ ایکٹ 2011 بھی شامل ہے۔

"اس حملہ کے دؤران ایک لڑکی کے ساتھ چیٹ کے دؤران پیغمبراسلامﷺ کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کا تذکرہ”

اب اس معاملہ کا نیاموڑ سامنے آیا ہےکہ اس طالب علم نے ایک لڑکی کے ساتھ چیٹنگ کےدؤران پیغمبر اسلامﷺ اورمسلمانوں کےخلاف توہین آمیز الفاظ کا استعمال کیا تھا۔اطلاعات کے مطابق قبل ازیں متاثرہ طالب علم نے آئی ایف ایچ ای کے حکام کو بھی خط لکھا تھا جس میں مطالبہ کیا گیاتھا کہ ملزموں کے خلاف جسمانی حملہ اور جان کو خطرہ ہونے کی باقاعدہ شکایت درج کی جائے۔

اس کے خط کے مطابق اس نے اپنی ایک دوست کے ساتھ چیٹ کے دوران پیغمبر اسلام ﷺ اورمسلمانوں کےخلاف ریمارک کیا تھا۔ اس لڑکی کی جانب سے اس چیٹ کو وائرل کیے جانے کے بعد دیگر طلبہ تک یہ بات پہنچی۔یہ چیٹ انسٹاگرام پر کی گئی تھی جو وائرل ہوگئی۔

اس کے بعد سے سینئر اور جونیئر طلبا کے دو گروپس کے درمیان تناؤ پیدا ہوگیا تھا۔اس معاملہ میں مزید انکشافات کا امکان ہے!!۔وہیں ہمانک بنسل پر یہ الزام بھی عائد کیا جارہا ہے کہ وہ ایک طالبہ کو ہراساں بھی کررہا تھا۔؟

ہمانک بنسل کےساتھ مارپیٹ کےمعاملہ میں پولیس نے اب تک پانچ طلبا کو تحویل میں لیاہے۔جن میں محمدعماد، سہیل،ورشت،گنیش اور واسو دیو ورما شامل ہیں۔جبکہ دیگر پانچ طلبہ کی پولیس کو تلاش ہے۔اس معاملہ میں غیرذمہ داری کامظاہرہ کرنے پرشنکر پلی پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرنے والی ہے۔

دوسری جانب اس معاملہ کوسوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پرمخصوص گروپ کی جانب سےمذہبی رنگ دےدیا گیا ہے۔جبکہ ہمانک بنسل پرحملہ کرنے والے طلبا میں دونوں طبقہ کے طلبا شامل ہیں۔

جبکہ اس معاملہ کےمنظر عام پر آنے اور سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونےکےفوری بعد ریاستی وزیر آئی ٹی کے۔تارک راماراؤ کی ہدایت کےبعد سائبرآباد پولیس کمشنریٹ اور شنکر پلی پولیس متحرک ہوگئی،تحقیقات اور کارروائی کے آغاز کے دؤران ٹوئٹر پر باقاعدہ”#ہندوخطرے میں ہے، #حیدرآبادی طالبان اور #ہمانک بنسل کےساتھ انصاف کیاجائے” جیسے ہیش ٹیگ کےساتھ کل سےہی ٹرینڈنگ شروع کردی گئی ہے۔اور الزام عائد کیاجارہا ہے کہ متاثرہ طالب علم سے اللہ اکبر کےنعرے لگائے گئے۔جبکہ اس ویڈیو کوغور سےسنا جائے تو ویڈیو کے آغاز میں ہی جئے ماتا دی اور اللہ اکبر کے نعرے سنائی دے رہے ہیں۔

اس واقعہ کی ویڈیو اور مکمل تفصیلات سحر نیوز ڈاٹ کام کی اس لنک پر "

حیدرآباد : آئی بی ایس کالج میں سینئر طلبا کی جانب سے ایک طالب علم کی ریگنک کا شرمناک واقعہ، مختلف دفعات کے تحت کیس درج

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے