حیدرآباد : آئی بی ایس کالج میں سینئر طلبا کی جانب سے ایک طالب علم کی ریگنک کا شرمناک واقعہ، مختلف دفعات کے تحت کیس درج

حیدرآباد : آئی بی ایس کالج میں سینئر طلبا کی جانب سے
ایک طالب علم کے ساتھ اہانت آمیز ریگنک کا شرمناک واقعہ
شنکر پلی پولیس اسٹیشن میں مختلف دفعات کے تحت کیس درج

حیدرآباد: 12۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

اسکولوں اورکالجوں میں چند سینئر طلبہ کی جانب سےجونیئر طلبہ کی ریگنگ غیرقانونی ہے۔اور اس کےخلاف سخت قانونونی کارروائی کی جاتی ہے۔ریاست تلنگانہ میں باقاعدہ اینٹی ریگنگ قانون بھی نافذ ہے۔بالخصوص خانگی اسکولوں پر کالجوں میں ریگنگ پر روک لگی تھی کبھی کبھار کوئی ایسا واقعہ پیش آجاتا تو ریگنگ میں ملوث سینئر طلبا کے خلاف کارروائی کی جاتی رہی ہے۔

حیدرآباد میں اب دوبارہ ریگنگ کا جن بوتل سے باہر آیا ہے۔حیدرآباد کےمضافاتی ضلع رنگاریڈی کےشنکر پلی منڈل کے موضع دونتنا پلی میں موجود آئی بی ایس کالج میں چند سینئر طلبا کی جانب سے قانون کے ایک جونیئر طالب علم کو ہاسٹل کے کمرہ میں محروس کرکے اس کے ساتھ ریگنگ، بے تحاشہ مارپیٹ،چہرے پر تھپڑوں کی بوچھاڑ اور اس کے منہ پر پاؤڈر چھڑکنے کا شرمناک واقعہ تاخیر سے سامنے آیا ہے۔شنکر پلی پولیس کے مطابق یہ واقعہ یکم نومبر کو سہء پہر ساڑھے تین بجے کالج کےہاسٹل روم میں پیش آیا اور آئی بی ایس کالج کے تیسرے سال کا بی بی اے کا طالب علم ریوا اور اس کے ساتھی اس واقعہ کے اہم ملزم ہیں۔

متاثرہ طالب علم نے فون پر اس واقعہ کی اطلاع اپنے والدین کو دی تو پریشان والدین فوری کالج پہنچ گئے اور اپنے لڑکے ساتھ لے کر چلے گئے۔برہم والدین نے کالج انتظامیہ پر برہمی ظاہر کی کہ ان کے لڑکے کے ساتھ ریگنگ کے باؤجود وہ خاموش کیوں اور مطالبہ کیا کہ ریگنگ میں ملوث طلبا کے خلاف کارروائی کی جائے۔اطلاعات کے مطابق یہ معاملہ پولیس تک پہنچا تھا جہاں دونوں گروپ میں مصالحت اور کونسلنگ کے بعد روانہ کردیا گیا۔

بعدازاں اس شرمناک ریگنگ کےواقعہ کی ویڈیوجب سوشل میڈیا پروائرل ہوئی تو کل ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آرنے سائبر آباد پولیس کو ہدایت دی کہ اس معاملہ میں ریگنگ میں ملوث طلبا کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کی جانب سے آج کیے گئے ٹوئٹ اور شنکر پلی پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے پریس نوٹ کےمطابق متاثرہ طالب علم ہمانک بنسل کی شکایت پر شنکر پلی پولیس اسٹیشن میں ریگنگ میں ملوث آئی بی ایس کالج کے زائداز 15-20 طلبابشمول ریوا اوردیگرکےخلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے۔

جس میں 307, 342, 450, 323, 506, R/W 149, IPC and Sec 4(I),(II), and (III) شامل ہیں۔اینٹی ریگنگ ایکٹ2011 بھی شامل  ہے۔پولیس کےمطابق ریگنگ میں ملوث تمام طلباکےخلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائےگا۔دستیاب اطلاعات کےمطابق آئی بی ایس کالج انتظامیہ نے اس معاملہ میں 12طلبا کو ایک سال کے لیے کالج سے معطل کردیا ہے۔

طالب علم کی ریگنگ کا ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "