تانڈور کی ترقی،عوامی مسائل کا حل اور فلاح و بہبود ہی اولین ترجیح، کانگریس کے نومنتخب رکن اسمبلی منوہر ریڈی کا فتح ریالی سے خطاب

تانڈور کی ترقی،عوامی مسائل کا حل اور فلاح و بہبود ہی اولین ترجیح
کانگریس کے نومنتخب رکن اسمبلی منوہر ریڈی کا فتح ریالی سے خطاب

وقارآباد/تانڈور: 11؍ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں 30 نومبر کو ووٹنگ اور 3 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی کےعمل کے بعد وقارآبادضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور کے رکن اسمبلی و بی آر ایس امیدوار پائلٹ روہت ریڈی کو شکست دیتے ہوئے کامیابی حاصل کرنےوالے نومنتخب رکن اسمبلی تانڈوربویانی منو ہر ریڈی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے تعاون سےحلقہ اسمبلی تانڈور کی ترقی،عوامی مسائل کا حل اور فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے عوام بالخصوص حلقہ تانڈور کے رائے دہندگان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں منتخب کیا۔

وہ کل اتوار کو ٹاؤن کانگریس کی جانب سے تانڈور میں منعقدہ فتح ریالی سے خطاب کر رہے تھے۔جس میں کانگریسی قائدین، کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی کا تانڈور پہنچنے پر شاندار خیر مقدم کیا گیا۔اس فتح ریالی کا آغاز اندرا چوک سے ہوا اور نہرو گنج، گاندھی چوک، بھدریشور مندر چوک، ریلوے اسٹیشن چوک، شانت محل چوراہا سے یہ ریالی دوبارہ اندرا چوک پہنچی۔

اندرا چوک پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی نے کہا کہ عوامی اعتماد، کانگریسی قائدین اور کارکنوں کی سخت محنت کےذریعہ یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ انہیں کامیاب بناکر اسمبلی پہنچانےوالےحلقہ اسمبلی تانڈورکےعوام کےوہ شکر گزار  ہیں اور وہ ان کے اعتماد پر مکمل اترتے ہوئے ترقی کو ترجیح دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ کانگریس کی جانب سےدی گئیں 6 گیارنٹی اسکیمات پرلازمی طور پرعمل ہوگا اوران میں سےحکومت تلنگانہ کی جانب سے مہالکشمی اسکیم کے ذریعہ خواتین کو مفت بس سفر کی سہولت اور راجیو آروگیہ شری انشورنس میں 10 لاکھ تک کےمفت علاج کی سہولت پر عمل آوری شروع کر دی گئی ہے اور دیگر اسکیمات پر بھی جلد ہی عمل آوری ہوگی۔

رکن اسمبلی نے کہاکہ انتخابی عمل ختم ہوچکا ہے اوراب اپوزیشن میں تفریق یا پارٹی میں گروپ بازی کے بغیر تانڈور کی ترقی کے لیے سب مل کر کام کریںگے۔رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی نے کہا کہ تانڈور میں اراضیات پر قبضوں،جھوٹے مقدمات اور غیرقانونی کاموں کے بغیر انتظامی امور انجام دئیے جائیں گے اور وہ عوام کو صاف و شفاف اور جوابدہ انتظامیہ کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

اس فتح ریالی میں جنرل سیکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی داراسنگھ،ریاستی ترجمان کانگریس کلوا سجاتا،نائب صدر کانگریس وقارآبادضلع عامرعبداللہ ، صدر تانڈور ٹاؤن کانگریس حبیب لالہ، مقامی کانگریسی قائدین ڈاکٹر سمپت کمار،عبدالرؤف، پی۔نرسملو،سید مسعود احمد،شاہی پور بال ریڈی،ارکان بلدیہ نیرجا بال ریڈی، پربھا کر گوڑ، مدھوبالا، ممتا، اجئے پرساد کے علاوہ دیگر شریک تھے۔

” یہ بھی پڑھیں ”

تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ، حج کمیٹی، اردو اکیڈیمی اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدور عہدوں سے برخاست

وزیراعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے ہسپتال پہنچ کر سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر کی عیادت کی

تلنگانہ کے 11 وزراء کو قلمدان اورسیکریٹریٹ میں چیمبرز کی منظوری