تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ، حج کمیٹی، اردو اکیڈیمی اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدور عہدوں سے برخاست

تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ، حج کمیٹی، اردو اکیڈیمی اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدور
عہدوں سے برخاست، ایک ہی جی او کے ذریعہ تقرری کے جملہ 54 جی اوز منسوخ

حیدرآباد : 11۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں 3 ڈسمبر کو انتخابی نتائج ،برسر اقتدار بی آر ایس حکومت کی اقتدار سے بے دخلی اور کانگریس حکومت کے قیام کے بعد 7 ڈسمبر کو ریونت ریڈی نے بحیثیت وزیراعلیٰ تلنگانہ اپنے عہدہ کا حلف لیا تھا۔ان کے ساتھ 11 وزراء بشمول ایک نائب وزیراعلیٰ کو بھی ریاستی گورنر تملسائی سوندرراجن نے عہدوں کا حلف دلایا تھا۔

تلنگانہ میں حکومت کی تبدیلی کےدوسرے ہی دن بی آر ایس پارٹی قیادت کی ہدایت پر 15 مختلف کارپوریشنوں کے چیئرمین مستعفی ہوگئےتھے۔اور ہر ریاست میں حکومت کی تبدیلی کے بعد لازمی ہوجاتاہےکہ مختلف نامزد عہدوں پرموجود شکست خوردہ پارٹی کے نمائندے اپنی جانب سے مستعفی ہوجا ئیں یا انہیں ان عہدوں سے ہٹا کر اقتدار حاصل کرنے والی پارٹی اپنے نمائندوں کو یہ عہدے تفویض کرتی ہے۔ تلنگانہ میں بھی حسب معمول کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد اس طرح کی تبدیلی اور برخواستگی کا عمل شروع ہوگیا تھا۔

9 ڈسمبر کو وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت نے ایک اہم فیصلہ کے ذریعہ کے سی آرکے دؤر حکومت میں مقرر کردہ صلاح کاروں (مشیروں) اور خصوصی عہدیداروں کو خدمات سے برخاست کردیاتھا۔اس سلسلہ میں چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے احکام جاری کیے تھے۔

وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ کی کانگریس حکومت کی جانب سےجاری کردہ احکام کےتحت جن 7 مشیروں(صلاح کاروں) کو خدمات سے برخاست کردیا گیا ان میں چیف منسٹر کے خصوصی صلاح کار سومیش کمار،حکومت کے دو صلاح کار راجیو شرمااور سی ایچ رمیش، محکمہ اقلیتی بہبود کے صلاح کار اے کے خان،صلاح کار محکمہ جنگلات شوبھاکے علاوہ، امور داخلہ کے صلاح کارانوراگ شرما اور انڈومنٹس کے صلاح کار رمنا چاری شامل تھے۔

ان کے علاوہ محکمہ آبپاشی کے خصوصی مشیر ایس کے جوشی،محکمہ فینانس کے اسپیشل آفیسرز شیوشنکر،جی آر ریڈی، محکمہ آر اینڈ بی کے خصوصی آفیسر سدھاکر شعبہ برقی کے اسپیشل آفیسر راجندر پرساد سنگھ،محکمہ باغبانی(ہارٹی کلچر)کے خصوصی مشیر سرینواس راؤ کو بھی عہدوں سے برخاست کر دیا گیاتھا۔

وہیں کل 10 ڈسمبر کو چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے ایک جی او نمبر G.O.Rt.No.1624 جاری کرتےہوئے آن واحد میں سابقہ حکومت کی جانب سے تقررات کے لیے جاری کردہ 54 جی اوز کو منسوخ کرتے ہوئے مختلف کارپوریشنوں اور نامزد عہدوں پر موجود بی آر ایس حکومت کی جانب سے تقرر کردہ عہدیداروں کو برخاست کر دیا ہے۔

ان میں اقلیتی امور سےمتعلق سب سے اہم مانے جانے والے وقف بورڈ،حج کمیٹی،اقلیتی فینانس کارپوریشن اور اردو اکیڈیمی کے چیئرمین شامل ہیں جنہیں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت والی تلنگانہ حکومت نے برخاست کر دیا ہے۔

⬅️سابقہ بی آر ایس حکومت کی جانب سےجاری کردہ جی او نمبر G.O.Rt.No.48, مورخہ 7 مئی 2022ء کےتحت تقرر کردہ تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کے چیئر مین محمد مسیح اللہ خان کو کانگریس حکومت نے برخاست کر دیا ہے۔

⬅️اسی طرح بی آر ایس حکومت کی جانب سے 9 مئی 2022ء کو جاری کردہ جی او نمبر G.O.Ms.No.28 کےذریعہ تقرر کردہ محمد سلیم،چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کو خدمات سے برخاست کر دیا گیا ہے۔

⬅️وہیں بی آر ایس حکومت کی جانب سے 30 جون 2022ء کو جاری کردہ جی اونمبر G.O.Ms.No.36 کےتحت تقررکردہ چیئر مین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی محمد خواجہ مجیب الدین کو عہدہ سے برخاست کر دیا گیا ہے۔

⬅️جبکہ بی آرایس حکومت کی جانب سے 23مارچ 2022ء کوجاری کردہ جی او نمبر G.O.Rt.No.676 کےذریعہ تقررکردہ چیئرمین محمد امتیا اسحٰق کو تلنگانہ اسٹیٹ اقلیتی فینانس کارپوریشن کو بھی عہدہ سے برخاست کر دیا گیا ہے۔

کانگریس حکومت نے الم نارائنا چیئرمین تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی کے بشمول اسٹیٹ اگرو انڈسٹریز،سیڈس ڈیولپمنٹ کارپوریشن، چیئر مین و ڈائرکٹر رعیتو بندھوسمیتی،چیئرمین مارکفیڈ، چیئر مین مچھلی پالن،چیئر مین سول سپلائز،چیئر مین گرندھالیہ سمستھا،چیئر مین ہائر ایجوکیشن،فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ جملہ 54 نامزد عہدوں اور کارپوریشنوں کے چیئر مین برخاست کر دئیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں "

میرے بارے میں کوئی رائے تو ہوگی اس کی
اس نے مجھ کو بھی کبھی توڑ کے دیکھا ہوگا

وزیراعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے ہسپتال پہنچ کر سابق وزیراعلیٰ کے سی آر کی عیادت کی

ویڈیو اور تفصیلات اس لنک پر ⬇️

وزیراعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے ہسپتال پہنچ کر سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر کی عیادت کی

 

تلنگانہ کے 11 وزراء کو قلمدان اورسیکریٹریٹ میں چیمبرز کی منظوری