تانڈور میں پولیس کی تلاشی مہم کے دوران دو افراد کے قبضہ سے 2 لاکھ 49 ہزار روپئے ضبط

وقارآباد ضلع کے تانڈور میں پولیس کی تلاشی مہم کے دوران
دو افراد کے قبضہ سے 2 لاکھ 49 ہزار روپئے ضبط

وقارآباد/تانڈور: 26؍اکتوبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے 9 اکتوبر کو ملک کی پانچ ریاستوں تلنگانہ، مدھیہ پردیش،راجستھان، چھتیس گڑھ اور میزورم کے اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری کر دئیے جانے کے فوری بعد انتخابی ضابطہ اخلاق Election Code# نافذ ہوگیا ہے۔ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے ریاست تلنگانہ کے مختلف مقامات پر کروڑہا روپئے مالیتی نقد رقم کے علاوہ زیورات، شراب اور دیگر قیمتی اشیاء کی ضبطی کا سلسلہ جاری ہے۔

بزنس اسٹانڈرڈ میں 25 اکتوبر کو شائع ایک رپورٹ کےمطابق 19 اکتوبر تک ریاست تلنگانہ میں جملہ 243 کروڑ روپیوں پرمشتمل نقد رقم،زیورات، شراب اور دیگر اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔جن میں 87 کروڑ 92 لاکھ روپئے پر مشتمل نقد رقم، 120 کروڑ روپئے مالیتی زیورات اور دیگرقیمتی اشیاء، 10 کروڑ 21 لاکھ روپئے مالیتی شراب شامل ہیں۔جبکہ 2018ء میں منعقدہ تلنگانہ اسمبلی کےانتخابی عمل کی تکمیل تک 111 کروڑ روپئےمالیتی نقد رقم ،زیورات، شراب اور دیگر اشیاء ضبط کی گئیں تھیں۔

اسی طرح راجستھان میں 22 اکتوبر تک 244 کروڑ روپئے مالیتی مختلف اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔جس میں 39 کروڑ 30 لاکھ روپئے نقدکے علاوہ بقیہ رقم کی مذکورہ بالا اشیاء شامل ہیں۔جبکہ وہاں 2018ء کے انتخابی عمل کی تکمیل تک جملہ 68 کروڑ 31 لاکھ روپئے ضبط کیے گئے تھے۔

وہیں مدھیہ پردیش میں 22 اکتوبر تک 133 کروڑ 88 لاکھ روپیوں پرمشتمل نقد رقم اور دیگر اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔جبکہ 2018کے انتخابات میں 73 کروڑ روپئے مالیتی مختلف اشیا اور رقم ضبط کی گئی تھی۔اسی طرح چھتیس گڑھ میں 19 اکتوبر تک 5 کروڑ 50 لاکھ روپئے مالیتی نقد رقم اور دیگر اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔2018 کے انتخابات میں وہاں 11 کروڑ 85 لاکھ مالیتی رقم اور اشیاضبط کی گئی تھیں۔دوسری جانب شمال مشرقی ریاست میزورم میں 36 کروڑ روپئے مالیتی منشیات، شراب اور سگریٹ ضبط کیے گئے ہیں۔

انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے وقارآبادضلع کےمختلف مقامات پر بھی پولیس کی تلاش مہم کےدوران نقد رقم کی ضبطی کاسلسلہ جاری ہے۔آج 26 اکتوبر کو تانڈور میں پولیس کی تلاشی مہم کے دوران دو الگ الگ واقعات میں ایک ہی مقام پر دو افراد کے پاس سے جملہ 2 لاکھ 49 ہزار 131 روپئے ضبط کرلیے گئے ہیں۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندر ریڈی کےمطابق انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کےپیش نظر آج تانڈور کےمصروف اندراچوک پر گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی تھی کہ اس دوران پتھرکے کاروباری بویا ملیا کےپاس سے ایک لاکھ 36 ہزار 500 روپئےضبط کرلیےگئے۔جبکہ ونئے کمار،ساکن شیورام نگر وقارآباد کےپاس سے ایک لاکھ 12 ہزار 631 روپئے ضبط کرلیےگئے۔اس طرح ان دونوں افراد کےپاس رقم سےمتعلق قابل قبول  دستاویزات نہ ہونے کے باعث ان کے قبضہ سے جملہ 2 لاکھ 49 ہزار 131 روپئے ضبط کرلیے گئے ہیں۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور راجندرریڈی نے کہاکہ ضبط شدہ رقم اسکریننگ کمیٹی کےحوالے کی جائے گی،جہاں سےرقم مالکین جائز دستاویزات پیش کرتے ہوئے اپنی رقم حاصل کرسکتے ہیں۔ساتھ ہی سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور راجندرریڈی نے بیوپاریوں اور عوام کو مشورہ دیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کےنفاذ کے پیش نظر اپنےساتھ 50 ہزار روپئے سے زائد رقم نہ لےجائیں۔اگر اس سے زائد رقم ساتھ لےجانا لازمی ہو تو اس رقم سے متعلق جائز و قابل قبول دستاویزات لازمی طور پر اپنے ساتھ رکھیں۔

" یہ بھی پڑھیں "

ساحر لدھیانوی : ایک انقلابی و ترقی پسند شاعر اور نامور گیت کار، 43 ویں برسی کے موقع پر خصوصی مضمون اور منتخب ویڈیوز

بی آر ایس کے سابق صدر تانڈور ٹاؤن عبدالرؤف، ارکان بلدیہ عبدالرزاق، نیرجا بال ریڈی، بویا روی، کوآپشن ممبر اور دیگر کانگریس میں شامل