وقارآباد ضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور سے منوہر ریڈی ہونگے کانگریس کے امیدوار، پارٹی کی جانب سے امیدواروں کی قطعی فہرست جاری

وقار آباد ضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور سے منوہر ریڈی ہونگے کانگریس کے امیدوار
پارٹی کی جانب سے امیدواروں کی قطعی فہرست جاری

وقارآباد/تانڈور: 28؍اکتوبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

وقار آباد ضلع میں موجود چار اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، پرگی،تانڈور اور کوڑنگل میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کی جانب سےجاری کردہ امیدواروں کی پہلی فہرست میں ضلع وقار آباد کے تین اسمبلی حلقہ وقار آباد سے جی۔پرساد کمار،کوڑنگل سے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی اور پرگی سے صدر وقارآبادضلع کانگریس ٹی۔رام موہن ریڈی کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا تھا۔تاہم حلقہ اسمبلی تانڈور سے کانگریس کی جانب سے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان نہ کرنے کے باعث سیاسی حلقو ں اور عوام میں تجس پیدا ہوگیا تھا۔!!

تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کی جانب سے کل 27 اکتوبر کی شام دیرگئے جاری کردہ امیدواروں کی دوسری و قطعی فہرست میں حلقہ اسمبلی تانڈور سے صدر ڈسٹرکٹ کوآ ٓپریٹیو سنٹرل بینک(ڈی سی سی بی) حیدرآباد و رنگاریڈی اور صنعت کار بویانی منوہر ریڈی(بی ایم آر) کے نام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

کانگریسی امیدوار حلقہ اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی 5 اگست 1965ء کو پرگی کے کلک چیئرلہ منڈل کےموضع تروملا پورکےکسان گھرانے میں پیدا ہوئے۔1995ء سے 2020ء تک مختلف عہدوں پر فائز رہے۔گزشتہ سال وہ بلاء مقابلہ ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک (ڈی سی سی بی) حیدرآباد و رنگاریڈی کےچیئرمین منتخب ہوئے۔بویانی منوہر ریڈی جے بی انفرا گروپ اور بی ایم آر سارتھا کنونشن کےمینیجنگ ڈائرکٹر اور بی ایم آر فاؤنڈیشن کے فاؤنڈر ہیں۔

اس طرح اب حلقہ اسمبلی تانڈور سے بی آر ایس پارٹی امیدوار و موجودہ رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ وہیں بی جے پی نے اب تک ضلع وقار آباد کے ان چاروں اسمبلی حلقہ جات کےلیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔جبکہ بی جے پی کی جانب سے 22 اکتوبر کو 52 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی گئی ہے۔

دوسری جانب حلقہ اسمبلی تانڈور میں کانگریس کی جانب سے امیدوار کے نام کا اعلان نہ کیےجانے کے باعث ایسی اطلاعات زیر گشت تھیں کہ کانگریس اپنے سینئر قائد و سابق رکن اسمبلی میڑچل کچنا گاری لکشماریڈی (کے ایل آر) کو ٹکٹ دے گی انہوں نے انتخابی شیڈول جاری ہونے سے قبل اور بعد میں باقاعدہ تانڈور میں مہم بھی چلائی تھی تاہم اب انہیں مہیشورم حلقہ اسمبلی سے کانگریس نے ٹکٹ دیا ہے۔

بعد ازاں بویانی منوہر ریڈی جنہوں نے گزشتہ ماہ بی آر ایس پارٹی سے استعفیٰ دے کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی کا نام منظر عام پر آیا تھا۔گزشتہ چنددنوں سے بی۔منوہر ریڈی بھی تانڈور میں سرگرم ہوگئے اور کئی بی آر ایس پارٹی قائدین اور کارکنوں نےان کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔وہیں چند مقامی کانگریسی قائدین ناراض نظر آرہے تھے تاہم پارٹی ذرائع کےمطابق اب یہ ناراضگی ختم کرلی گئی ہے۔!