وقارآباد ضلع میں ایک ماہ کے لیے پولیس ایکٹ 30 کا نفاذ
بلاء اجازت جلسے، جلوس، دھرنے اور ریالیوں پر پابندی
وقارآباد : 30۔ستمبر (سحر نیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کے وقارآباد ضلع میں امن و امان کی برقراری کی غرض سے ایک ماہ کے لیے پولیس ایکٹ۔30 نافذ کردیاگیا ہے جس پر یکم اکتوبر تا 31 اکتوبر سختی کے ساتھ عمل ہوگا۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے اس سلسلہ میں آج شام بیان جاری کیاہےکہ ضلع وقارآباد میں امن و امان کی برقراری کی غرض سے پورے ضلع وقارآباد میں ایک ماہ کے لیے پولیس ایکٹ۔30 (1861) نافذ کیا گیا ہے جس پر کل یکم اکتوبر، بروز اتوار سے 31 اکتوبر، بروز منگل تک عمل ہوگا۔اور اس سلسلہ میں آج سرکاری طور پر احکام جاری کر دئیے گئے ہیں۔
ضلع ایس پی مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہاہے کہ پولیس ایکٹ۔30 کے نفاذ کے بعدضلع کے کسی بھی مقام پر پولیس عہدیداروں کی اجازت کے بغیر پورےضلع وقارآباد میں عوام کوکسی بھی قسم کے احتجاج،دھرنے،راستہ روکو احتجاج،ریالیوں،عوامی جلسوں اورجلوسوں پر مکمل طور پر پابندی عائد ہوگی۔اسی طرح ڈے جی ساؤنڈ سسٹم اور لاؤڈ اسپیکرس کے استعمال کے علاوہ تقاریر پر بھی پابندی عائد رہے گی۔
ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی نے انتباہ دیا ہے کہ امن و امان کو مکدر کرنے والوں، سرکاری اور خانگی املاک کو نقصان پہنچانے والوں اور کسی بھی طرح کی قانون کی خلاف ورزی کرنےوالوں کےخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ضلع ایس پی نے سیاسی قائدین، عوامی نمائندوں اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے خواہش کی ہے کہ اس معاملہ میں وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔


