بھوپال کے قریب انڈین ایئر فورس کے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ، 6 فوجیوں کے ساتھ ہیلی کاپٹر کھیت میں بحفاظت اتار لیا گیا

بھوپال کے قریب انڈین ایئرفورس کے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ 
6 فوجیوں کے ساتھ ہیلی کاپٹر کھیت میں بحفاظت اتار لیا گیا

بھوپال : 01۔اکتوبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

انڈین ایئر فورس کےIndiaAirForce# کے ایک ہیلی کاپٹر کو آج اتوار کے دن تکنیکی خرابی کا سامناکرنا پڑا۔جس کے باعث مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے ڈنگریا گاؤں کےقریب ایک کھیت میں فوج کے اس ہیلی کاپٹر کی ایمرجنسی لینڈنگ کروائی گئی۔اس واقعہ کے وقت ہیلی کاپٹر میں 6 فوجی اہلکار سوار تھے۔

انڈین ایئر فورس کے حکام نے میڈیا کو بتایاکہ بھوپال سے چکری تک معمول کے تربیتی مشن کے ALH MK III ہیلی کاپٹر نے بھوپال ہوائی اڈہ سے 50 کلومیٹر دور ڈنگریا ڈیم کےقریب محفوظ لینڈنگ کی،اس ہیلی کاپٹر میں سوار تمام محفوظ ہیں۔ہیلی کاپٹر کو تکنیکی مدد فراہم کی جارہی ہے۔

اس ہیلی کاپٹر کی ایمرجنسی لینڈنگ کےواقعہ کے عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ فوج کا ہیلی کاپٹر ایک کھیت میں ہنگامی لینڈنگ کرنے سے قبل پہلے ڈیم کے گرد چکر لگا رہا تھا۔حکام کے مطابق اس واقعہ میں فوج کا کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا ہے اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 فوجی اہلکار محفوظ ہیں۔حکام نے کہا کہ پائلٹ کی حاضر دماغی کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ حکام کے مطابق، احتیاطی طور پر لینڈنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر معمولی مسائل تھے جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو احتیاطی تدابیر کے طور پر لینڈ کرنے پر مجبور کیا گیا۔

بھوپال کے قریب ایک کھیت میں انڈین ایئر فورس کے اس ہیلی کاپٹر کی بحفاظت لینڈنگ کے بعد اس نظارے کو دیکھنے کے لیے جائے مقام پر بڑی تعداد میں ہجوم جمع ہوگیا تھا۔ 

یاد رہے کہ قبل ازیں انڈین ایئر فورس کے ایک اپاچی ہیلی کاپٹر نے 29 مئی کو مدھیہ پردیش کے بھنڈ میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔ اس وقت حکام نے بتایا تھا کہ پائلٹ نے ہیلی کاپٹر  میں تکنیکی خرابی محسوس کی اور احتیاطی طور پر لینڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں ” 

وقارآباد ضلع میں ایک ماہ کے لیے پولیس ایکٹ 30 کا نفاذ ، بلاء اجازت جلسے، جلوس ، دھرنے اور ریالیوں پر پابندی