ورنگل میں چلتی ٹرین سے اترنے کی کوشش، ریل اور پلیٹ فارم کے درمیان گھسیٹے جانے والی خاتون مسافر کو آر پی ایف کی خاتون کانسٹیبل سونالی نے بچالیا

ورنگل میں چلتی ٹرین سے اترنے کی کوشش، ریل اور پلیٹ فارم کے درمیان
گھسیٹے جانے والی خاتون مسافر کو آر  پی ایف کی خاتون کانسٹیبل سونالی نے بچالیا

حیدرآباد/ورنگل: 11/جون (سحرنیوزڈاٹ کام)

اکثر مسافرین کو دیکھاجاتا ہے کہ وہ پلیٹ فارم پر ٹرین کے رکنے سے قبل ہی اپنی جان کو جوکھم میں ڈال کر ٹرین سے اترنے کی کوشش کرتے ہیں۔کبھی کبھار یہ حرکت اور غیر ذمہ داری خود ان کے لیے اور پلیٹ فارم پر موجود دیگر مسافرین کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

بالخصوص برقعہ اور ساری میں ملبوس خواتین کی جانب سے یہ اقدام موت کو دعوت دینے کے مماثل ہوتا ہے۔گذشتہ دو تین دنوں سے ریلوے پروٹیکشن فورس RPF INDIA# کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان واقعات کے سی سی ٹی وی فوٹیج پوسٹ کیے جارہے ہیں۔اور ٹرین مسافرین سے اپیل کی جارہی ہے کہ ٹرین کے مکمل طور پر پلیٹ فارم پر رکنے کے بعد ہی اطمینان کے ساتھ ٹرین سے اترا جائے۔

ایسے میں ریاست تلنگانہ کے ورنگل ریلوے اسٹیشن کا ایک سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہواہے۔ورنگل ریلوے اسٹیشن کےپلیٹ فارم پر پیش آئے اس واقعہ میں ریلوے پروٹیکشن فورس کی ایک خاتون کانسٹیبل نے بہادری اور انتہائی برق رفتاری کامظاہرہ کرتےہوئے ایک خاتون مسافر کو بچالیا جو چلتی ٹرین سے اترنے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوتے ہوتے رہ گئی۔یہ واقعہ کل ہفتہ کی صبح کی اولین ساعتوں میں 47-2 بجے پیش آیا ہے۔

ورنگل ریلوے اسٹیشن پر پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات ذرائع کے مطابق بھدراچلم سے سکندرآباد جانے والی منوگورو ایکسپریس ٹرین ورنگل ریلوے اسٹیشن پر رکنے ہی والی تھی کہ ایک خاتون مسافر ٹرین سے اترنے کی جلدی میں پھسل کر ٹرین کی بوگی کے دونوں ہینڈلز کو پکڑ کر لٹکنے لگی اور اس کے پیر ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان موجود خالی جگہ پر جھول رہے تھے۔

وہ خاتون مسافر اسی طرح گھسیٹتے ہوئے ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان جھول رہی تھی کہ ورنگل ریلوے اسٹیشن کے اس پلیٹ فارم پر ڈیوٹی پرموجود خاتون آر پی ایف کانسٹیبل”سونالی ایم مولاکے” کی اس خاتون پر نظر پڑ گئی تو فوری وہ دؤڑتی ہوئیں اس خاتون تک پہنچ گئیں اور جھٹکا دے کر اس خاتون کو ٹرین سے چھڑاتے ہوئے خاتون سمیت وہ خود پلیٹ فارم پر گر گئیں۔بعدازاں وہاں موجود افراد ان دونوں کی مدد کے لیے وہاں پہنچ گئے۔اس واقعہ میں لیڈی کانسٹیبل اور خاتون مسافر دونوں محفوظ رہے۔

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/821546379592955

آر پی پی ایف کانسٹیبل سونالی ایم مولاکے کی اس چوکسی،ڈیوٹی کےتئیں ان کی ذمہ داری اور بہادری کےاس مظاہرہ کی ریلوے عہدیداروں،آر پی ایف عہدیداروں کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین جم کر ستائش کر رہے ہیں۔

جبکہ کل گجرات کے وڈودرا ریلوے اسٹیشن پر بھی اسی طرز کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔جہاں چلتی ٹرین میں سوارہونے کی کوشش کرتے ہوئے ایک خاتون ٹرین کی زد میں آ جانے سے اس وقت محفوظ رہی جب ڈیوٹی پر موجود آر پی ایف لیڈی کانسٹیبل انجو یادو نےچلتی ٹرین پرلٹکی ہوئی اس خاتون کو بہادری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے پلیٹ فارم پر کھینچ لیا تھا۔

یاد رہے کہ تین دن قبل پوروا،میدینی پور ریلوے اسٹیشن،مغربی بنگال پر رات کےوقت ڈیوٹی پر موجود ایک آر پی ایف کی ایک بہادر اور بے خوف لیڈی کانسٹیبل کے۔سُمتی K.Sumathi# نے ریلوے پلیٹ فارم سے چھلانگ لگاتے ہوئے ایک شخص کو اس وقت بچالیا تھا جب وہ خودکشی کی غرض سے اپنا سر ٹرین کی پٹری پر رکھ کر لیٹا ہوا تھا۔اس لیڈی کانسٹیبل کی جانب سے فوری اس شخص کو پٹریوں سے گھسیٹ کر اٹھانے کے دو سیکنڈ بعد ہی ایک دندناتی ہوئی سوپر فاسٹ ایکسپریس اسی پٹری سے گزری تھی۔

اس واقعہ کا ویڈیو اور تفصیلات اس لنک پر "

آر پی ایف لیڈی کانسٹیبل کی بروقت چوکسی، سوپر فاسٹ ٹرین آنے سے عین قبل خودکشی کی غرض سے پٹریوں پر لیٹے ہوئے شخص کو بچالیا