حیدرآباد میں چار سالہ طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کا معاملہ
وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا سخت موقف،اسکول کا لائسنس منسوخ
واقعات کو روکنے کے لیے تجاویز،ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل کا اعلان
حیدرآباد: 21۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
جاریہ ہفتہ حیدرآباد کےبنجارہ ہلز،روڈ نمبر 14 میں موجود ڈی اے وی اسکول میں ایک چارسالہ ایل کے جی کی طالبہ کےساتھ درندہ صفت اسکول کے بس ڈرائیور رجنی کمار کی جانب سے دو ماہ سے جنسی زیادتی کے معاملہ نے سارے حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ میں سنسنی پیدا کردی تھی۔
اس سلسلہ میں متاثرہ لڑکی کے والدین،رشتہ داروں اور دیگر طالبات کےسرپرستوں نے اسکول پر احتجاجی دھرنا منظم کیا تھا اور متاثرہ لڑکی کے والدین نے ڈرائیور رجنی کمار کی پٹائی بھی کی تھی۔والدین کی شکایت کے بعد 19 اکتوبر کو بنجارہ ہلز پولیس نے ڈرائیور رجنی کمار اور اسکول کی پرنسپل مادھوی کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعات 264, 376 (A)(B) اورپوکسو ایکٹ کی دفعات 5 اور 6 کےتحت کیس درج کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کرلیا۔
اس معاملہ میں ریاستی محکمہ تعلیمات نے بھی سخت موقف اپنایا ہے۔اور ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے ڈی ای او کو ہدایت دی ہے کہ اس خانگی بی ایس ڈی اے وی اسکول کا لائسنس فوری منسوخ کیا جائے۔اور ساتھ ہی وزیرتعلیم نے ڈی ای او کو ہدایت دی ہے کہ اس اسکول میں زیرتعلیم طلبہ کا تعلیمی سال ضائع نہ ہو اس کے لیے قریبی اسکولوں میں ان کے داخلہ کو یقینی بنایا جائے۔وزیرتعلیم نے کہا ہے کہ اس معاملہ میں طلبہ کے والدین اور سرپرستوں کا اعتماد بحال کرنے اور ترغیب دینے کی مکمل ذمہ داری مقامی ڈی ای او کی ہوگی۔
ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو اس کے لیے کیا کیا اقدامات کیے جانے چاہئیں اس پرمشتمل تجاویز اور سفارشات پرمشتمل رپورٹ تیار کرنے کےلیے سیکریٹری محکمہ تعلیمات تلنگانہ کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔اس کمیٹی میں محکمہ تعلیمات کے اعلیٰ عہدیدار،سیکریٹری محکمہ بہبود خواتین و اطفال،محکمہ پولیس سےخواتین کےتحفظ کےشعبہ کے ڈی آئی جی عہدہ کے عہدیدار شامل کیے جائیں گے۔
ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ یہ کمیٹی ایک ہفتہ میں اپنی رپورٹ حکومت کو تفویض کرے گی۔جس کے بعد اس رپورٹ پر عمل آوری کو یقینی بناتے ہوئے طلبہ کےتحفظ کے اقدامات کو خصوصی طور پر یقینی بنایا جائے گا۔ساتھ ہی وزیر تعلیم نے کہا کہ کئی اسکول انتظامیہ سےمستقبل میں ایسے واقعات کا کہیں بھی اعادہ نہیں ہوگا پرمشتمل مکتوب حاصل کیے جانے کی ضرورت ہے۔

” اس واقعہ سے متعلق تفصیلی رپورٹ اور ویڈیوز اس لنک پر "
حیدرآباد میں چار سالہ طالبہ کی عصمت ریزی کا معاملہ، ڈرائیور اور پرنسپل گرفتار

